(Last Updated On: )
آج – 30؍نومبر 1920
اردو کے ممتاز، مصنف، محقق، ادیب اور معروف شاعر ”مولانا عامرؔ عثمانی صاحب“ کا یومِ ولادت…
عامرؔ عثمانی، نام امین الرحمٰن اور تخلص عامرؔ تھا۔ 30؍نومبر 1920ء کو ہردوئی میں پیدا ہوئے۔ والد کا نام مطلوب الرحمن تھا جو انجنیر تھے۔ آبائی وطن دیوبند تھا، پوری تعلیم دارالعلوم دیوبند سے حاصل کی، فارغ التحصیل ہونے کے بعد پتنگیں بنا کر بیچنے لگے، ایک عرصے تک اس کام سے جڑے رہے، لیکن اس سے ضروریات پوری نہیں ہوتی تھیں، اس لئے شیشے پر لکھنے کی مشق کرنے لگے اور اس میں وہ مہارت حاصل کی کہ اچھے اچھوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ مولانا کے مشہور ماہنامہ “تجلی” کے اکثر سرورق خود مولانا نے بنائے ہیں۔ اس کے بعد مولانا پر وہ دور بھی آیا کہ ان کا قلم ممبئی کی گندی فلم نگری کی طرف مڑ گیا، مگر یہ دنیا مولانا کی طبیعت سے میل نہیں کھاتی تھی اور والد مرحوم نے یہ بھی کہہ دیا کہ فلم سے کمایا ہوا ایک پیسہ بھی میں نہیں لوں گا۔ اسی لئے جلد ہی مولانا دیوبند لوٹ گئے۔ ذریعۂ معاش کے طور پر ماہنامہ “تجلی” کا اجراء کیا۔ ماہنامہ “تجلی” کا اجراء 1949ء میں کیا گیا جو مولانا کی وفات تک یعنی 25 سال تک مسلسل بلا کسی انقطاع کے شائع ہوتا رہا۔ حالات و آزمائشوں کے باوجود اس رسالے نے علمی و ادبی دنیا میں بہت کم مدت میں خوب شہرت حاصل کی، منظر عام پر آتے ہی ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا تھا، اس کے سلسلہ مضامین کا اہل علم و ذوق شدت سے انتظار کرتے تھے۔
مولانا عامرؔ عثمانی شاعر کی حیثیت سے ادبی دنیا میں شہرت حاصل کر چکے تھے۔ مرض الموت میں جب انہیں ڈاکٹروں نے چلنے پھرنے سے منع کر دیا۔ سفر کی سخت ممانعت تھی۔ مگر شاید مولانا کو اس بات کا احساس ہو گیا تھا کہ یہ ان کا آخری سفر ہے۔ پونے کے ایک مشاعرے میں شرکت کے لئے مولانا نے پونے کا طویل سفر اختیار کیا۔ اور اپنی مشہور نظم ’’جنہیں سحر نگل گئی وہ خواب ڈھونڈتا ہوں میں‘‘ سنانے کے دس منٹ بعد ہی 12؍اپریل 1975ء کو جہان فانی سے کوچ کر گئے۔
🌹✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
🌹🎊 ممتاز شاعر مولانا عامؔر عثمانی کے یوم ولادت پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت… 🎊🌹
نہ سکت ہے ضبطِ غم کی نہ مجال اشکباری
یہ عجیب کیفیت ہے نہ سکوں نہ بے قراری
ترا ایک ہی ستم ہے ترے ہر کرم پہ بھاری
غمِ دو جہاں سے دے دی مجھے تو نے رستگاری
مری زندگی کا حاصل ترے غم کی پاسداری
ترے غم کی آبرو ہے مجھے ہر خوشی سے پیاری
یہ قدم قدم بلائیں یہ سواد کوئے جاناں
وہ یہیں سے لوٹ جائے جسے زندگی ہو پیاری
ترے جاں نواز وعدے مجھے کیا فریب دیتے
ترے کام آ گئی ہے مری زود اعتباری
مری رات منتظر ہے کسی اور صبح نو کی
یہ سحر تجھے مبارک جو ہے ظلمتوں کی ماری
❀◐┉═════ ✺✺═════┉◐❀
عشق کے مراحل میں وہ بھی وقت آتا ہے
آفتیں برستی ہیں دل سکون پاتا ہے
آزمائشیں اے دل سخت ہی سہی لیکن
یہ نصیب کیا کم ہے کوئی آزماتا ہے
عمر جتنی بڑھتی ہے اور گھٹتی جاتی ہے
سانس جو بھی آتا ہے لاش بن کے جاتا ہے
آبلوں کا شکوہ کیا ٹھوکروں کا غم کیسا
آدمی محبت میں سب کو بھول جاتا ہے
کارزار ہستی میں عز و جاہ کی دولت
بھیک بھی نہیں ملتی آدمی کماتا ہے
اپنی قبر میں تنہا آج تک گیا ہے کون
دفتر عمل عامرؔ ساتھ ساتھ جاتا ہے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
🍁 مولانا عامؔر عثمانی🍁
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ