نومبر 2022 صرف پاکستانی سیاست میں ہی اہم نہیں، بلکہ اب تو پوری دنیا ہی عنقریب نومبر 2022 کی لپیٹ میں آنے والی ہے، لیکن اُس کی وجہ ہرگز ہرگز پاکستانی سیاست نہیں ہے، بلکہ21 نومبر 2022 کو قطر میں شروع ہونے جا رہا ہے دنیائے فٹبال کا سب سے بڑا ایونٹ بلکہ پورے سپورٹس جَگت کا سب سے بڑا میلہ فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022۔
قطر میں ہونے والا یہ ایونٹ فٹبال ورلڈ کپ کا 22 واں ایڈیشن ہے، یہ ایونٹ ہمیشہ چار سال بعد مئی، جون اور جولائی کے مہینوں میں کھیلا جاتا ہے، لیکن اس دفعہ اس ایونٹ کا انعقاد چونکہ قطر میں ہونا ہے تو قطر کا جون جولائی، اللہ کی پناہ، اس لئے فیفا نے فیصلہ کیا کہ قطر میں ہونے والا یہ ورلڈ کپ ٹھنڈی ہواؤں میں کھیلا جائے، اس لئے اب یہ ٹورنامنٹ پہلی دفعہ سردی کے موسم میں منعقد ہو رہا ہے۔
21 نومبر 2022 سے شروعات ہوگی اس ایونٹ کی اور 18 دسمبر 2022 کو اس کا فائنل کھیلا جائے گا، لوسیل آئی کونیک سٹیڈیم لوسیل میں اور اُس روز قطر کا قومی دن بھی ہوگا، اور یہ یادگار فائنل اور بھی یادگار بن جائے گا۔
ایک بات اور اس ورلڈ کپ کو تھوڑا سا مختصر بھی کیا گیا ہے، پریشان مت ہوں میچز کی تعداد ہرگز کم نہیں کی گئی بلکہ 31 دن میں ختم ہونے والے ایونٹ کو 28 دن میں ختم کیا جائے گا، اس کے لئے گروپ سٹیج کے پہلے دو راؤنڈز کے میچز ایک دن میں چار چار کھیلے جائیں گے، پہلا میچ دوپہر 1 بجے، دوسرا سہہ پہر 4 چار بجے تیسرا میچ شام (سردیوں میں رات ہی ہو جائے گی) 7 بجے اور چوتھا میچ رات 10 بجے کھیلا جایا کرے گا۔
گروپ سٹیج کا آخری راؤنڈ، راؤنڈ آف 16 کے میچز بشمول کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل تک ہر روز دو دو میچز کھیلے جائیں گے اور ان میچز کی ٹائمنگ ہوگی شام 6 بجے اور رات 10 بجے کی۔
تیسری پوزیشن کا میچ 17 دسمبر 2022 کو اور فائنل 18 دسمبر 2022 کو یہ دونوں میچز شام 6 بجے شروع ہونگے۔
قطر براعظم ایشیا کا دوسرا اور عرب ورلڈ کا پہلا مُلک بن گیا ہے جسے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی ملی ہے، اس سے پہلے 2002 میں مشترکہ طور پر ساؤتھ کوریا اور جاپان فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کر چُکے ہیں، جو کہ نہایت ہی شاندار اور بہترین ٹورنامنٹ رہا تھا ہر لحاظ سے۔
یہ اس لحاظ سے بھی یاد رکھے جانے والا ایونٹ ہوگا کہ اس میں آخری دفعہ 32 ٹیموں والا فارمیٹ کھیلتا ہوا نظر آئے گا، کیونکہ 2026 میں ہونے والا ورلڈ کپ جو کہ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جانا ہے اُس میں پہلی دفعہ 48 ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ورلڈ کپ 2022 میں 5 براعظموں سے 5 فٹبال فیڈریشن کی کُل 32 ٹیمیں حصہ لیں گی، ان کی تفصیل کچھ یُوں ہے۔
یوئیفا (UEFA) یورپ کی فٹبال فیڈریشن ۔
یورپ فٹبال کی “ماں” سمجھا جانے والا براعظم ہے اور یورپ کی فٹبال فیڈریشن یوئیفا دنیائے فٹبال کی سب سے بڑی، سب سے مقبول، سب سے مضبوط اور امیر فیڈریشن ہے، یورپ کے 55 ممالک میں سے 13 ممالک اس بار ورلڈ کپ فٹبال میں شرکت کر رہے ہیں، جو کہ مختلف کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر یہاں تک پہنچے ہیں۔
دفاعی چیمپیئن فرانس جو کہ ورلڈ چیمپئین ہونے کے ناطے سیدھا کوالیفائی کر چُکا تھا اس کے علاوہ بیلجئیم، کروشیا، ڈنمارک، انگلینڈ، جرمنی، نیدرلینڈ، پولینڈ، پُرتگال، سربیا، سپین، سوئیزر لینڈ اور ویلز کی ٹیمیں شامل ہیں ورلڈ کپ 2022 میں۔
اے ایف سی (AFC) ایشیا کی فٹبال فیڈریشن۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن، یورپ اور افریقہ کے بعد تیسری بڑی فیڈریشن ہے ممالک کی تعداد کے لحاظ سے۔
ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے 47 ممالک میں سے 6 ممالک اس دفعہ قطر ورلڈ کپ 2022 کا حصہ بننے جا رہے ہیں، قطر چونکہ میزبان ملک ہے اس لئے وہ سیدھا ورلڈ کپ میں پہنچا ہے، باقی 5 ممالک نے کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر اس مہا ایونٹ میں جگہ بنائی ہے اور وہ خوش نصیب ممالک ہیں، آسٹریلیا، ایران، جاپان، سعودی عرب اور ساؤتھ کوریا۔
آپ سوچ رہے ہونگے کہ یہ آسٹریلیا کہاں سے آ گیا ایشیا میں تو عرض یہ ہے کہ براعظم آسٹریلیا میں شاید دو ہی ممالک فٹبال کھیلتے ہیں اور وہ دونوں کوالیفائنگ راؤنڈ ایشیا میں ہی کھیل کر ورلڈ کپ تک پہنچتے ہیں۔
سی اے ایف (CAF) افریقہ کی فٹبال فیڈریشن۔
سی اے ایف، کنفیڈریشن آف افریقن فٹبال، یہ ممالک کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کی دوسری بڑی فٹبال فیڈریشن ہے، افریقہ کے 54 ممالک اس فیڈریشن کا حصہ ہیں۔
افریقہ سے اس بار 5 ممالک ورلڈ کپ 2022 کا حصہ بنے ہیں اور وہ قطر میں اپنا ہُنر آزامائیں گے، اور وہ بہترین فیب 5 ہیں، کیمرون، گھانا، مراکش، سینیگال اور تیونس۔
کونکاکف (CONCACAF) شمالی امریکہ، سنٹرل امریکہ اور کیربین کی فٹبال فیڈریشن ہے۔
کنفیڈریشن آف نارتھ، سنٹرل امریکہ اینڈ کیربین ایسوسی ایشن فٹبال، (CONCACAF) میں شمالی امریکہ، سنٹرل امریکہ اور کیربین جزائر کے 41 ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں، اور اس ورلڈ کپ میں اس فیڈریشن کی چار تگڑی ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر پہنچی ہیں جن میں شامل ہیں، کینیڈا، کوسٹاریکا، میکسیکو اور یونائیٹیڈ سٹیٹ آف امریکہ کی ٹیمیں۔
کونمیبال (CONMEBOL) جنوبی امریکہ کی فٹبال فیڈریشن۔
ساؤتھ امریکن فٹبال کنفیڈریشن، جنوبی امریکہ کی فٹبال فیڈریشن ہے، یہ ممالک کی تعداد کے لحاظ سے اگرچہ سب سے چھوٹی فٹبال فیڈریشن ہے، لیکن یہ دنیائے فٹبال کی دوسری مضبوط ترین اور مقبول ترین فیڈریشن ہے، اس فیڈریشن کو فٹبال کی “باپ” فیڈریشن کہا جائے تو بلکل غلط نہیں ہوگا، کیونکہ اس فیڈریشن کے 10 ممالک نے ریکارڈ 9 بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا ہے، برازیل سب سے زیادہ 5 مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والا ملک اسی فیڈریشن کا حصہ ہے اس کے علاوہ یوراگوئے اور ارجنٹائن جیسی دھانسو ٹیمیں بھی اسی ریجن سے ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیل کر ورلڈ کپ میں پہنچتی ہیں اور یہ دونوں ٹیمیں بھی دو دو بار ورلڈ کپ جیت چُکی ہیں۔
اس بار جنوبی امریکہ کی طرف سے جو چار ممالک ورلڈ کپ میں پہنچے ہیں وہ یہ ہیں، ارجنٹینا، برازیل، ایکواڈور اور یوراگوئے۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میزبان شہر۔
قطر کے پانچ شہروں کے 8 سٹیڈیمز میں 32 ٹیموں کے درمیان 65 میچز کھیلے جانے ہیں، یہ 8 سٹیڈیمز کن کن شہروں میں ہیں، ان سٹیڈیمز میں کتنے تماشائیوں کی گُنجائش ہے اور ان 8 سٹیڈیمز میں کتنے میچز ہونے ہیں آئیے ایک نظر اس پر بھی ڈالتے ہیں۔
لوسیل۔
آئی کونیک سٹیڈیم لوسیل میں سب سے زیادہ 9 میچز کھیلے جانے ہیں، یہ 80 ہزار کی گُنجائش والا فٹبال سٹیڈیم قطر کا سب سے بڑا سٹیڈیم ہے، جس کا افتتاح 2022 میں ہی ہوا ہے۔
اس میدان میں گروپ سٹیج کے 5 میچز، ایک راؤنڈ آف 16 کا میچ، ایک کوارٹر فائنل، ایک سیمی فائنل اور فائنل میچ بھی اسی میدان میں کھیلا جانا ہے۔
الخور۔
البیت سٹیڈیم الخور میں 60 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گُنجائش ہے، 2021 میں تعمیر ہوا یہ سٹیڈیم قطر کا دوسرا بڑا سٹیڈیم ہے، اس سٹیڈیم میں اوپننگ میچ کو ملا کر 8 میچز کھیلے جانے ہیں۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز، ایک راؤنڈ آف 16 کا میچ، ایک کوارٹر فائنل اور ایک سیمی فائنل۔
الوکرہ۔
الجنوب سٹیڈیم الوکرہ میں 40 ہزار کے لگ بھگ تماشائی بیٹھ سکتے ہیں، 2019 میں اس میدان کا افتتاح ہوا، اس میدان 6 میچز کھیلے جانے ہیں۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز اور ایک راؤنڈ آف 16 کا میچ۔
الریان۔
2020 میں تکمیل پانے والا یہ میدان احمد بن علی سٹیڈیم الریان کہلاتا ہے، اس میں 40 ہزار تماشائی بیک وقت بیٹھ کر میچ سے لُطف اندوز ہو سکتے ہیں، اس میدان میں بھی 6 میچز کھیلے جانے ہیں۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز اور ایک میچ راؤنڈ آف 16 کا بھی اسی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
باقی چاروں سٹیڈیم دوہا میں ہیں۔
خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم دوہا۔
اس میدان میں بھی 40 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، یہ قطر کا سب سے پُرانا سٹیڈیم ہے، 1976 میں اس سٹیڈیم کا افتتاح ہوا، اس میدان میں 7 میچز کھیلے جانے ہیں۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز، ایک میچ راؤنڈ آف 16 کا اور ایک میچ تیسری پوزیشن کے لئے جو کھیلا جانا ہے وہ بھی خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم دوہا۔
2020 میں پایہ تکمیل پانے والا یہ سٹیڈیم بھی 40 ہزار تماشائیوں کو اپنی بانہوں میں سمیٹ سکتا ہے، 7 میچز کی میزبانی ملی ہے اس سٹیڈیم کو۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز، ایک راؤنڈ آف 16 کا میچ اور ایک کوارٹر فائنل میچ اس میدان کے حصے میں آیا ہے۔
سٹیڈیم 974 دوہا۔
40 ہزار تماشائیوں کی گُنجائش والا یہ خوبصورت سٹیڈیم 2021 میں مکمل ہوا، اس میدان میں 6 میچز کھیلے جانے ہیں۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز اور ایک میچ راؤنڈ آف 16 کا۔
ال تُھماما سٹیڈیم دوہا۔
یہ سٹیڈیم بھی 2021 میں مکمل ہوا، اور اس سٹیڈیم میں بھی لگ بھگ 40 ہزار تماشائی بیٹھ کر میچ کا لُطف اُٹھا سکتے ہیں، اس سٹیڈیم کو بھی 7 میچز کی میزبانی ملی ہے۔
گروپ سٹیج کے 5 میچز، ایک راؤنڈ آف 16 کا میچ اور ایک کوارٹر فائنل بھی اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔
قطر نے اس ورلڈ کپ کے لئے 7 نئے سٹیڈیم تعمیر کئے ہیں اور ایک سٹیڈیم کی دوبارہ سے تزین و آرائش کی ہے، یہ سارے سٹیڈیم نہایت ہی خوب صورت اور جدید ہیں۔
ورلڈ کپ کے چند ریکارڈز۔
ورلڈ کپ جیتنے والے ممالک۔
اب تک صرف 8 ممالک ہی فٹبال کا ورلڈ کپ جیت سکے ہیں، برازیل نے ریکارڈ 5 مرتبہ ورلڈ کپ جیتا، جرمنی اور اٹلی نے چار چار مرتبہ یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے، یوراگوئے، فرانس اور ارجنٹینا نے دو دو بار یہ اعزاز اپنے نام کیا، انگلینڈ اور سپین بھی ایک ایک مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔
ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے ممالک۔
برازیل۔
برازیل وہ واحد مُلک ہے جو سبھی ورلڈ کپس ٹورنامنٹ کا حصہ رہا، اور ریکارڈ 5 مرتبہ برازیل نے ورلڈ کپ چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا، 21 ورلڈ کپس کے 109 مقابلوں میں برازیل نے 73 میچز جیتے، 18 ہارے اور 18 ہی ڈرا کھیلے، ان 109 میچوں میں برازیل نے 229 گول سکور کئے۔
انفرادی اعزازات۔
برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ تین بار ورلڈ کپ چیمپئین ٹیم کا حصہ تھے، اس کے علاوہ برازیل کے رونالڈو نے ورلڈ کپ مقابلوں میں 15 گول سکور کئے جو کسی بھی پلئیر کی دوسری بہترین پرفارمینس ہے ورلڈ کپ میں گول سکور کرنے کی۔
جرمنی۔
جرمنی نے 19 ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کھیل کر ریکارڈ 4 مرتبہ ورلڈ چیمپئین بننے کا اعزاز حاصل کیا، اور ان 19 ورلڈ کپس کے 109 میچز میں 67 میچ جیتے، 22 ہارے اور 20 میچز ڈرا کھیلے، ان 109 میچز میں جرمنی نے 226 گول سکور کئے، جو برازیل کے بعد دوسری بہترین کارکردگی ہے۔
انفرادی اعزازات۔
جرمنی کے سابقہ سٹرائیکر میرو سلو کلوزے ورلڈ کپ کے ہائی ایسٹ گول سکورر ہیں، کلوزے نے 16 گول سکور کئے ورلڈ کپ مقابلوں میں، جو آج تک ریکارڈ ہے، جرمنی ہی کے سابقہ فٹبالر گریڈ مولر 14 گول سکور کر کے اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
جرمنی کہ سابقہ فٹبالر لوتھر میتھائس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اُنہوں نے ریکارڈ 5 ورلڈ کپس میں حصہ لیا، یہ اعزاز دو اور میکسیکن پلئیرز کو بھی حاصل ہے انتونیو اور رافیل مارکیز نے بھی لگاتار 5 ورلڈ کپ کھیلے، لیکن لوتھر میتھائس نے ریکارڈ 25 مقابلوں میں جرمنی کی نمائندگی کی جو ایک منفرد ریکارڈ ہے۔
اٹلی۔
اٹلی حالیہ برسوں میں تھوڑا بدقسمت ثابت ہوا، اس سال یوروپین کپ جیتنے کے باوجود اٹلی کی ٹیم ورلڈ کپ میں کوالیفائی نہیں کر سکی، 2014 میں بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال تھی اٹلی کے ساتھ۔
اٹلی نے 21 میں سے 18 ورلڈ کپ کھیلے اور 4 جیتے، ان 18 ورلڈ کپس کے 83 میچوں میں اٹلی نے 45 جیتے، 17 ہارے اور 21 ڈرا کھیلے۔
ان 83 میچوں میں اٹلی نے 128 گول سکور کئے۔
ارجنٹینا۔
ارجنٹینا نے 21 میں سے 17 ورلڈ کپ کھیلے اور ان 17 ورلڈ کپس میں 2 مرتبہ ارجنٹینا ورلڈ چیمپئین بنا۔
ان 17 ورلڈ کپس کے 81 میچز میں سے 43 جیتے ارجنٹینا نے، 23 ہارے اور 15 میچز ڈرا کھیلے۔
ان 81 میچز میں ارجنٹینا نے 137 گول سکور کئے۔
فرانس۔
15 ورلڈ کپ کھیلنے والا فرانس بھی 2 مرتبہ ورلڈ چیمپئین بنا ہے، فرانس نے ان 15 ورلڈ کپس میں 66 میچز کھیلے، 34 جیتے، 19 ہارے اور 13 ڈرا کھیلے، ان 66 میچز میں فرانس نے 120 گول سکور کئے۔
انفرادی اعزاز۔
فرانس کے ایک سابقہ فٹبالر لوئیس فونٹینے کو ایک منفرد اعزاز حاصل ہے، لوئیس فونٹینے نے 1958 کے ورلڈ کپ کے صرف 6 میچز میں 13 گول سکور کئے تھے، جو کسی بھی سِنگل ایڈیشن میں کئے جانے والے سب سے زیادہ گول ہیں، بلکہ آل ٹائم ورلڈ کپ ہائی ایسٹ گول سکورنگ لِسٹ میں لوئیس فونٹینے چوتھے نمبر پر ہیں، اور یہ 13 گول اُنہوں نے صرف ایک ورلڈ کھیل کر بنائے تھے۔
ورلڈ کپ کے اور بھی بہت سارے ریکارڈز ہیں لیکن فی الحال یہیں پر ختم کرتے ہیں اور اگلی نشست میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے تمام گروپس کی تمام ٹیموں پر تفصیلی بات کریں گے اور شروعات کریں گے گروپ اے سے۔
تب تک کے لئے اجازت۔ ۔۔
ڈاکٹر شہباز ملک پہلا پنجابی پی ایچ ڈی
ڈاکٹر شہباز ملک پنجابی زبان و ادب کی دنیا میں ایک مشہور و معروف نام ہیں۔ وہ پاکستان میں پنجابی...