اِررئیل فکشن ( Irreal Fiction ) ۔ 2
افسانچہ
ہمسائی (La Vecina)
(The Neighbour )
اَگستن کیڈنا (Agustín Cadena)
اردو قالب ؛ قیصر نذیر خاورؔ
ہمارے اپارٹمنٹ کے سامنے والی ایک پرانی عمارت کی چوتھی منزل پر لگ بھگ گیارہ سال کی ایک لڑکی رہتی ہے ۔ میرا خیال ہے کہ اس کا خاندان بھی ہے لیکن میں نے صرف لڑکی کو ہی دیکھا ہے ۔ ترچھی چھت میں بنی اس کی کھڑکی ہمارے ’ لیونگ روم ‘ کی کھڑکی کے بالکل سامنے ہے ۔ اکثر، جب اندھیرا ہو رہا ہوتا ہے اور بتیاں جل اٹھتی ہیں تو میں اسے دیکھتا ہوں ۔ وہ سنہرے بالوں والی ایک گوری لڑکی ہے اور اس نے ہمیشہ ایک عمدہ انگوری سفید نائٹ گاﺅن پہنا ہوتا ہے ۔
میری بیوی نے اسے نہیں دیکھا حالانکہ میں نے اس کے بارے میں اس سے کئی بار بات کی ہے اور اس کے تجسس کو ابھارا ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ نہیں سمجھتی کہ اس اپارٹمنٹ میں کوئی رہتا ہے ۔ لگتا ہے کہ ان دونوں کا کبھی آمنا سامنا نہیں ہوا ؛ جب میری بیوی گھر میں ہوتی ہے تو لڑکی کھڑکی کے پاس نہیں آتی اور نہ ہی بتیاں جلاتی ہے ۔ میرا خیال ہے کہ وہ وہاں نہیں سوتی ؛ یہ کمرہ یقیناً اس کے کھیلنے کی جگہ ہو گی ، مطالعہ گاہ ہو گی یا اسی طرح کا کچھ اور ۔ مجھے وہاں پڑا فرنیچر بھی نظر نہیں آتا کیونکہ کھڑکی ، جیسا کہ ایٹک کی ساری کھڑکیاں ہوتی ہیں ، بہت چھوٹی ہے ۔
حقیقت یہ ہے کہ صرف میں ہی ہوں جس نے اسے دیکھا ہے ۔ میں ہی ہوں جس نے اسے سنا ہے ، میں ہی ہوں جس نے اسے ، اُن صبحوں میں سنا ہے جب اس نے ہمارے اپارٹمنٹ میں آنا شروع کیا ہے ۔ وہ ٹانگیں پھیلائے ہمارے بستر پر یوں بیٹھ جاتی ہے جیسے ایک نادر گڑیا ہو اور گیت گنگنانے لگتی ہے ۔ ۔ ۔ گیت جنہیں صرف میں ہی سن سکتا ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
یہ افسانچہ مُصنف کی کتاب ' Dibujos a lápiz ' ( Pencil Drawings ) میں شامل ہے جو 2015 ء میں میکسیکو سے شائع ہوئی ۔
یہ افسانچہ مُصنف کی اجازت سے ترجمہ کیا گیا ہے ۔