محبت؟ اس خبیث کو محبت ہو گئی ہے.. او گدھے کے کھُر محبت کچھ نہیں ہوتی، جسم کے گرم چولہے پہ رکھی جوانی کو آیا اُبال ہے بس
ابا نے محبت کا پوسٹ مارٹم کر دیا تھا
اس کا دوسرا محبت نامہ پکڑا گیا تھا. اڑنے سے بیشتر ہی اس کا رنگ زرد پڑ گیا تھا شاید. اسے اپنا پہلا محبت نامہ زبانی یاد تھا. کیسے ساری رات جاگ کے اس نے محبت کے اظہار کو لفظوں کے موتی پروئے تھے جو تنزیلہ کے گلے کا ہار ہوئے. ساری رات کا جاگا صبح کالج پہنچا تو ایک دم تر و تازہ تھا. رات بھر کی تھکاوٹ، ویگن میں پہلا خط تنزیلہ کی گود میں رکھے بیگ میں رکھنے اور تنزیلہ کے گلابی پڑتے گالوں نے، دور کر دی تھی. سارا دن وہ کبھی کالج کے گراؤنڈ کبھی کینٹین میں اگلی صبح کے جوابی خواب دیکھتا رہا تھا
اگلی صبح ویگن میں بیٹھے ہوئے اس نے پچھلی سیٹ پہ بیٹھی تنزیلہ کو مڑ کے دیکھا تو گلابی گالوں پہ آئی لٹ کو پیچھے کرتے ہوئے اس نے اپنی ہتھیلی عرفان کو دکھائی جس پہ مارکر سے سرخ رنگ کا دل بنا ہوا تھا. عرفان کا دل تھا کہ یوں پھڑکا جیسے چھاتی کے اندر بھونچال آ گیا ہو. وہ سارا دن نئے خوابوں نے آنکھوں میں جگہ بنا لی تھی. ساری دنیا گھر سے ویگن اور پھر ویگن سے گھر تک کے درمیان تک تھی جہاں کوئی سرحد نہ تھی نہ شناخت، بس وہ تھا اور تنزیلہ تھی. جہاں رات تنزیلہ کے گھنے بالوں میں تھی، جہاں دن کی روشنی اس کے روشن ماتھے پہ اور شام کا سونا گلابی گالوں پہ..وہ خوابوں کی راہوں پہ ناچتا پھر رہا تھا اور یہ حقیقت یکسر مسترد کر چکا تھا کہ ہمارے درمیان کوئی آئے گا
درمیان آیا تو بھی تنزیلہ کا باپ، جو گاؤں کے پرائمری سکول میں ہیڈ ماسٹر بھی تھا اور کبھی کبھار مسجد میں امامت کے فرائض بھی انجام دیتا تھا. ماسٹر یعقوب کی پہچان ہمیشہ سفید شلوار قمیض، سردیوں میں کالی واسکٹ، چہرے پہ سفید داڑھی اور سر پہ سفید ٹوپی. ماسٹر صاحب کی دو ہی بیٹیاں تھیں تنزیلہ بڑی تھی. اس دن ماسٹر یعقوب، ایک ہاتھ میں خط اور دوسرے میں اپنی ہر وقت سر پہ رکھی سفید ٹوپی پکڑے، سر جھکائے چوہدری حنیف نمبردار کے سامنے بیٹھے تھے.
چوہدری صاحب، یہ خط آپ کے بیٹے عرفان نے میری بیٹی کو لکھا ہے
الفاظ اٹک اٹک کے نکل رہے تھے
آپ بڑے لوگ ہیں چوہدری صاحب، میں غریب ہیڈ ماسٹر ہوں جس کی کل کمائی دو بیٹیاں ہیں اور ایک عزت ہے جو اتنے سالوں کی جمع پونجی ہے. عرفان مرد ہے، میری عزت رُل جانی ہے
ماسٹر یعقوب کی آواز بھرائی ہوئی تھی
دیکھیں ماسٹر جی، یہ جوانی میں ہر مرد پہ چڑھتا خمار ہے،مگر اتر جاتا ہے،سب ٹھیک ہوجائے گا، میں نے بڑے بڑے مسئلے حل کر دئیے ہیں یہ کیا شے ہے.. میں اسے سمجھاؤں گا، وہ سمجھ جائے گا، آپ بھی اپنی بیٹی کو سمجھائیں، ٹینشن نہ لیں ماسٹر جی
انگلیوں میں پھنسے سگریٹ کے کش لیتے ہوئے چوہدری حنیف کے چہرے پہ کوئی تاثر تک نہ تھا
جی چوہدری صاحب، میں نے بہت سمجھایا ہے اسے، میں اس کا کالج ہی چھڑوا دوں گا
اوہو ماسٹر جی، کچھ نہیں ہوتا ،یہ لیں آپ چائے پئیں…. او شیدیا، ماسٹر جی کے لیے بسکٹ بھی لا
شام کو ابا نے محبت کا پوسٹ مارٹم کر دیا کہ جوانی کا نشہ ہے، کچھ دنوں میں اتر جائے گا، بندہ بن
اگلے دن ویگن میں تنزیلہ نہیں تھی، اسے دھوپ بھرا دن اندھیرا لگ رہا تھا، دوسرے دن بھی ویگن کی خالی سیٹ دیکھ کے اس کا دل تنزیلہ کو ملنے دیکھنے کو مچل رہا تھا. اس نے تنزیلہ کی سہیلی کی زبانی پیغام بھیجا کہ گاؤں کی پچھلی طرف، کچے راستے پہ گنے کے کھیتوں میں کل دوپہر کو ملنے آنا
ساری رات پھر آنکھوں میں کٹی، کبھی اس کے نہ آنے کا خوف سانپ بن کے ڈراتا تو کبھی اس کے آ جانے پہ خیالی ملاقات کے رنگوں کی پھلجھڑیاں چلتی رہیں
دوپہر تھی اور گاؤں خاموش تھا، کوئی ایک آدھ آوارہ کتا ہی کچے راستے کی راہ بھول کے آ جاتا ورنہ مکمل خاموشی تھی. اور پھر سفید دوپٹے کو چادر کی طرح اوڑھے وہ کچے راستے پہ تیزی سے کھیتوں کی طرف آتی دکھائی دی. اس نے ہاتھ ہلا کے اپنی طرف متوجہ کیا اور کھیتوں میں گھس گیا
تنزیلہ گنے کے قدآور کھیت میں گھسی اور عرفان کی کھلی بانہوں میں سمٹ گئی
اس نے عرفان کے کان میں سرگوشی کی
ابا مجھے شاید ماموں کے ہاں شیخوپورہ بھیج دیں، میں نہیں جانا چاہتی عرفان، میں تمہارے ساتھ رہنا چاہتی ہوں
عرفان نے اس کا سرخ تپتا چہرہ اپنے ہاتھوں میں لیا اور آنکھوں میں اترے آنسو ہونٹوں سے چومتے ہوئے جیسے تسلی دینے لگا
عرفان کے ہونٹ اور ہاتھ تسلیاں دے رہے تھے اور وہ سمٹتے ہوئے بانہوں کے حصار میں کانپ رہی تھی. سفید دوپٹہ زمین پہ گر چکا تھا اور قمیض کے نیچے سے عرفان کا ہاتھ مسلسل نیچے کی طرف بڑھ رہا تھا. وہ مچلی مگر عرفان سرپٹ دوڑتے گھوڑے کی طرح بے لگام ہو گیا تھا. اس کے ہاتھوں اور منہ سے نہ نہ کرنے پہ مسلسل اسے "کچھ نہیں ہوتا، میں سب ٹھیک کر دوں گا" کی تسلیاں دیتے ہوئے عرفان کے جسم کے تپتے چولہے پہ رکھی جوانی نے آخری ابال لے لیا