تاریخ پیداٸش : 10 اگست 1948
تاریخ وفات : 8 ستمبر 2021
بیگ احساس عہد حاضر کے تھےاک روشن ضمیر
شہرہ آفاق سب رس کے تھے وہ فاضل مدیر
تھے وہ دنیاٸے ادب میں مرجع اہل نظر
کام جو وہ کررہے تھے تھا وہ لانا جوٸے شیر
ان کے افسانے ہیں عصری کرب کے آٸینہ دار
اک صحافی بھی تھے اپنے عہد کے وہ بے نظیر
حیدرآبادی ثقافت کے علمبردار تھے
کارناموں سے تھے اپنے نازش بر صغیر
ان کے سینے میں دھڑکتا تھا دل درد آشنا
امن و صلح و آشتی کے تھے جہاں میں وہ سفیر
گلشن اردو میں ان کی ذات تھی مثل بہار
ان کےگلہاٸے مضامیں ہیں نہایت دلپذیر
"حنظل " و " دخمہ " ہیں ان کے فکر و فن کے شاہکار
ان کے ہیں عصری ادب میں جو نقوش بینظیر
متفق اس بات پر ہیں جملہ ارباب نظر
شخصیت میں ان کی تھا اردو نوازی کا خمیر
ان کی افسانہ نگاری سے عیاں ہے روح عصر
اس لٸے تعداد مداحوں کی ہے ان کے کثیر
اردو دنیا ان کی رحلت سے ہے برقی سوگوار
خلد میں ہو ان پہ نازل رحمت رب قدیر