(Last Updated On: )
تاریخ وفات: ۲۷ مئی ۲۰۲۰
چرخِ ادب پہ جلوہ نما مجتبیٰ حسین
تھے شمعِ فکرو فن کی ضیا مجتبیٰ حسین
طنز و مزاح میں نہ تھی جن کی کوئی مثال
اِس صِنف میں تھے سب سے جدا مجتبیٰ حسین
عصری ادب میں اُن کا نمایاں مقام تھا
ہر خاص و عام کی تھے صدا مجتبیٰ حسین
شیرینیئ بیان کی طنز و مزاح میں
ہموار کررہے تھے فضا مجتبیٰ حسین
اردو ادب کو جس پہ ہمیشہ رہے گا ناز
عصری ادب کی تھے وہ نوا مجتبیٰ حسین
گلزار فکروفن کے گُلِ سَرسَبد تھے وہ
کہہ کر گئی ہے بادِ صبا مجتبیٰ حسین
جُبران ناپذیرخسارہ ادب کا ہے
کرکے گئے جو پیدا خلامجتبیٰ حسین
خلدِ بریں میں ان کے مدارج بلند ہوں
ہر شخص کے تھے عقدہ کشا مجتبیٰ حسین
اُن کی نگارشات پڑھیں جان جائیں گے
برقیؔ میں کیا بتاؤں تھے کیا مجتبیٰ حسین