اردو ادب اور الیکٹرانک میڈیا
معززخواتین و حضرات!
’’اردو ادب اور الیکٹرانک میڈیا‘‘کے موضوع پر ہونے والاآج کا سیمینار گلبرگہ یونیورسٹی کے شعبہ اردو وفارسی کی جانب سے ایک نہایت مستحسن اور قابلِ تعریف کاوش ہے۔اس طرح اردو کو اپنے عصر سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی ۔میں جملہ منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہزاروں میل دور بیٹھ کر بھی مجھے ایسے سیمینارسے مخاطب ہونے کا شرف بخشا ہے۔یہ عملی طور پرآج کی جدید تر ٹیکنالوجی کے جادوکاہی ایک منظرہے۔یہ منظر میرے لیے حیرت آمیز مسرت کا موجب ہے۔اردو ادب اور الیکٹرانک میڈیا کے آج کے تعلق پربات کرنے سے پہلے مجھے اردو ،ہندی ،فارسی اور عربی داستانوں کی دنیا کی چندہلکی سی جھلکیاں دکھانی ہیں۔ آج ان ناقابلِ یقین قصوں کوہم کہیں زیادہ بڑے روپ میں آج کی جدید ترین دنیا میں رُونماہوتا ہوادیکھ رہے ہیں۔
ہماری داستانوں میں اُڑتے ہوئے دیو،جن،پریاں،اُڑن قالین اوراُڑن طشتریاں آج تیزرفتار طیاروں اورخلائی تسخیر میں مصروف راکٹس اور سیاروں کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہیں۔
ایران کے بادشاہ جمشید کا جام جہاں نماہمارے لیے ایک افسانہ ہی تھا لیکن آج کا اسمارٹ فون جامِ جمشیدسے کہیں آگے پہنچ چکا ہے۔
علی بابا کی کہانی میں’’کھل جا سُم سُم‘‘کا اسم بولنے سے دروازہ کھلتا تھا لیکن آج کی سپر مارکیٹوں کے خودکاردروازے ہمارے پہنچتے ہی کسی اسم کے بغیر کھل جاتے ہیں۔
پرانی داستانوں میں سلیمانی ٹوپی کے ساتھ اس سے ملتی جلتی حاضر وموجودہوتے ہوئے نظروں سے اوجھل رہنے کی کہانیاں ملتی ہیں۔بالی ووڈ کی ایک فلم’’ مسٹر انڈیا‘‘ اسی داستانوی کردار کو کسی حد تک قابلِ فہم بناتے ہوئے پیش کی جا چکی ہے۔ اور اب ایک کیمیائی مادہ تیار کر لیا گیا ہے جسےMetamaterials کا نام دیا گیا ہے۔یہ کیمیائی مادہ جس شئے پر لگا دیا جائے وہ کسی کو دکھائی نہیں دے گی۔انسان سے لے کر ڈرون طیاروں تک کواس مادہ سے پینٹ کر دیا جائے توہمارے پاس ہوتے ہوئے بھی ہمیں دکھائی نہیں دیں گے جبکہ ہم پوری طرح ان کی نگاہ یا زد میں ہوں گے۔دلچسپی رکھنے والے احباب Metamaterials لکھ کر کسی بھی سرچ انجن میں اس مادہ کی حقیقت اور کارکردگی کے بارے میں جانکاری حاصل کر سکتے ہیں۔یہ مادہ روشنی کو خود میں جذب کیے بغیر اور عکس بنائے بغیر خود سے دور ہی جھکا دیتا ہے،یوں وہ حصہ جو اس مادہ میں لپٹا ہوا ہے کسی کو دکھائی نہیں دیتااور اس کے پیچھے جو کچھ ہووہ دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔
ہماری بعض کہانیوں میں عمرکو گزرنے سے بچائے رکھنے کے واقعات ملتے ہیں۔لطائف کی صورت میں بھی اس کا ذکر موجود ہے۔’’عذرا کی واپسی‘‘کی صورت میں ایک معروف فن پارہ ایک سحر انگیز داستان سناتا ہے اور اب حیاتیاتی سائنس میں حیرت انگیز تجربہ ہوا ہے۔صرف عمرِ رفتہ کو بچائے رکھنا ہی نہیں بلکہ عمر کو کئی سال پیچھے لے جانے کا تجربہ بعض جانوروں پر آزمایا گیا ہے اور کامیاب ثابت ہوا ہے۔دس بیس برس تک عمر کم کرنے کا سلسلہ تو مردوں سے زیادہ خواتین میں مقبول ہو جائے گالیکن یہ خطرہ بھی موجود ہے کہ کہیں یہ تجربہ انسانی زندگی کو غیرمعمولی حد تک طویل کرنے کی طرف نہ جانکلے۔اور پھرہم سب ان لوگوں جیسے حال کو نہ پہنچ جائیں جو آبِ حیات نہر کا پانی پی کر اس کے کنارے پر پڑے ہوئے تڑپ رہے تھے،موت کی آرزوکر رہے تھے اور انہیں موت نہیں آرہی تھی ۔ہماری اردو کی داستان میں تو ایسا ہی لکھا ہوا ہے،دیکھتے ہیں ہماری اگلی نسلوں کی حقیقی زندگی کی داستان میں کیا لکھا جاتا ہے۔
بعض مذہبی روایات اور آیات میں زمانے کی دستبرد سے عرصہ تک محفوظ رہنے والوں کا ذکر ملتا ہے۔اصحابِ کہف کے واقعہ سے ملتے جلتے کئی واقعات ہمارے قصوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔یعنی ایک طرف صدیاں گزر جاتی ہیں دوسری طرف محض پلک جھپکنے تک بات ہوئی ہوتی ہے۔اور اب یہ سب کچھ ایک حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب پہنچ رہا ہے۔فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحدپر تعمیر کی گئی ’’یورپی لیبارٹری برائے ذراتی فزکس‘‘ میں ایٹم کے چند ذرات پر بگ بینگ کا تجربہ دہرایا گیاجس سے کائنات کی ابتدا کے بارے میں بگ بینگ کے سائنسی تصور کی تصدیق ہو گئی۔اس تجربہ کے آغاز ہی میں ایک انوکھا سب پارٹیکل سامنے آیااور پھر وہ غائب ہو گیا۔اس کے ساتھ ہی بڑے دھماکے کا عمل شروع ہو گیا۔اس سب پارٹیکل کو ویسے تو ہگز بوسون پارٹیکل کا نام دیا گیا ہے لیکن اس کی کار کردگی کے باعث اسے گاڈ پارٹیکل بھی کہا جاتا ہے۔سائنس دان اب اس کی کھوج میں مصروف ہیں۔اگر یہ ان کی دسترس میں آگیا توروشنی کی رفتار سے سفر کرنامعمول کی بات ہو جائے گی۔ گویا بیگم سبزی کاٹ رہی ہوں گی اور ہم اپنے نظام شمسی سے باہر کا ایک چکر لگا کر واپس آجائیں گے اور بیگم یا تو تب بھی سبزی ہی کاٹ رہی ہوں گی یاہنڈیا بھون رہی ہوں گی۔یہ نہ تو محض مذاق ہے اور نہ ہی صرف خیال آرائی۔جیسے ہماری ہزاروں برسوں سے سینہ بہ سینہ چلتی داستانوں اور لوک قصوں میں موجود ناقابلِ یقین باتیں آج ہماری زندگی کا حصہ بن چکی ہیں ویسے ہی روشنی کی رفتارسے سفرکی ناقابلِ یقین بات ہماری اگلی نسلوں کی زندگی کے معمولات میں شمار ہو گی۔گویا ہم وسیع تر خلائی دور(سپیس ایج)میں داخل ہونے والے ہیں۔ہاں ایک ڈر ضرور ہے،اگر ہم کسی عالمی یا علاقائی حماقت کے نتیجہ میں ایٹمی جنگ کا شکار ہو گئے توپھر سپیس ایج کی بجائے پتھر کے زمانے میں چلے جانے کا خطرہ بھی سروں پر موجودہے۔
میں نے قدیم قصوں کے چھ واقعات میں سے چار ایسے بیان کیے ہیں جو سائنسی طور پر حقیقت بن چکے ہیں ۔جبکہ آخرالذکردو واقعات ایسے بتائے ہیں جو ابھی سائنسی طور پر تحقیق کے مراحل سے گزر رہے ہیں تاہم کسی وقت بھی ان کامکمل حقیقت بن جاناخارج از امکان نہیں ہے۔حقیقت یہ ہے کہ ہمارے مشرق کی بیشتر قدیم داستانوں کی کئی طلسماتی اور ہوش رُبا کہانیاں حقیقت کا روپ دھار کے ہمارے سامنے آن کھڑی ہیں۔اور ہماری نئی نسل اس جہانِ طلسم میں کسی حیرت میں مبتلا ہوئے بغیر ان سب تحیرات کو اب معمولاتِ زندگی میں شمارکرتی ہے۔
ان ساری داستانوں میں سے محض ایک داستان جامِ جمشیدکا تعلق الیکٹرانک میڈیا سے جڑتا ہے ۔ الیکٹرانک میڈیامیں سارے ٹی وی چینلز،برق رفتار اطلاعی نظام، انٹرنیٹ کی ساری دنیا،جس میں ساری ویب سائٹس ،سارے سوشل فورمز،آن لائن رابطوں کے سارے ذرائع ہمہ وقت دستیاب ہیں ،ہر طرح کے علوم اورہر طرح کی معلومات کے سات سمندر نہیں،بلکہ ہزاروں سمندرموجزن ہیں۔ اپنے اپنے جہان میں آزادانہ طورپر متحرک ہر طرح کا میڈیاانٹرنیٹ کی ،یا یوں کہئے کہ اسمارٹ فون کی ڈبیہ میں بند ہو کر ہم سب کے ہاتھ میں آگیا ہے۔
اردو ادب اخبارات و رسائل سے ہوتا ہواریڈیو،ٹی وی چینلز تک اور پھر مشاعروں،کانفرنسوں اور سیمینارز کے ذریعے اپنے ہونے کا تھوڑا بہت ثبوت دیتا آرہا ہے۔انٹرنیٹ کی دنیا آباد ہونے کے بعداردو ادب اس جہان میں بھی دھیرے دھیرے دکھائی دینے لگا تھا۔شعروادب کے مختلف انتخاب سے آراستہ ویب سائٹس سامنے آئیں تو پہلے پہل وہاں رومن رسم الخط کے ذریعے اردو ادب کو متعارف کرایاگیا۔مختصر مدت میں ہی اردو ادب کے شیدائیوں نے پکچر کی صورت میں اردورسم الخط کے ذریعے اردو ادب کی ویب سائٹس قائم کرنا شروع کر دیں۔ایسی ابتدائی اور نہایت اہم ویب سائٹس میں اردوستان ڈاٹ کام اور اردو دوست ڈاٹ کام کانام لوں گا۔افسوس کہ اس وقت یہ دونوں ابتدائی ویب سائٹس بند ہیں۔اسی دوران پی ڈی ایف فائل کی صورت میں پوری کتاب کو انٹرنیٹ پر پیش کرنا آسان ہواتو ای لائبریریزکا سلسلہ شروع ہو گیا۔مختلف اداروں کے تحت،بعض اردو دوست احباب کی کاوشوں کے ذریعے اور متعدد ادیبوں کی ذاتی توجہ کے نتیجہ میں ایسی لائبریریوں نے اردو ادب کی نئی پرانی ہر طرح کی کتابوں تک رسائی کو بے حد آسان بنا دیا۔اردو زبان یونی کوڈمیں منظرِ عام پر آئی تو اس جدید ترین سہولت سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے یونی کوڈ میں ویب سائٹس قائم ہونے لگیں اور متعدد لائبریریز نے یونی کوڈ میں اردو کتابیں فراہم کرنا شروع کر دیں۔ یونیورسٹی کے طالب علموں کے لیے ایسی لائبریریوں کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ وہاں سے متحرک الفاظ کو کاپی اینڈ پیسٹ کرکے اپنے مقالہ جات میں آسانی کے ساتھ حوالہ دے کرشامل کرسکتے ہیں۔اس سے تحقیقی مقالات کی تکمیل میں بڑی سہولت ہونے لگی ہے۔ ذاتی اور اجتماعی بلاگز کے سلسلہ نے اہلِ ادب کے لیے مزید آسانیاں مہیا کر دی ہیں۔سو اردو ادب کا بے شمار قدیم وجدید سرمایہ اس وقت الیکٹرانک میڈیا پرموجود ہے۔اس تک رسائی آسان ہے۔تاہم جیسے ادبی کتاب کے قارئین بہت کم رہ گئے ہیں ویسے ہی الیکٹرانک میڈیا پربھی سنجیدہ ادبی کتابوں کے قارئین بہت کم ہیں۔الیکٹرانک میڈیا پر شو بزکی چکا چوندکے باعث یا تو ہمارے اہلِ ادب بھی اسی رو میں بہنے لگے ہیں یا پھر کسی حد تک مایوسی کاشکار ہونے لگے ہیں۔بہت کم ہیں جوہر طرح کی میڈیائی بے اعتنائی کے باوجود اپنے لکھے ہوئے لفظوں پر پورا اعتماد کرتے ہوں۔ میں اپنے ایک پرانے مضمون’’ادب،میڈیا اور انٹرنیٹ‘‘میں اس حوالے سے جو کچھ مُثبت و منفی موجود ہے اس کا ذکر تفصیل سے کرچکا ہوں۔الیکٹرانک میڈیا پر ہر طرح کا مواد موجود ہے۔ایسا بے شمار مواد جسے عموماََایک دوسرے سے چھپ کر دیکھا اور سنا جاتا ہے۔ایسے مواد کے سلسلہ میں ہم اہلِ مشرق اور اہلِ مغرب میں ایک بنیادی فرق موجود ہے۔اس فرق کو واضح کرنے کے لیے دو سادھوؤں کا قصہ یاد آگیا۔دونوں سفر پر نکلے،رستے میں ایک بڑی ندی دکھائی دی۔ندی کے کنارے پر ایک دوشیزہ پریشان کھڑی تھی۔اسے دوسرے کنارے پر جانا تھالیکن وہ لہروں کے زور سے ڈر رہی تھی۔ایک سادھو نے اسے پیش کش کی کہ میرے کندھوں پر بیٹھ جاؤ ،تمہیں دوسرے کنارے تک پہنچا دوں گا۔لڑکی سادھو کے کندھوں پر سوار ہو گئی۔دوسرے کنارے پر سادھو نے اسے اتار دیااور وہ اس کا شکریہ ادا کرکے چلی گئی۔پھروہ دونوں سادھو دیر تک اور دور تک خاموشی سے چلتے رہے ۔آخر دوسرے سادھو نے خاموشی کو توڑا اور پہلے سادھو سے کہا ہم تو سادھو ہیں،ہمیں ناری کو چھونا منع ہے اورتم نے اسے کندھوں پر سوار کر لیا۔اپنے ساتھی کی یہ بات سن کر پہلا سادھو مسکرایااور بولا میں نے تو اس ناری کو دوسرے کنارے پر پہنچتے ہی اپنے کندھوں سے اتار دیا تھا لیکن لگتا ہے تم نے ابھی تک اسے اپنے کندھوں پر سوارکر رکھا ہے۔
نہ تواہلِ مغرب سادھو ہیں اور نہ ہم اہلِ مشرق۔تاہم اہلِ مغرب پہلے سادھو کی طرح ندی کے دوسرے کنارے پر اپنا بوجھ اتار کر اپنے اصل کام میں لگ جاتے ہیں جبکہ ہم لوگ عام طور پر دوسرے سادھو کی طرح ایسی چیزوں کو اپنے سروں پر سوار کیے رکھتے ہیں۔
بہرحال ایسے سطحی مواد،سوشل میڈیا کی گالی گلوچ سے بھی بڑھی ہوئی آزادی،متعدداخلاقی اورسماجی مسائل کو جنم دیتی ہوئی خرابیاں،ایسا سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ا سی الیکٹرانک میڈیا پر ہی ہم نے اردو ادب کے سلسلہ میں اپنا مُثبت کردار ادا کرتے رہنا ہے۔قرآن مجید کی سورۃ النحل کی آیت ۶۶ میں نہایت لطیف بات کی گئی ہے۔تمہارے لیے جانوروں میں سوچنے کا مقام ہے کہ ہم نے ان کے پیٹ میں گوبر اور خون کے درمیان میں سے دودھ کی دھاریں نکال دی ہیں جو پینے والوں کے لیے خوشگوار ہیں۔سو جب ہم غور کریں گے تو اسی الیکٹرانک میڈیاکے پیٹ میں موجود گوبر اور خون کے درمیان میں سے ادب کے دودھ کی دھاریں نکالتے رہیں گے۔ اپنے عصر سے ہم آہنگ ہوتے چلے جائیں گے۔
مجھے امید ہے کہ آج کے سیمینار میں الیکٹرانک میڈیا پر اردو ادب کی پیش کش میں درپیش مسائل کا ذکر بھی ہوگا اور ان کے حل کے لیے غور و فکر بھی کیاجائے گا۔اردو ادب کے فروغ کے لیے ہم سب اپنے اپنے حصے کا چراغ جلاتے رہیں گے۔
آخر میں ایک بار پھرجملہ منتظمین اور آپ سب کا شکریہ اداکرتاہوں کہ مجھے اس سیمینارمیں اپنے خیالات کے اظہار کا موقعہ دیا گیا۔میں اسے اپنا استحقاق نہیں بلکہ آپ کی طرف سے اپنی عزت افزائی سمجھتا ہوں۔آپ سب کا بے حد شکریہ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۹؍اپریل ۲۰۱۶ء کوگلبرگہ یونیورسٹی کرناٹک کے شعبۂ اردوو فارسی کی جانب سے ’’اردو ادب اور الیکٹرانک میڈیا‘‘
کے موضوع پر ہونے والے ایک روزہ سیمینارمیں پڑھا جانے والا کلیدی خطبہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
Haider Qureshi
Rossertstr.6, Okriftel,
6579 5Hattersheim, Germany.
E-Mail: [email protected]
Tel.Res.:0049-6190-930078
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔