آج – 30؍جنوری 2001
اردو اور پنجابی کے شاعر و مصنف” عارفؔ عبدالمتین صاحب “ کا یومِ وفات…
نام عبدالمتین اور عارفؔ تخلص تھا۔ یکم؍مارچ ۱۹۲۳ء کو کوچہ وکیلاں، کڑہ جمیل سنگھ، امرتسر میں پیدا ہوئے ۔ آپ نے ایم اے تک تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ ایم اے او کالج، لاہور میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر ۱۹۸۳ء میں ریٹائر ہوئے۔ شاعری اور تنقید دونوں سے آپ کو شغف رہا ہے۔ادب لطیف،سویرا، جاوید، اور اوراق کے شعبہ ادارت سے منسلک رہے۔ آپ اردو کے علاوہ پنجابی میں بھی شاعری اور تنقید نگاری کرتے تھے۔ آپ کے شعری اور تنقیدی مجموعوں کے نام یہ ہیں، دیدہ و دل، موج در موج، آتش سیال، صلیب غم، سفر کی عطا، دریچے اور صحرا، بے مثال چراغ کا گھاؤ، حرف دعا، امکانات (تنقیدی مضامین)۔ ۳۰؍جنوری ۲۰۰۱ء کو امریکا میں انتقال کرگئے۔
اعزاز: صدارتی تمغا برائے حسن کارکردگی۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:146
✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
معروف شاعر عارفؔ عبدالمتین کے یومِ وفات پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت…
چھپائے دل میں ہم اکثر تری طلب بھی چلے
کبھی کبھی ترے ہم راہِ بے سبب بھی چلے
نمودِ گل کے کرشمے سدا جلو میں رہے
نسیم بن کے چلے ہم چمن میں جب بھی چلے
جلاؤ خونِ شہیداں سے ارتقا کے چراغ
یہ رسم چلتی رہی ہے یہ رسم اب بھی چلے
سنا ہے جادۂ نوردانِ صبح کے ہم راہ
بہ فیض وقت کئی رہروان شب بھی چلے
ہے شور شبنم آسودگی کے دوش بدوش
گل آج لے کے کہیں شعلۂ غضب بھی چلے
کسی کا حکم زبان بندیٔ جنوں بھی چلا
کسی کے قصے سخن بن کے زیرِ لب بھی چلے
ہمیں نے ساغرِ غم منتخب کیا عارفؔ
وگرنہ بزم میں کچھ ساغرِ طرب بھی چلے
●━─┄━─┄═•✺❀✺•═┄─━─━━●
میں جس کو راہ دکھاؤں وہی ہٹائے مجھے
میں نقشِ پا ہوں کوئی خاک سے اٹھائے مجھے
مہک اٹھے گی فضا میرے تن کی خوشبو سے
میں عود ہوں کبھی آ کر کوئی جلائے مجھے
چراغ ہوں تو فقط طاق کیوں مقدر ہو
کوئی زمانے کے دریا میں بھی بہائے مجھے
میں مشتِ خاک ہوں صحرا مری تمنا ہے
ہوائے تیز کسی طور سے اڑائے مجھے
اگر مرا ہے تو اترے کبھی مرے گھر میں
وہ چاند بن کے نہ یوں دور سے لبھائے مجھے
وہ آئینے کی طرح میرے سامنے آئے
مجھے نہیں تو مرا عکس ہی دکھائے مجھے
امنڈتی یادوں کے آشوب سے میں واقف ہوں
خدا کرے کسی صورت وہ بھول جائے مجھے
وفا نگاہ کی طالب ہے امتحاں کی نہیں
وہ میری روح میں جھانکے نہ آزمائے مجھے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
عارفؔ عبدالمتین
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ