کون کہتا ہے کہ سانس سے میں زندہ ہوں
جب کہ ہر سانس سے پہلے تری یاد آتی ہے
ابا جان کی یاد میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
💥 اکتوبر جب بھی آتا ہے یہ زرد پتوں کی طرح مجھے بھی اداس کر دیتا ہے ۔۔خزاں کی اداسی صرف درختوں سے ہی نمایاں نہیں ہوتی اس کے نمودار ہوتے ہی میرا دل بھی اداسی کے سمندر میں ڈوب جاتا ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وقت بھی عجیب چیز ہے پلک جھپکتے میں گُزر جاتا ہے، یہ دولت اس سرعت کے ساتھ ہمارے ہاتھ سے نکل جاتی ہے کہ بعد میں ہم ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں ۔کوئی شخص اپنی شدید خواہش اور سر توڑ کوشش کے باوجود بیتے ہوئے لمحات یا آبِ رواں کے لمس سے دوبارہ کسی صورت فیض یاب نہیں ہو سکتا ۔ہماری محفل کے وہ آفتاب و ماہتاب جن کا وجود ہمارے لیے سر چشمہء فیض ہوتا ہے دیکھتے ہی دیکھتے عدم کے کُوچ کے لیے رخت ِ سفر باندھ لیتے ہیں اور ہمیں دائمی مفارقت دے جاتے ہیں ۔ان کے نہ ہونے کی ہونی پر ہماری آنکھیں کُھلی کی کُھلی رہ جاتی ہیں اور دُنیا یہ سانحہ دیکھتی کی دیکھتی رہ جاتی ہے ۔ ایسے بزرگوں کا سایہ جب سر سے اُٹھ جاتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ سورج واقعی سوا نیزے پر آ گیا ہے ۔ ان لرزہ خیز سانحات اور اعصاب شکن حالات میں دل کو سنبھالنے کی نہ تو کوئی امید بر آتی ہے اور نہ ہی اپنے جذبات حزیں کو حرف حرف بیان کرنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی ۔لوحِ دل پر نقش ان کی دعائیں ، وفائیں اور عطائیں ہمیشہ کے لیے عزم و عمل کی ندائیں اور آلامِ روزگار کی تمازت سے بچنے کی ردائیں ثابت ہوتی ہیں ۔ان کی چشم کے مُرجھا جانے کا یہ سانحہ پس ماندگان اور احباب کے لیے زندگی بھر کے لیے سوہانِ روح بن جاتا ہے ۔ دِل کے طاق میں اس عظیم انسان کی حسین یادوں کے چراغ ابِ ہمہ وقت سرِمژگاں ستاروں کے مانند جھلملاتے ہیں ۔ قبلہ والد گرامی رانا محمد گلزارخان کپور تھلوی نے 6/ اکتوبر 1996ء کو داعیء اجل کو لبیک کہا ۔ چک نمبر 87 گ ب براستہ ڈجکوٹ ضلع فیصل آباد میں ان کے آبائی قبرستان نے انسانی ہمدردی ،بے لوث محبت ،خدمت خلق اور انسانیت کے وقار اور سر بلندی کے اس آسمان کو ہمیشہ کے لیے اپنے دامن میں چُھپا لیا ۔وہ شخص جِس کا وجود طلوع صبح بہاراں کی نوید تھا اور جِس کی عظیم شخصیت سفاک ظلمتوں میں ستارہ ء سحر کے مانند تھی اپنے ہزاروں پیاروں کو یاس و ہراس اور آہ و فغاں کے عالم میں تنہا چھوڑ کر دُور بہت ہی دُور اپنی الگ بستی بسانے چلا گیا ۔ اُداس بام ،کُھلے در اور سنسان بستیاں احساس ِ زیاں سے بے حال اپنے رفتگاں کو پُکارتی رہتی ہیں لیکن اِس دنیا کی سرائے سے منہ موڑ کر جانے والے مسافر پھر کبھی اس طرف لوٹ کر نہیں آتے ۔ ہمارے وہم و گُمان میں بھی نہیں ہوتا کہ وہ لوگ جنھیں دیکھ کر ہم جیتے ہیں ہمیں دائمی مفارقت دے کر زینہء ایام سے اُتر کر وقت کی تہہ میں اُتر کر قلزمِ خوں پار کر جائیں گے۔ زندگی کا کوئی بھی عکس ہو’ اُس میں ایسے لوگوں کے اقوال ،اعمال اور شخصیت کے خدو خال جلوہ گر دکھائی دیتے ہیں اور کوئی بھی بزم ان کے ذکر سے خالی نہیں رہتی ۔زندگی کی شامِ الم میں اپنے بزرگوں کی یادوں کے ستارے اس طرح ضوفشاں رہتے ہیں کہ رہروانِ زیست کو نشانِ منزل مِل جاتا ہے اور وہ سرابوں میں بھٹکنے اور تاریکیوں میں ٹامک ٹوئیے مارنے سے بچ جاتے ہیں ۔زندگی کی شبِ تاریک میں رستہ دکھانے والا ایسا ہی ایک تابندہ ستارہ رانا محمد گلزارخان کپور تھلوی بھی تھا ۔
رانا محمد گلزار خان کپور تھلوی رحمۃ اللہ علیہ 1938ء کو راجپوت قبیلے میں چودھری محمد بخش کے گھر ریاست کپور تھلہ مشرقی پنجاب (ہندوستان) میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والد کپور تھلہ کی غلہ منڈی میں آڑھت کا کاروبار کرتے تھے۔ ابتدائی تعلیم ریاست کپور تھلہ سے حاصل کی۔ قیام پاکستان کے وقت آپ کی عمر آٹھ سال تھی۔اس پرآشوب دور میں تعلیمی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے آپ میٹرک تک نہ پہنچ سکے ۔پھر چھوٹی بڑی ملازمت شروع کردی ۔ابتدا میں آئل کمپنی میں آئل ٹینکر کے ساتھ بطور کنڈکٹر کام کیا پھر اس کام کو خیر باد کہہ کر لائل پور میں پاکستان کی اس وقت کی صف اول کی کوہ نور ٹیکسٹائل ملز میں بطور ہیڈ ڈافر طویل عرصہ تک کام کیا ۔یہاں پر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔چونکہ یہاں پر روئی کے اڑنے سے صحت پر مضر اثرات پڑتے تھے اس لیے اس نوکری کو بھی خیرباد کہہ دیا ۔بعد ازاں گورنمنٹ ٹرانسپورٹ سروس میں بطور بس کنڈیکٹر اپنی ملازمت کا آغاز کر دیا ۔اس طرح آپ نے مجموعی طور پر تادم مرگ 28 سال اس محکمہ میں اپنی ملازمت کی ۔۔آپ ایک محنتی ، جفاکش ، ایماندار اور اپنے پیشے سے مخلص رہنے والے ورکر تھے ۔۔ پابندی وقت اور اصولوں پر قائم رہنا آپ کی گھٹی میں شامل تھا ۔پابندی وقت کے حوالے سے محکمہ هذا رانا محمد گلزارخان کپور تھلوی کی مثالیں دیا کرتا تھا کیوں کہ گاڑیوں کی روانگی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جاتی تھی ۔عاجزی انکساری ، اخلاص و مروت اور مرنجاں مرنج شخصیت کے مالک ایک زندہ دل انسان تھے ۔ساری زندگی لوگوں میں محبتیں اور خوشیاں بانٹیں ۔۔۔میں نے اپنی زندگی میں انہیں کسی سے لڑتے یا اونچا بولتے نہیں دیکھا ۔۔۔۔آپ کے ساتھی آپ کے حسن اخلاق کی وجہ سے آپ کے ساتھ مل بیٹھ کر چائے پینے کے لئے لاہور یا کسی اور شہر سے ڈیوٹی کرتے ہوۓ گاڑی/ بس سے واپسی پر آپ کا گھنٹوں انتظار کرتے تھے ۔۔ آپ کے جانثار ساتھیوں میں مہدی زمان عباسی ، غلام نبی تمیمی ، خوشی محمّد ، شیخ شفیق احمد ، خادم حسین تمیمی اور بہت سے دوست شامل تھے۔
اپنی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ رانا محمد گلزار خاں کپور تھلوی کو پڑھنے کا شوق بھی پیدا ہو گیا تھا اور پھر اٹھتے بیٹھتے چلتے پھرتے ان کے ہاتھ میں کوئی نہ کوئی رسالہ میگزین ضرور دیکھا جا سکتا تھا ۔رانا صاحب کو جب موقع ملتا ، وہیں اپنی موٹے شیشہ والی عینک لگا کر مطالعہ شروع کر دیتے۔۔۔۔ پھر انہوں نے کالم اور کہانیاں لکھنی شروع کر دیں ۔۔۔۔۔
کالم ایک صحافتی اظہاریہ ہے ۔۔ کالم مزاحیہ بھی ہو سکتا ہے اور سنجیدہ بھی ۔۔۔یہ کسی ایک مخصوص موضوع پر بھی ہوسکتا ہے اور اس میں مختلف اخلاق و آداب اور دوسرے امور پر کسی قسم کی بحث ،دلائل اور مشورے بھی ہو سکتے ہیں ۔اردو ادب میں مختلف اثرات کا لازوال شاہکار موجود ہیں ۔شاعری افسانہ نگاری مکتوب نگاری تنقید نگاری وغیرہ کے ذریعے فنکاروں نے اپنے فن کے جلوے دکھائے ہیں ۔اسی طرح ادب کے افق پر کچھ فنکار ایسے بھی نمودار ہوئے جنہوں نے کالم نگاری کو مافی الضمیر کی ادائیگی کا وسیلہ بنایا ۔اور اس کے ذریعہ سماج کے مختلف مسائل اور ادب کی گوناں گوں جہات پر لکھنے کی روایت قائم کی ۔۔ الم کی اہمیت سے کسی کو بھی انکار نہیں ۔۔روزانہ اخبارات میں سے بہت سے مستقل کالم چھپتے ہیں ۔اور ان کالموں کے قارئین بھی مستقل ہیں ۔۔جو انہیں روزانہ پڑھتے ہیں ۔۔فیصل آباد بھی ایک اہم صحافتی مرکز ہے یہاں سے شائع ہونے والے اخبارات میں بھی کالم شائع ہوتے رہتے ہیں ۔ رانا محمّد گلزار خاں کپور تھلوی ایک مرنجان مرنج شخصیت کے مالک ایک درد دل رکھنے والے صاف گو ، اور جری تخلیق کار تھے۔انہوں نے اپنی ملازمت کے ساتھ ساتھ قلم و قرطاس سے اپنا تعلق جوڑے رکھا ۔۔۔۔فکری طور پر وہ ایک کہانی کار اور کالم نگار تھے ۔۔۔رانا گلزار کپور تھلوی کو کالم نگاری کی طرف مائل کرنے کا تمام کریڈٹ روزنامہ ” ڈیلی بزنس رپورٹ ” کے چیف ایڈیٹر اور مالک عبد الرشید غازی کو جاتا ہے جنہوں نے آپ کو اخبار میں کالم لکھنے کی طرف مائل کیا ۔۔وہ ڈیلی بزنس رپورٹ کے دفتر میں آ کر فارغ وقت گزارتے تھے ۔کیوں کہ ان کا محکمہ ڈیلی بزنس رپورٹ کے دفتر کے سامنے تھا ۔۔وہیں سے انھوں نے کالم نگاری کی ابتدا کی ۔۔کہانی کاری کی طرف تو وہ پہلے ہی سے منسلک تھے ۔
رانا محمّد گلزار خان کپور تھلوی کے کالم شگفتہ اور لطیف پیراے انداز میں گندھے ہوتے تھے ۔ بظاہر یہ کالم ہلکے پھلکے انداز میں سفر کرتے ہیں مگر ان کے باطن میں ایک ایسی فکر رواں دواں تھی ، جس کا اندازہ کالموں کے ان موضوعات سے ہوتا ہے جو ان کے کالموں کے اندر کی صورتحال کو اجاگر کرتے ہیں ۔۔ان کے یہ کالم ڈیلی بزنس رپورٹ میں تسلسل سے شائع ہوتے تھے ۔ انہوں نے اپنے اظہار خیال کے لئے معاشرے کے چھوٹے سے مگر اہم موضوعات کو منتخب کیا ۔۔رانا صاحب کا قلم۔ ۔۔۔۔قلم کے بجائے ایک ایسا نشتر تھا جو معاشرتی ناہمواری کے پودے کو کاٹ ڈالنے میں مصروف رہا ۔۔انہوں نے اپنی تحریروں میں سماج کے مکروہ چہرے پر بے انتہا تھپڑ رسید کیے ہیں ۔۔۔ان کے کالم محض کالم ہی نہیں بلکہ ٹوٹتی بکھرتی قدروں کے نوحے ہیں ۔۔سماجی معاشرتی زوال کے مرثیہ ہیں ۔۔۔ماحول میں بکھری ہوئی فضائی، سماجی، روحانی اور معاشی آلودگی کے کرب ہیں۔۔
رانا محمد گلزار خان نے کالم روشنائی سے نہیں بلکہ اپنے خون جگر سے لکھے ہیں ۔۔۔ان کا مقصد ایک ہی ہوتا تھا کہ کس طرح لوگوں کی معیار زندگی کو بلند کیا جا سکتا ہے ۔ اور کس طرح لوگوں کے لیے زیادہ آسانیاں پیدا کیا جا سکتی ہیں ۔۔ان کے موضوعات برائے راست عوام کی زندگی سے متعلق ہوتے تھے ۔۔۔۔۔۔رانا محمد گلزار خاں کپور تھلوی جنون کا وہ مسافر تھا جو خود بخود نہیں سمٹتا تھا بلکہ اسے دیکھ کر لمحے سمٹ جاتے تھے۔۔۔۔۔۔۔۔ کہانی کاری اور افسانہ نگاری کے حوالے سے رانا محمد گلزار خان کپور تھلوی کا نام ہمیشہ زندہ و جاوید رہے گا ۔۔۔۔۔۔۔۔
کہا جاتا ہے کہ والدین کے دل اور دماغ جب کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو ان میں ہمارے لیے خوبصورت خواب بھی دم توڑ دیتے ہیں ۔ جب ان کے ہاتھ کام کرنا چھوڑ دیتے ہیں تو اس کے ساتھ ہی ہماری لیے دعاؤں کے لیے اٹھنے والے ہاتھ جواب دے جاتے ہیں۔ ان کے دل کی دھڑکن بند ہونے کے ساتھ ہی ہماری تکالیف میں تڑپنے والا درد مند دل بھی اپنا سلسلہ منقطع کر دیتا ہے ۔۔۔۔والدین وہ چراغ ہیں جن کے بھجنے سے اندھیرا ہی نہیں ہوتا ، ہر دکھائی دینے والی ، محسوس کی جانے والی چیز معدوم ہو جاتی ہے ، بے وجود ہو جاتی ہے ۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔آج تین اکتوبر ہے ۔اکتوبر جب بھی آتا ہے تو یہ خزاؤں کے ساتھ دلوں پر اداسی بن کر نازل ہوتا ہے۔۔۔ 6/ اکتوبر 1996ء کو بھی ایک ایسا ہی دن تھا جب درختوں کے زرد پتوں کے ساتھ ساتھ میں نہ صرف اداس تھا بلکہ شکست و ریخت کا شکار تھا ۔۔ جب میرا باپ تین دن تک کومے کی حالت میں زندگی اور موت کی جنگ لڑتا رہا۔بالآخر موت جیت گئی اور زندگی ہار گئی ۔۔۔۔۔اس کے بعد جب جب بھی اکتوبر آتا ہے ۔۔یہ میرے دل پر اداسی بن کر برستا ہے ۔۔یکم اکتوبر سے چھ اکتوبر تک خزاں اس مہربان دل کے ساتھ کیسے کھیلتی ہے ۔ یہ کوئی اس سے بہتر نہیں جانتا ۔۔۔خزاں کی پہلی شام کو جنم لے کر خود کو پورے من سے گلے لگانے والا یہ لڑکا اپنے سینے میں اداسیوں کا سمندر ہونٹوں پر کبھی نہ مٹنے والی انوکھی مسکراہٹ رکھنے کا عادی تھا ۔اداسیوں کا ساتواں آسمان زرد پیلے پتوں کی قیامت اور لڑکے کا ضبط توڑنے والا اکتوبر آتا ہے اور گزر جاتا ہے مگر آسانی سے نہیں گزرتا ۔۔۔۔۔اسے ایسے اداس کر جاتا ہے کہ مضبوط سے مضبوط دل بھی معصوم بچہ بن کر بلکنے لگتا ہے ۔اکتوبر کی شامیں ایک کے بعد ایک ایک کر کے اداسیاں برساتی ہیں ۔۔۔۔۔زندگی کا کارواں چلتا ہے اور اکتوبر بھی اپنے آپ کو سیاہ چادر میں لپیٹ کر خوف کا سایہ پھیلا دیتا ہے۔۔۔۔۔کتنا بے درد ناک یہ اکتوبر ۔۔۔۔۔۔!
اک ستارہ تھا میں
ایک تو سفر کی تھکاوٹ، پھر تقریب میں شرکت کا طویل وقت، اور پھر تقریب سے رہائش گاہ تک کا...