(Last Updated On: )
تاریخ تولد : ۱۷ مئی ۱۹۳۹
تاریخ وفات ۶ مئی ۲۰۲۱
شمیم حنفی تھے عہد رواں میں مایۂ ناز
تھا ان کی طرزِ نگارش کا منفرد انداز
شعور فکر و نظرمیں تھی ان کے گیرائی
تھی ان کی نقد و نظر اپنے وقت کی آواز
تھا ان کا عصری ادب میں مقام سب سے بلند
تھی ماورائے زماں ان کے ذہن کی پرواز
کتابیں اُن کی ہیں اردو ادب کا سرمایہ
تھے نظم و نثر میں یکساں وہ صاحبِ اعجاز
ہے ان کے نام کا برِ صغیر میں چرچا
جہانِ اردو میں تھی ان کی معتبر آواز
تھی دلنواز تغزل میں ان کے رعنائی
جو اُن کی ندرتِ فکر و نظر کی ہے غماز
تھا اُن کا رخش قلم تیزگام ہر لحظہ
تھے ہیچ جس کی نظر میں سبھی نشیب و فراز
تھا اُن کے سینے میں اک دردمند دل جس سے
ہے ان کی غزلوں میں عہد رواں کا سوز و گداز
تھے اپنے دور کے بیدار مغز ایک ادیب
یہی تھا عالمی شہرت کا ان کی برقی راز