آج صبح اپنے ایک سابقہ ملازم بابا جی کی خیر خیریت لینے جهمره روڈ پر ایک گاؤں میں اُنکے گهر پہنچا _
ایک کمره , بغیر چار دیواری اور واش روم , تقریبا ڈیڑھ مرلہ کا گهر تها _اندر کمرے میں موجود چار نابالغ بچوں کے ماں باپ , بابا جی اور اُنکی بیگم میری آواز پر باہر آئے _
دور دور سے ہی حالات کا جائزه لیا _ اُن کے کمرے باہر لگا مٹی کا چولہا بتا رہا تها کہ پچهلے چند دن سے اِس میں آگ نہیں جلی , دور پڑی دیگچی کے تلوے پر لگی چمکدار مٹی سے پتا چل رہا تها کہ حال میں دیگچی کو استعمال نہیں کیا گیا , سبهی افراد خانہ کے چہروں پر بهوک اور کم خوراکی کی کہانی لکهی تهی _ باہر کهڑی اُن کی بیٹی سے پوچها کہ بیٹا رات کیا کهایا اور پهر صبح کیا کهایا تو میرے سامنے وه ہنس کر بولی کہ انکل جی بہت کچھ کهایا لیکن اندر کمرے میں جا کر باره تیره سال کی وه بچی رونے لگ گئ _ مزید پتا چلا کہ حکومت کی طرف سے دی گئ امداد سدا کے بیمار اُنکے چهوٹے بیٹے کے علاج پر لگ چکی ہے _
میں بهی بچوں والا ہوں _ بابا جی کے حالات محسوس کر کہ اتنا دکهی هوا کہ واپسی پر میرے سے کار نہیں چلائ جا رہی تهی _
اِس صورت حال میں گهر پہنچتے ہی تینوں بیٹوں کو بلا کر میٹنگ کی اور میٹنگ میں ہم چاروں باپ بیٹوں نے آئنده تین ماه کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ:-
روزانہ لیا جانیوالا پانچ کلو دودھ کم کر کہ آج سے تین کلو لیا جائے گا _ دو کلو اماں جی کا اور ایک کلو ہم چاروں باپ بیٹوں کا _
پہلے آدھ کلو گوشت یا ایک کلو سبزی کی ہانڈی بنتی ہے , آئنده پاؤ گوشت اور یا آدھ کلو سبزی کا استعمال ہو گا _
فروٹ کا استعمال ہفتہ میں ایک بار اور یا بالکل ختم کر دیا گیا _
اس عید پر گهر میں کسی کے بهی نئے جوتے یا کپڑے نہیں خریدے جائیں گے _
تینوں بیٹوں کی خواہش پر اُن کا جیب خرچ کم از کم اور یا بالکل ختم ہو گا _
پٹرول کی بچت اور صحت خاطر شہر کے اندر تک صرف سائیکل استعمال ہوا کرے گا _بائیک یا کار نہیں چلے گی _
گهر میں نان سٹاپ چلنے والے سات پنکهوں میں سے دو کو سوئچ سے کاٹ کر مستقل ہی بند کر دیا _ آینده چار یا پانچ پنکهے چلا کر بجلی کی بچت کی جائے گی _
مزید جس طرح بهی ممکن ہو , کفایت شعاری کی جائے گی _
حساب یہ لگایا کہ ان تمام پابندیوں پر عمل درآمد کے بعد میرے گهر میں پندره تا بیس ہزار کی ماہانہ بچت ہو گی جس سے دو ضرورت مند گهروں کے ماہانہ راشن کا باآسانی انتظام ہو سکتا ہے _
نیک نیتی سے سمجهتا ہوں کہ بهوک اور بے روزگاری کی موجوده صورت حال میں اب بهی اگر میں راه راست پر نا آ سکوں تو مجهے اپنے گهر پر آسمان سے پتهر برسنے کا انتظار کرنا چاہیے _ ؟