تاریخ وفات: ۱۹ اپریل ۲۰۲۱
ایم اے ذوقی عہد حاضر کے تھے وہ ناول نگار
جن کی تخلیقات ہیں عصری ادب کا شاہکار
ایم اے ذوقی کا تھا معیاری ادیبوں میں شمار
ہر نئی تخلیق کا رہتا تھا سب کو انتظار
ذوقی تھے عصری ادب کی شخصیت اک عبقری
اردودنیا جن کے رحلت سے ہے ہر سو سوگوار
ان کی ادبی شخصیت تھی نازشِ برِصغیر
جتنے دانشور ہیں ان کے غم میں ہیں وہ دلفگار
اُن کی ہر تخلیق ہے آئینۂ نقد و نظر
ابن آدم کا عیاں ہے جس سے ذہنی انتشار
عہد حاضر میں تھے عصری آگہی کے وہ نقیب
درد کا رشتہ ہے اُن کے فکروفن سے آشکار
نبضِ دوراں پر نہایت سخت تھی ان کی گرفت
بحر ذخار ادب کی تھے وہ دُرِ شاہوار
سب کے ہیں ورد زباں اُن کے نقوش جاوداں
گلشن اردو میں ان کی ذات تھی مثلِ بہار
اجتماعی زندگی کے ترجماں تھے اس لئے
عہد حاضر میں تھے وہ ناول نگاری کا وقار
لے لی کورونا وائرس نے آج برقیؔ ان کی جان
جن کے اقصائے جہاں میں قدرداں تھے بیشمار