سکرپٹ لکھتے وقت سکرپٹ رائٹر یقیناً چاہتا ہے کہ اگر ،،ایسا،، ہو جائے تو اچھا ہو یا میرا لکھا ہوا سین ،،ویسے،، ریکارڈ ہو تو لطف آ جائے ۔ اس ،،ایسے ویسے،، کے اظہار کے لئے چند اصطلاحات وضع کی گئی ہیں، جن کا مختصر جائزہ ہم ذیل میں لیں گے ۔ یاد رہے کہ یہ اصطلاحات یا glossary انگریزی زبان میں ہیں تو ان کا لفظی ترجمہ کرنا بہت مشکل کام ہے ۔ یہ تمام وہ اصطلاحات نہیں ہیں جو اس انڈسٹری میں استعمال ہوتی ہیں، بس ان میں سے چیدہ چیدہ کا ہی یہاں تذکرہ کیا جا رہا ہے ۔
ایکشن: سین کی تفاصیل، کردار، آوازیں الغرض سبھی وہ کچھ جو کسی سین میں شامل ہو سکتا ہے ۔
ایریل شاٹ: یہ ایک ایسا شاٹ ہوتا ہے جو ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر سے لیا جا تا ہے ۔ اگر آپ کوئی ایکٹی وٹی کسی بلند و بالا عمارت پر ہوتی دکھا رہے ہیں تو یہ شاٹ جہاز وغیرہ سے لیا جائے گا ۔ یاد رہے کہ ایریل شاٹ ہم کسی بلند عمارت یا اُونچی کرین سے نہیں لے سکتے۔
بیٹ (beat) یہ اصطلاح اس وقت استعمال ہوتی ہے جب ہمارا کوئی کردار بولتے بولتے اچانک خاموش ہو جائے اور اپنا جملہ دوبارہ شروع کرے ۔ اسے ہمارے ہاں پاز بھی کہا جاتا ہے لیکن درست اصطلاح بیٹ ہی ہے ۔
بی۔ جی۔ یا بیک گراؤنڈ: یہ اصطلاح تو عام زندگی میں بھی اس قدر رائج ہے کہ سبھی جانتے ہیں لیکن ایک سکرپٹ میں اس کا استعمال پس منظر کے لئے ہوتا ہے ۔ اس کا استعمال یوں سمجھیں کہ بیک گراؤنڈ میں دو آدمی لڑ رہے ہیں اور ہمارا کوئی کردار ان سے لاتعلق کوئی ایکٹی وٹی کر رہا ہے۔
کلوز آن یا کلوز اپ: یہ اصطلاح اس وقت استعمال ہوتی ہے جب آپ کا کیمرہ کسی خاص چیز کو اچھی طرح واضح کرکے اس کے گرد کی تفاصیل کو نظر انداز کرتا اور اسی پر مرکوز ہو جاتا ہے جیسے کسی انسان کا چہرہ، انگلی، ناک یا ہونٹ یا کسی عمارت کا کوئی خاص حصہ وغیرہ ۔
زوم ان: کیمرہ حرکت کرتا ہوا کسی چیز یا فرد کو قریب لانے کو کہتے ہیں ۔
زوم آؤٹ: زوم ان کے مخالف عمل کو کہتے ہیں ۔
ڈزالو ٹو: ایک سین کا بتدریج یوں مدغم ہونا کہ اس سے دوسرا سین برامد ہو جائے ڈزالو ٹو کہا جاتا ہے ۔
ڈولی: ایک پہیوں والی ایسی گاڑی (ٹھیلہ) جس پر کیمرہ رکھ کر اسے چلایا جاتا ہے اور ساتھ ہی سین بھی شوٹ کیا جاتا ہے ۔
اسٹبلشنگ شاٹ (establishing shot) یہ شاٹ یہ بتانے کے لئے استعمال ہوسکتا ہے کہ ہم کونسی خاص جگہ دکھانے جا رہے ہیں اور اسے عموماً پلے کے شروع میں ہی استعمال کرتے ہیں ۔ مثلاً آپ اپنا سین کراچی دکھانے کے لئے استعمال کررہےہیں تو آپ مزار قائد دکھا کر شروع کر سکتے ہیں، دیکھنے والا سمجھ جائےگا کہ بات کراچی کی ہو رہی ہے وغیرہ ۔
ایکسٹریم لانگ شاٹ: یہ شاٹ اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب کوئی چیز یا فرد یا کچھ اور بہت دور سے دکھانا مقصود ہو ۔ آپ چاہیں تو اسے فقظ XLS بھی لکھ سکتے ہیں۔ آپ کا ڈائریکٹر سمجھ جائے گا کہ آپ کیا چاہتےہیں ۔
فیڈ ان: یہ اصطلاح عموماً سکرپٹ کے شروع میں لکھی جاتی ہے اور اس کا مطلب ہوتا ہے کہ یہاں سے آپ کا ڈرامہ شروع ہو تا ہے ۔ فیڈ آؤٹ عموماً آخر میں لکھا جاتا ہے لیکن یہ ضروری بھی نہیں۔ آپ سکرپٹ کے درمیان بھی اسے ضرورت کے مطابق استعمال کر سکتے ہیں ۔
فریز: یہ اصطلاح وہاں استعمال ہوتی ہے جہاں آپ چلتے ہوئے کردار یا چیزکو روک دیتےہیں ۔ میں اکثر اپنے لکھے ڈراموں کے آخر میں یہ اصطلاح استعمال کرتا ہوں لیکن ضروری نہیں کہ آپ بھی کریں ۔ بس اتنا یاد رہےکہ جہاں آپ کسی چلتی ہوئی چیز کو روک دیں گے وہی فریز کہلائے گا ۔
انسرٹ: جب آپ کسی سین کے دوران کچھ اور دکھانا چاہیں (چیز، فرد وغیرہ) اور پھر سے سین وہیں سے شروع کر نا چاہیں تو اسے انسرشن کہتےہیں ۔ مثلاً آپ ایک پریشان تاثرات والی خاتون کو کمرے میں ٹہلتے دکھا رہے ہیں اور اسی دوران وقت بھی دکھانا چاہتےہیں تو آپ لکھیں گے ،،انسرٹ گھڑی جس پر دو بج کر دس منٹ ہوئےہیں،، ۔ پھر کٹ بیک ٹو لکھیں گے یعنی کٹ بیک اسی کردار پر جو آپ پہلے دکھا چکےہیں ۔
انٹر کٹ: دو کرداروں کے درمیان یا اشیا کے حوالے سے یہ اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔ مثلا کمرے میں دو کردار پہلے سے موجود ہیں، تیسرا کردار آتا اور کوئی پریشان یا حیران کر دینے والی بات کرتا ہے تو پہلے سے موجود دونوں کرداروں کو تاثرات کے حوالے سے باری باری سکرین پر دکھایا جائے گا تاکہ ان کا رد عمل واضح ہو سکے۔ اسے انٹرکٹنگ کہتے ہیں ۔ ضروری نہیں یہ کردار انسانی ہی ہوں ۔ کوئی چیز یا کوئی جانور وغیرہ بھی ہو سکتا ہے ۔
آف کیمرہ یا آف سکرین: عموماً یہ اصطلاح وہاں استعمال کی جاتی ہےجہاں آپ کو آواز کا سورس دکھانا مقصود نہ ہو جیسے کوئی کردار سو رہا ہے اور فون کی گھنٹی بجنے لگتی ہے یا دروازے پر کوئی دستک دینے لگتا ہےتو اسے آپ آف کیمرہ گھنٹی یا دستک کی آواز لکھیں گے ۔ آف سکرین بھی لکھ سکتےہیں ۔
پوائنٹ آف ویو یا پی ۔ او۔ وی: کسی کردار کو جب کسی شئے کا دکھانا مقصود ہو تو یہ اصطلاح لکھی جاتی ہے ۔ جیسے جنگل میں شیر کسی شکاری کو دیکھ رہا ہے یا اس کے الٹ وغیرہ ۔ کسی انسان کا کسی تیزی سے اس طرف بڑھتی ٹرین وغیرہ ۔ آپ کو سکرپٹ میں فقط ،،فلاں کا پی او وی،، لکھنا ہے۔
پُش ان: جب کیمرہ تیزی سےکسی کردارکی طرف چل رہا ہو تو یہ اصطلاح لکھتے ہیں ۔
سٹاک شاٹس: یہ پرانے شاٹس ہوتے ہیں جو کسی فلم لائبریری میں بھی ہو سکتےہیں اور انہیں آپ کسی خاص مقصد کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔ مثلاً آپ جنگ ستمبر دکھا رہے ہیں تو ظاہر ہے آپ جنگ تو اب شوٹ نہیں کر سکتے، اس واسطے آپ کو پہلے سے پڑے ہوئے شاٹس کا ہی استعمال کرنا ہوگا ۔ بعض اوقات جب آپ کوئی ڈاکیو منٹری لکھ رہے ہوتے ہیں تو ایسے شاٹس اپنے سکرپٹ میں تجویز کر سکتے ہیں ۔
سُپر یا سُپر امپوز: ایک شاٹ کے اُوپر دوسرے شاٹ کو ،،چڑھا،، کر دوسرا شاٹ شروع کرنے کےلئے یہ اصطلاح استعمال ہوتی ہے ۔
ٹائم کٹ: اس اصطلاح کو یوں سمجھا جا سکتا ہے کہ دو آدمی ایک ہوٹل میں گئے ۔ گفتگو شروع کی، پھر کھانا کھاتے دکھائے گئے ۔ ایک نے بل دیا اور وہ باہر نکل گئے ۔ اس اصطلاح سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کے قریب آ ئے یا جس مقصد کے لئے وہاں گئے تھے وہ پورا ہو گیا مثلا کسی خاص موضوع پر گفتگو وغیرہ ۔ یہ وقت بچانے کے لئے استعمال ہوتا ہے اور بجائے لمبی چوڑی گفتگو اور مختلف شاٹس لینے کے اسے استعمال کر لیتے ہیں ۔
ٹریکنگ شاٹ: دو مختلف کرداروں یا چیزوں کے چلتےہوئے جو شاٹس لئے جاتے ہیں، یہ اصطلاح ان کے لئے استعمال ہوتی ہے ۔ مثلا موٹر سائیکلوں پر جاتے دو افراد جو گفتگو کر رہے ہوں ۔ یا ایک کار میں بیٹھے افراد دوسری کار کے برابر سے گزرتے ہوئے کسی ایکٹی وٹی میں ملوث ہوں وغیرہ ۔
وائس اوور: یہ اصطلاح اس صورت میں استعمال ہوتی ہے جب بولنےوالے سین کے دوران دکھائی نہ دے رہے ہوں۔ اسےفلموں یا ڈراموں میں کم ہی استعمال کیا جاتا ہے لیکن بہر حال یہ ایک اصطلاح ہے جس کا علم آپ کو ہونا ضروری ہے ۔
ان اصطلاحات کے علاوہ بھی ٹی وی یا فلم کی دنیا کی اور بہت سی اصطلاحات ہیں لیکن چونکہ ان کا جاننا اس لئے ضروری نہیں کہ وہ نئے لکھنے والوں کی کوئی مدد نہیں کر سکتیں، تو انہیں چھوڑ دیا گیا ہے ۔میرےخیال میں یہ بھی بہت زیادہ ہیں لیکن بہر حال ڈرامہ لکھنےوالے کو ان کا علم ہونا ضروری ہے ۔
یہ ٹیلی ڈرامے کے سکرپٹ کے سلسلے کی آخری پوسٹ تھی ۔ میں نے کوشش توکی ہے کہ یہ پوسٹس پڑھ کر ٹیلی ڈرامے سے شغف رکھنے والے دوست اس سے استفادہ کر سکیں ۔ میں نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی ہے کہ ٹیلی ڈرامے کے سکرپٹ کے ہر پہلو کا احاطہ کر سکوں، پھر بھی اگر کچھ رہ گیا ہو تو معذرت ۔ دعاؤں میں یاد رکھیں ۔