(Last Updated On: )
آج بھی وہی خبریں تھیں ۔ بوڑھے غفور شاہ نے اخبار کو آنکھوں کے سامنے سے ہٹایا اور کان سے چشمے کی ڈوری کاپیچ کھول کر اُسے محراب میں رکھ دیا تو سامنے بیٹھے ہوئے شفیع ڈار کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئیں اور اُس نے تعجب سے اُن کی طرف دیکھا ، ’’ آزبوز نا ایوانہ کھبری ؟ ‘‘ (کیا آج خبریں نہیں سنائیںگے ؟ )
’’ کیا سناؤں۔۔۔ ہر روز ایک جیسی ہی خبریں آتی ہیں ،اُتر میں بسے شہر میں فساد ہو گیا ، ہماری وادی سے قریب کے شہر میں چلتی ٹرین میں ایک لڑکی کی آبرو لوٹی گئی،ملک کے چار غدار پکڑے گئے جن کا تعلق برسرِ اقتدار پارٹی سے ہے ۔ دیگر ریاستوں میںموجود دیہاتوں میں کسان خود کشی کر رہے ہیں ۔ رہی ہماری ریاست کی بات تو وہی سب کچھ ہے ، یعنی ہو رہا کچھ اور ہے اور میڈیا لکھ رہا کچھ اورہے ‘‘ اُنھوں نے اخبار کو غصے سے چولا مولا کرکے دروازے سے باہر پھینک دیا ،’’ شفیع ڈار آج سے میں اب اخبار بھی نہیں پڑھوں گا ۔ ‘‘
’’ توہے چھو برنوکالے ٹی۔ وی واچُن تر مت ۔ ‘‘ ( آپ نے پہلے ہی ٹی۔ وی دیکھنا بھی بند کر دیا ۔ )
’’ ہاں ۔۔۔ ! ‘‘ غفور شاہ نے ایک لمبی سانس لی ، ’’اُس میں بھی کیا دکھایا جاتا ہے ؟ پروپیگنڈہ۔۔۔ جھوٹے اشتہارات ۔۔۔ اور وزراء کے غیر ملکی سفر کی تفصیلات ۔۔۔یا پھر کسی بے بنیاد خبرکی اسٹوڈیومیں بنائی گئی جھوٹی جھلکیاں ۔۔۔‘‘ وہ زمین کو گھورنے لگے ، ’’ کیا ریاست تھی ہماری ،جنت نشان ، زعفران کی خوشبووں میں بسی ہوئی، تا حد نظر سبز مخملیں دوب ، اور اُس پر کہیں کہیں برف کے ٹکڑے ، جیسے سفید سفیدپھول مسکرا رہے ہوں ، بادام کی ڈالیوں پر ہرے ہرے بادام پکھراج کی مانند جھلملا رہے ہوں، جھیلوں میں خوب صورت شکارے ڈولتے ہوئے ،پیار و محبت کے نغمے گنگناتی لڑکیاں، دکھ درد میں ساتھ اُٹھتے قدم ،بھیڑوں کی آوازوں سے گونجتی وادیاں،تب بندوقوں سے گولیوں نہیں جروالوکے پیڑوں پر پھول کھلتے تھے ۔ ۔۔۔آہ۔۔۔اب تو یہ سب جیسے ایک خواب ہی ہوکر رہ گیا ہے ۔۔۔، اُنھوں نے جھکی ہوئی گردن اُٹھائی،شفیع ڈار کی طرف دیکھا، ’’ بھائی روز روز ایک جیسی خبروں کوکیا پڑھنا، اب تو بنا اخبار پڑھے بھی میں بتا سکتا ہوں کہ کیا ہو رہا ہے، اور تمہارے دماغ میں بھی وہ سب کچھ روشن ہو جائے گا جو میں نے کہا بھی نہیں ۔ ‘‘
’’ لیکن کب تک ایسا ہوتا رہے گا ؟ ‘‘ شفیع ڈار نے افسوس بھرے لہجے میں کہنا شروع کیا ، ’’ کبھی شک میں گرفتاریاں، آئے دن بند کا اعلان ، کبھی انکاونٹر ، کبھی گھروں کی تلاشیاں،اسکول کالج بند،ہم لوگ تو دوہری مصیبتوں کے شکار ہیں ۔وہ بھی ہم پر ہی بندوق اُٹھاتے ہیں اور یہ بھی ،کوئی یہ نہیں سوچتا کہ ایسے حالات میں ہم کیسے جی رہے ہیں ۔بستی میں روزگار کی کوئی سہولت نہیں ۔ اور ۔۔۔۔ ‘‘ ابھی وہ کچھ اور کہنا ہی چاہتے تھے کہ ٹھیک اُسی وقت گھبرائی ہوئی غفور شاہ کی بیٹی زور سے دروازے کو کھولتی ہوئی داخل ہوئی، اور اُس نے جلدی سے دروازہ بند کیا اور دیوار سے لگ کر کھڑی ہوگئی۔اُس کی سانسیں تیز تیز چل رہی تھیں۔
’’ کیا ہوا ریشم ۔۔۔؟ اس قدر گھبرائی سی کیوں ہے ؟ ‘‘ بیٹھک میں سے غفور شاہ کی آواز اُبھری اور د ونوں بوڑھے اُسے حیرت سے دیکھنے لگے تھے ۔
اُس کی سانسیںاُسی طرح چل رہی تھیں۔ اُس نے ہاتھ سے اشارہ کیا ، گویا اپنی سانسوں پر قابو پانا چاہتی تھی ،اُس نے آنکھیں بندکر لیں،تو دماغ میں وہی منظراُبھر آیا۔ وہ ایک اونچے ٹیلے پر کھڑی قدرتی مناظر کا لطف اُٹھا رہی تھی ۔ تا حد ِ نظر پہاڑی سلسلہ پھیلا ہوا تھا ، سورج کی کرنوں کی وجہ سے وہ رنگ برنگے محسوس ہو رہے تھے ، اُن کے اوپر برف کی جیسے گوٹ ٹکی ہوئی تھی شاہ بلوط کے اونچے اونچے درخت برف کے ہیرے موتیوں سے سجے ہوئے تھے ،بیچ بیچ میںچنار کے درختو ںکے بڑے بڑے پتوں پر سورج کی کرنیں ناچ رہی تھی ۔ اُن کے بالکل پائنتی ندی ،گنگناتے ہوئے بہہ رہی تھی ۔ دور پلیاکو گود میں اُٹھائے کچی پکی سڑک بھی دکھائی دے رہی تھی ۔ اُسی وقت اُس نے کالی بیری اور اُودی بیری کی گھنی جھاڑیوں میں کسی کی ہلچل کو محسوس کیا تھا ، خوف کسی بجلی کی طرح اُس کے پور جسم دوڑ گیا اور بے ساختہ اس کی نظریں پلیا کی طرف اُٹھیں اور وہ بے تحاشہ بلندی سے ترائی کی طرف دوڑی تب ہی قریب کے اناروں کے باغ سے لال تاج اور لاجوردی پروں والے پرندے نے اُڑان بھری ۔۔۔شُراتری تو ں۔۔شراتری توں ۔۔۔ کی آوازوں سے جنگل گونج اُٹھا ، اورریشم کو محسوس ہوا گویا وہ آگاہ کر رہا ہو کہ ۔۔۔ ذرا اپنی فکر کرتو ۔۔۔ ذرا اپنی فکر کر تو ۔۔۔۔
اور وہ کسی طرح گھر پہنچ گئی ، اُس نے آنکھیں کھولیں اور جلدی جلدی سیڑھیاں چڑھتی ہوئی بیٹھک میں قدم رکھا ہی تھا کہ کہنا شروع کیا ، ’’ با با اس طرف ملٹری کی لاریاں آرہی ہیں ۔‘‘
غفور شاہ نے بیٹی کی طرف لاپرواہی سے دیکھا ، ’’ بیٹی یہ اب نئی بات تو رہی نہیں ۔‘‘ وہ اپنی جگہ سے اُٹھے، ’’ پتہ نہیں کیا مصیبت آنے والی ہے ‘‘ انھوں نے شفیع ڈار کی جانب دیکھا ،’’ بھائی تم بھی اپنے گھر کی راہ لو ۔۔۔‘‘ ایک لمبی سانس اُن کے منہ سے نکلی، ’’ اب تو ان باتوں کے عادی ہو چکے ہیں ۔ ‘‘ وہ ریشم کی طرف متوجہ ہوئے اوراُس کی زبان سے نکلا،’’ بابا ۔۔۔ بات صرف ملٹری کی لاریوں کی نہیں ہے ۔‘‘
غفور شاہ کی آنکھیں تن گئیںاور اُنھوں نے آنکھوں ہی سے سوال کیا تو وہ بتانے لگی، ’’ میں نے اُدھر گھنی جھاڑیوں میں کسی کو دیکھا ہے ۔میں ڈھلان سے شاہ بلوط اور ساگوانوں کے درختوں کے بیچ سے دوڑتے ہوئے یہاں تک کیسے پہنچی میرا دل ہی جانتا ہے۔۔۔ ‘‘ اچانک اس کی نگاہیں دروازے پر پڑیں، ’’ چاچا کب چلے گئے ۔۔۔؟ ‘‘
باپ کے جواب کا انتظار کیے بنا وہ دروازے کی طرف لپکی اور دروازہ بند ہی کر رہی تھی کہ کسی نے پوری طاقت سے دروازے کے پٹوں کو اندر کی جانب دھکیلا اور وہ نیچے گرپڑی اور تکلیف سے بھری ہوئی ایک کراہ اُس کے منہ سے بلند ہوئی ۔غفور شاہ نے جیسے ہی قدم بیٹی کی طرف بڑھایا ،دروازے سے ایک مشین گن بردار نوجوان داخل ہوا ، اور اُس نے پھرتی سے دروازے کو بندکیا اورباپ بیٹی کی طرف گن کی نال اُٹھاتے ہوئے حکم دیا ، ’’ اپنی زبان بند رکھو۔۔ ۔ میں تو مارا ہی جاؤں گا ۔۔۔ لیکن اس سے پہلے تمھیں بھی ۔۔۔ ‘‘ وہ دونوں ہی خوف زدہ نظروں سے اُس کی طرف دیکھنے لگے۔ غفور شاہ نے بیٹی کو کندھے سے پکڑھ کر اُٹھایا۔ نوجوان نے پھر ایک بار اُنھیں بندوق کی نال سے اشارہ کیا کہ وہ بیٹھک کی طرف چلیں ۔
اور پھر وہ دونوں کے پیچھے پیچھے زینہ چڑھنے لگا ۔۔۔۔
غفور شاہ کا مکان پہاڑی کے دامن میں ایک اونچے سے ٹیلے پر بنا ہوا تھا ۔ صدر دوروازے میں داخل ہوتے ہی صحن میں خوب صورت پھولوں کی کیاریاں تھیں ۔ اُن کے پیچھے سیب کے کچھ درخت تھے۔ چھوٹی سی راہداری کے سامنے لکڑی کی سیڑھیاں تھیں جو آنے والے کو بیٹھک میں پہنچاتی تھیں ۔بیٹھک بہت زیادہ کشادہ نہیں تھی۔ اُس میں ایک پرانی قالین بچھی تھی دیواروں پر تغرے آویزاں تھے ۔
شمال کی جانب ایک بڑی سی کھڑکی تھی ۔جس کے سامنے کھڑے رہ کر نیچے پھیلی ہوئی بستی کو دیکھا جا سکتا تھا۔بیٹھک کا اندورونی دروازہ مکان کے دوسرے حصوں میں لے جاتا تھا اور مکان کے آخرحصے میں بھی صحن تھا جس میں کچھ درخت تھے اور دیوار کے پیچھے ٹیکڑی تھی جوگھنی جھاڑیوں سے ڈھکی ہوئی تھی اور دور تک پہاڑی سلسلے پھیلے ہوئے تھے ۔
بیٹھک میں پہنچتے ہی اُس نے غفور شاہ کو اپنے دوسرے ہاتھ سے دھکا دیا، وہ گرتے گرتے بچے۔ریشم نے اُسے غصے سے گھور کر دیکھا تو اُس کے چہرے پر سفاک مسکراہٹ نمودار ہوئی ۔وہ اُس سے دو قدم دور ہٹی ، ’’ بہن تو رہی ہوگی تم کو بھی۔ ‘‘
اُس نے نظریں جھکالیں، ’’ میں ماں باپ بہن بھائی سب کو بھول کر اپنی لڑائی لڑ رہا ہوں ۔‘‘ اُس نے گردن اُٹھائی، ’’ لیکن تمہارے جیسے لوگ جو اپنے بے بس راجا کی خواہش کو بھول کر صرف اپنی زندگی چاہتے ہیں ہمارے جیسے اُن کے لیے موت کا پیغام ہیں ۔ ‘‘ اُس نے پھر ایک بار گن کی نال غفور شاہ کی طرف کردی ، لیکن اس بار غفور شاہ کے چہرے پر دور دور تک خوف نہیں تھا ، ’’ تو پھر راجا نے الحاق نامہ پر دستخط کیوں کردیا تھا ۔۔۔؟ ‘‘
اُس کی آنکھیں غفور شاہ کو گھورنے لگیں، اُس نے مشین گن کا دستہ تپائی پر رکھا ’ ’ ہمارے راجا ہری سنگھ نے برٹش حکومت کے نام ایک مراسلہ بھی بھیجا تھا کہ وہ ایک آزاد ملک کی طرح رہنا چاہتے ہیں اور دونوں ملکوں سے اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں ، لیکن ایک طرف مغبوضہ وادی کی آڑ میں فوجی لشکر آگے بڑھنے کو بے تاب تھا تو دوسری طرف ہندوستانی لشکر ۔۔۔ وادی تباہ و برباد ہو جاتی ۔۔۔ ‘‘
’’ تباہ و برباد تو اب بھی ہو رہی ہے ۔۔۔‘‘ غفور شاہ نے شمالی سمت کی کھلی کھڑکی سے باہر جھانکا، غربت میں ڈوبے ہوئے چھوٹے چھوٹے مکانات ، جن کی اینٹ اینٹ سے جھانکتا ہوا افلاس آسمان کی طرف دعاؤں کی صورت دیکھ رہا تھا ، معاشی بدحالی، بے روزگاری ، ُغربت ، تعلیمی پسماندگی،بے سکونی، بدنظمی، اقتصادی پستی، قدرتی آفات، حتیٰ کہ باڑھ کا بھی مقابلہ کرنے کی سکت نہیں ، اُن کی آنکھوں میں ایک کے بعد ایک جانے کتنے منظر گردش کرنے لگے تھے ، ’’ کیا تم کو گلی گلی گولیوں کی گونج، لاٹھیاں کھاتی لڑکیاں، عورتیں، بچے، مرد دکھائی نہیں دیتے ؟ سڑکوں پر ہیبتناک سناٹے، بازاروں میں خاموشی، تعلیمی اداروں پر قفل نظر نہیں آتے ؟ ۔۔۔ راجا کا خواب آنکھوں میں لیے پھرنے سے تعبیر نہیں مل جاتی ۔۔۔؟ ‘‘
’’جانتے ہیں ہم بھی۔۔۔اس خواب کی تعبیر قربانیوں اور خون بہانے کے بعد ہی ملے گی ۔۔۔‘‘
’’ کوئی گھر بچا ہے ۔۔۔؟ ‘‘ غفور شاہ نے اپنا چہرا دیوار کی طرف کر لیا، ’’ بوڑھی ہڈیاں رہ گئیں ہیں ۔۔۔ جوان بیٹا جھوٹے انکاؤنٹر کی نذر ہو گیا ۔۔۔ بڑھاپا رہ گیا ۔۔۔بوڑھاپے کا سہارا چلا گیا ۔۔۔اور اب مجھے پورا یقین ہے ۔۔۔‘‘ وہ تیزی سے نوجوان کی طرف پلٹے، ’’اپنے تحفظ کی خاطر یا تم ہمیں مار دوگے یا پھر تمہاری تلاش میں آنے والے سپاہی ۔۔۔
اُس نے کوئی جواب نہیں دیا ، لیکن اُس کے چہرے کا رنگ بدل گیا تھا ، اُس نے اپنی بندوق کو اُٹھایا اور بیٹھک کے دروازے سے مکان کے دیگر حصے کا جائزہ لینے کے لیے اندر چلا گیا ۔غفور شاہ نے بیٹی کی طرف دیکھا ۔خوف اب بھی اُس کے چہرے پر عیاں تھا ، لیکن اُس کی زبان سے نکلا ، ’’ با با ۔۔۔ اُس کا طریقہ صحیح ہے یا غلط۔۔۔ مجھے معلوم نہیں ۔۔۔لیکن پوری وادی کے نوجوان یہی سوچتے ہیں ۔ خود میں بھی ۔۔۔‘‘
غفور شاہ نے بیٹی کی طرف عجیب نظروں سے دیکھا ، اُنھوں نے اُسے کوئی جواب نہیں دیا لیکن اُن سے کوئی کہہ رہا تھا، باغ کی حفاظت کے لیے لگائی گئی باڑ ہی ہی پھول پودوں کو کاٹنے لگے تو پھول پودے کیا کریں گے ؟
پتہ نہیں وہ دونوں کب تک اُسی طرح بیٹھک میں دم سادھے بیٹھے رہے ۔ دونوں کی زبانیں خاموش تھیں اور آسمان پر پرندوں کے جھنڈ گردش کر رہے تھے ۔ آخر کچھ سوچ کر ریشم بیٹھک سے اُٹھ کر اندر گئی تو اُس نے دیکھا صحن میں موجود درخت کے موٹے سے تنے کا سہارا لے کروہ دیوار سے پرے جھانک رہا تھا ۔مشین گن اُس کی پیٹھ پر جھول رہی تھی ۔ پھر وہ آہستہ سے جیسے ہی نیچے اُترا ،اُس کے کانوں میں سرود کے تار جھنجھنا اُٹھے، ’’ پتہ نہیں تم نے کب کھانا کھایا ہوگا ۔ ‘‘
اُس نے پلٹ کر دیکھاتو ریشم باورچی خانے کی طرف جا رہی تھی ۔وہ اُس کے پیچھے پیچھے قدم اُٹھانے لگا
ریشم نے دستر خوان پر کاشور سے بھری پلیٹ،سلاد ، پانی کی صراحی اور گلاس رکھ دیا ، اور جونہی جانے کے لیے پلٹی نوجوان نے آہستہ سے کہا، ’’میرے مشن نے سارے رشتے توڑدئیے تھے لیکن آج میں نے جاناقومی رشتے کبھی نہیں ٹوٹتے ۔ ‘‘ وہ دستر پر بیٹھ گیا ۔
ریشم نے مسکراکر اُس کی طرف دیکھا اور پھر غفور شاہ کے پاس چلی آئی ۔ وہ کھڑکی سے لگے بستی کی طرف دیکھ رہے تھے ۔ ایک عجیب سا وحشت ناک سناٹا چاروں طرف چھایا ہوا تھا ، اور وہ منہ ہی منہ میں پانچوں کلموں کو یکے بعد دیگرے پڑھ رہے تھے ۔وہ بھی باپ کے کندھے کے پیچھے سے بستی کو دیکھ رہی تھی ۔ درخت خاموش کھڑے تھے اور اُن کی ٹہنیوں پر بیٹھے لال تاج اور لاجوردی پروں والے پرندے شور مچا رہے تھے۔۔۔ شراتری تو ۔۔ شراتری تو ۔۔۔ شری تری تو ۔۔۔۔۔۔۔
اچانک باہری دروازے پر اتنی زور سے ضرب پڑی کے وہ ٹوٹ کر نیچے گرپڑا۔ غفور شاہ تیزی سے بیٹھک کے دروازے پر پہنچے ، اُنھوں نے دوازے کے چوکھٹ پر اپنے دونوں ہاتھ پھیلا دئیے ۔ وردی پوش ہاتھوں میں گن لیے تیزی سے اندر داخل ہوئے ۔ پرندوں کا شور ایک دم بلند ہوا ۔۔۔ شرا تری تو ۔ شرا تری تو ۔۔ شرا تری تو ۔۔۔ شرا تری تو ۔۔۔۔۔
’’ کہاں چھپایا ہے اُس غدار کو ؟ ‘‘ ایک گرج دارآواز اُبھری ۔
گھبراہٹ کے مارے غفور شاہ کے زبان بند تھی ۔
’’ اسے ہماری زبان میں نہیں ، بندوق کی زبان سے پو چھنا ہوگا ۔‘‘ اور پھر کئی گولیاں غفورشاہ کے سینے کو چیرتے ہوئے نکل گئیں۔ اُن کی چیخ کے ساتھ ہی ریشم اور پرندوں کے شور سے آسمان گونج اُٹھا۔۔ شرا تری تو۔ شراتری تو ۔۔ شراتری تو ۔۔۔
وردی پوش تیزی سے مکان میں داخل ہوئے ، اُنھوں نے مکان کا چپہ چپہ دیکھ ڈالا، لیکن وہاں کوئی بھی موجود نہیں تھا، اور جب وہ واپس ہوئے تو اُنھوں نے دیکھا ریشم باپ کی لاش سے چمٹی بے اختیار رو رہی تھی ۔ وردی والوں نے ایک دوسرے کی جانب دیکھا، آنکھوں میں کچھ اشارے ہوئے ۔ وہ اُسی طرح باپ کی لاش سے لپٹی ہوئی تھی ۔۔۔۔
شراتری تو ۔ شراتری تو۔۔ شرا تری تو ۔۔۔۔ پرندوں کی یہ آوازیں آسمان میں گونج رہی تھیں ۔