زرعی ادویات (Pesticides) پر لکھےمخفف (Abbreviations) الفاظ کی وضاحت:
جب زرعی سٹور سے فصلوں کے لیے کوئی دوائی خریدتے ہیں تو پراڈکٹ کے نام کے ساتھ کچھ مخفف (Abbreviations) الفاظ لکھے ہوتے ہیں مثلا 20% EW, 70%WP, 50%DF وغیرہ۔ بہت سارے کسانوں کو پتہ نہیں ہوگا کہ ان EW,WP,DF یا ایسے دوسرے مخفف الفاظ کا زرعی ادویات کی دنیا میں کیا مطلب ہے۔
اگر ان کا مطلب جاننا چا ہتے ہیں جوکہ آپ کو ضرور جاننا چاہیے تو آگے پڑھتے رہیں۔میری کوشش ہے کہ آسان الفاظ میں سمجھا سکوں۔
1-WP (Wettable Powder)
جس دوائی پر اس کے نام کے ساتھ WP لکھا ہو اس کا مطلب ہوتا ہے Wettable Powder۔ یہ بہت باریک فارم میں پاؤڈرہوتا ہے اور اس میں آپ کو اسے محسوس ہوگا جیسے نمی ہو۔ اس کی حل پذیری زیادہ ہوتی ہے۔اس کو پانی میں حل کر کے فورا سپرے کے لیے استعمال کرلینا چاہیے۔
2- WDG/WG (Water Dispersible Granule)
جس دوائی پر WDG یا WG لکھا ہو اس کا مطلب ہوتا ہے Water Dispersible Granule۔ یہ بھی ہوتا تو پاؤڈر ہے مگر دانے دار ہوتا ہے۔ اس کی خاصیت یہ ہوتی ہے کہ جب پانی میں دالیں تو اس کے دانے خودبخود پانی میں ادھر ادھر بکھریں گے۔اس میں ناحل پذیر اجزاء WP کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں۔
3- WS (water Dispersible Powders for Slurry Seed Treatment)
یہ پاؤڈر سیڈ ٹریٹمنٹ کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔اسے پانی میں حل کر کے استعمال نہیں کیا جاتا بلکہ یہ گارے کی طرح بنا کر استعمال ہوگا۔
4-WT (Water Dispersible Tablets)
یہ بھی WDG یا WG کی طرح خصوصیات کا حامل پراڈکٹ ہوتا ہے فرق صرف یہ ہوتا ہے کہ وہ پاؤڈر جبکہ یہ گولیوں کی شکل میں ہوتا ہے۔
5-DC (Dispersible Concentrates)
اس کی بھی خاصیت WDG یا WG جیسی ہوتی ہیں مگر اس میں فرق یہ ہوتا ہے کہ اس کا محلول اس سے گاڑھا ہوتا ہے۔
6-SC (Suspension Concentrate)
اس میں ایسےاجزاء ہوتے ہیں جو پانی یا تیل میں حل نہیں ہوتے ۔یہ ناحل پذیر اجزاء مائع کی سطح میں بیٹھ بھی نہیں جاتے بلکہ مائع میں لٹکے رہتے ہیں۔
7-OD (Oil-based Suspension Concentrates)
یہ ویسے تو SC کی طرح ہوتی ہیں مگر ان میں ایک اضافہ یہ ہوتا ہے کہ یہ پراڈکٹس پانی سے نہیں بلکہ تیل سے بنی ہوتی ہیں۔ پراڈکٹ کو مائع شکل میں لانے کے لیے کمپنی نے تیل استعمال کیا ہوتا ہے۔
8- DF (Dry Flowable)
یہ بھی پاؤڈر ہوتا ہے جو خصوصیات میں WDG یا WG کی طرح مگر بہہ جانے والا پاؤڈر ہوتا ہے مطلب اس پاؤڈر کی بہہ جانے کی صلاحیت زیادہ ہوتی ہے۔
9-SG (Soluble Granule)
SG ظاہر کرتا ہے کہ پراڈکٹ میں حل پذیر دانے دار پاؤڈر کتنا ہے۔
10-SL (Soluble Liquid)
SL کسی پراڈکٹ میں حل پذیر مائع کی مقدار بتاتا ہے۔ یا یہ کہ یہ پراڈکٹ مائع میں کتنی حل پذیر ہے۔
11- ST (Soluble Tablets)
ST کا مطلب ہوگا کہ یہ گولیاں ہیں اور پانی میں حل پذیر ہیں۔
12- DT (Tablets for Direct Application)
مطلب کہ پراڈکٹ گولیوں کی شکل میں ہے جو براہ راست استعمال ہوں گی۔مثلا چوہے مار گولیاں
13-DP (Dustable Powder)
اس کا مطلب ہوگا کہ پراڈکٹ انتہائی باریک پاؤڈر ہے جو کراپ ڈسٹنگ کرنے کے لیے ہوتا ہے جسے پنجابی میں دھوڑا دینا بھی کہتے ہیں۔
14-DS (Powder for Dry Seed Treatment)
جیسا کہ اس کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ سیڈ ٹریٹمنٹ کے لیے پاؤڈر ہوتا ہے۔
15-SP (Soluble Powder)
SPسے پراڈکٹ میں حل پذیر پاؤڈر کی مقدار ظاہر کی جائے گی۔
16-SS (Soluble Powder for Seed Treatment)
پراڈکٹ پر SS لکھا ہو تو ظاہر کرے گا کہ یہ پانی میں حل پذیر پاؤڈر ہے جو سیڈ ٹریٹمنٹ کے لیے استعمال ہوگا۔
17-EC (Emulsifiable Concentrates)
EC ایک خاص جز کی مقدار ظاہر کرتا ہے ۔یہ جز Surfactant کہلاتا ہے اور سپرے ٹینک کے مائع (پانی) کا سطحی تناؤ کم کر دیتا ہے جس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ سپرے کے قطرے سادہ پانی کی نسبت پودے کے زیادہ حصے پر پھیل جاتے ہیں۔
18-EG (Emulsifiable Granule)
ECکی طرح خصوصیات ہوتی ہیں مگر مائع کی بجائے دانے دار شکل میں ہوتی ہے۔
19- EP (Emulsifiable Powder)
اس کی خاصیت بھی EC کی طرح ہوتی ہے مگر یہ پاؤڈر کی شکل میں ہوتی ہے۔
20-EW (Emulsion, Oil in water)
اس کی خاصیت بھی EC کی طرح ہوتی ہے مگر اس میں Surfactant کے طور پر آئل استعمال کیا گیا ہوتا ہے۔
21-ES (Emulsion for Seed treatment)
یہ EC کی خصوصیات کے ساتھ سیڈ ٹریٹمنٹ کے لیے دوائی ہوتی ہے۔
22-WP-SB
اگر کسی پراڈکٹ پر WP-SB لکھا ہو تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہ Wettable Powder ہے مگر یہ جس لفافے/بیگ میں بند ہے وہ لفافہ/بیگ بھی پانی میں حل پذیر ہے لہذا اسے کھولنے کی ضرورت نہیں ایسے بند ہی پانی میں حل کریں۔ یاد رکھیں یہ حل پذیر بیگ ایک سخت پیکٹ کے اندر ہوتا ہے جسے کھولیں تو اندر سے ایک اور حل پذیر پیکنگ نکلتی ہے۔
23-RB-Bait (Ready for Use)
RB لکھا ہو تو مطلب ہوتا ہے کہ پراڈکٹ استعمال کے لیے تیار ہے آپ کو نہ تو پانی میں ملانی ہے نہ کچھ اور کرنا ہے سوائے استعمال کے۔ بس خریدیں اور طریقہ استعمال کے مطابق استعمال کر دیں۔
آپ کا مخلص
SHAKEEL AKHTAR
(PARC)