آج – 12؍فروری 1868
تحریک آزادی کے اہم رہنما ، جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے بانیوں میں شامل اور معروف شاعر” حکیم محمد اجمل خان شیدا ؔ صاحب “ کا یومِ ولادت…
حافظ حکیم محمد اجمل خاں نام ، شیداؔ تخلص ۔ مسیح الملک خطاب۔ ۱۲؍فروری ۱۸۶۸ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ حدیث، منطق ، فلسفہ ، ادب اور طبیعات کی تعلیم حاصل کی۔ آپ کے خاندان میں عالمگیر کے وقت سے طبابت چلی آتی ہے ۔ اجمل خاں ایک نامور طبیب اور بڑے سیاسی لیڈر تھے۔ طبیہ کالج، دہلی کا قیام آپ ہی کی کوششوں کا نتیجہ تھا۔اردو اور فارسی زبانوں میں شعر کہتے تھے۔ جدوجہد آزادی کے سرگرم کارکن تھے۔ ۲۹؍دسمبر۱۹۲۷ء کو رام پور میں انتقال کرگئے۔ ایک رپورٹ کے مطابق نواب رام پور نے انھیں زہر دے دیا تھا۔ یہ نواب رام پور کے شاہی معالج تھے۔ آپ کا مجموعہ کلام ’’دیوان شیدا‘‘ کے نام سے چھپ گیا ہے۔
✨ پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤፤
ممتاز شاعر حکیم اجمل خان شیدا ؔ کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطور خراجِ عقیدت…
درد کو رہنے بھی دے دل میں دوا ہو جائے گی
موت آئے گی تو اے ہمدم شفا ہو جائے گی
—
دنیا بس اس سے اور زیادہ نہیں ہے کچھ
کچھ روز ہیں گزارنے اور کچھ گزر گئے
—
چرچا ہمارا عشق نے کیوں جا بہ جا کیا
دل اس کو دے دیا تو بھلا کیا برا کیا
—
رخسار پر ہے رنگ حیا کا فروغ آج
بوسے کا نام میں نے لیا وہ نکھر گئے
—
مے نہ ہو بو ہی سہی کچھ تو ہو رندوں کے لئے
اسی حیلہ سے بجھے گی ہوس جام شراب
—
وہ سر ہی کیا کہ جس میں تمہارا نہ ہو خیال
وہ دل ہی کیا کہ جس میں تمہارا گزر نہ ہو
—
بھلا تو اور گھر آئے مرے کیوں کر یقیں کر لوں
تخیل کیوں نہ ہو میرا تری آواز پا کیوں ہو
—
تعصب بر طرف مسجد ہو یا ہو کوئے بت خانہ
رہ دل دار پر جاتا قدم یوں بھی ہے اور یوں بھی
—
مقصدِ الفت کو کر لو پہلے شیداؔ دل نشیں
ورنہ ہر آہ و فغاں بے مدعا ہو جائے گی
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
حکیم محمد اجمل خان شیداؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ