(Last Updated On: )
روح پرور ڈاکٹر عبرت کا ہے دلکش کلام
شہر بہرائچ کے تھے جو شاعر عالی مقام
تھے وہ اپنے عہد کے اک ماہر فن عروض
ان کی غزلوں میں تھا جس سے فکروفن کا التزام
شہر بہرائچ کے تھے وہ شاعر ہردلعزیز
ان کی ادبی شخصیت تھی مرجع ہر خاص و عام
اپنے حسن خلق سے تھے سب کے منظورِ نظر
دیتے تھے ہر شخص کو مہر و محبت کا پیام
ان کی رحلت سے ہیں بہرائچ کے شعراء سوگوار
تھے وہ ادبی محفلوں میں لایق صد احترام
عمر بھر کرتے رہے وہ شمع اردو ضوفشاں
اردو کی تاریخ میں روشن رہے گا ان کا نام
ان کی غزلوں میں ہے برقی ندرت فکرونظر
تھے کلاسیکی ادب کے عہد حاضر میں امام