تقریب تقسیم انعامات و اَسناد اقبال کتاب ایوارڈ ۲۰۔۲۰۱۹ء اور تمغہ حاصلِ حیات ۲۰۲۰ء
علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہونے والے اقبالیاتی ادب پر کتب کے مقابلے کی تقریب تقسیم انعامات و اَسناد کی پُروقار تقریب برجرپینٹس پاکستان لمیٹڈ کے تعاون سے دبستانِ اقبال‘ لاہور میں ۲۸ نومبر ۲۰۲۰ء کو منعقد ہوئی۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال تھیں۔ اس مقابلہ میں کل اُنیس کتب شامل تھیں۔ جن میں اٹھارہ کتب اُردو زبان میں جبکہ ایک کتاب انگریزی کی شامل تھی۔ گزشتہ برس کل گیارہ کتب اس مقابلہ میں شامل تھیں‘ جو سب اُردو زبان میں تھیں۔ امسال اُردواور انگریزی کتب کو علیحدہ علیحدہ درجہ بندیوں میں رکھا گیا تھا۔
جس کی وجہ سے امسال دو کتب کو اقبال کتاب ایوارڈ دیا گیا۔ اُردو کتب میں محمد اعجاز الحق کی ’’اقبال اور شیکسپئیر‘‘ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ انگریزی میں پروفیسر ڈاکٹر وحیدالزماں طارق کی "Iqbal and the Sages of the East"کو اقبال کتاب ایوارڈ کا حقدار ٹھہرایا گیا۔اس تقریب میں تمام مصنفین میں اَسناد تقسیم کی گئیں جبکہ اقبال کتاب ایوارڈ ۲۰۔۲۰۱۹ء پانے والی دونوں کتب کے مصنفین کو میڈلز سے بھی نوازا گیا۔ کتب کی درجہ بندی کے لیے جن منصفین نے نتائج مرتب کیے اُن میں ڈاکٹر نجیب جمال‘ ڈاکٹر طاہر حمید تنولی‘ ڈاکٹر محمد نعیم بزمی اور ڈاکٹر محمود علی انجم تھے۔
مہمانِ خصوصی جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال اور چئیرمین علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی میاں ساجد علی نے منصفین اور مصنفین میں اَسناد ‘ میڈلز اور شیلڈز تقسیم کیں۔ اقبال کتاب ایوارڈ اقبالیاتی ادب پر شائع ہونے والی کتب پر اپنی نوعیت کا پہلا ایوارڈ ہے جو غیر سرکاری سطح پر مصنفین کی حوصلہ افزائی کے لیے دیا جاتا ہے۔ جس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ عوام الناس کو یہ بآور بھی کروایا جائے کہ اقبالیاتی ادب پر کتب کی اشاعت کا سلسلہ روزبروز جاری و ساری ہے۔
علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی نے جہاں اقبالیات میں نئی جہتوں کو متعارف کروایا وہیں اقبالیات کی خدمت کرنے والے افراد میں تمغہ حاصلِ حیات (Life Time Achievement Award)کا بھی اجراء کیا۔ اِس ضمن میں اس برس تمغہ حاصلِ حیات پانے والی شخصیت محمد اقبال بالم کی تھی۔ آپ نے کلامِ اقبال کی ترویج اور عوام الناس تک اُس کی رسائی میں اپنی ساری زندگی صَرف کر دی۔ آپ نے نوجوانی سے بڑھاپے تک تقریباً پانچ عشروںپر محیط عرصہ میں کلامِ اقبال کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھا۔ فروغِ کلامِ اقبال کے اس سلسلہ میں آپ نے مجلسِ اقبال۔شاہدرہ کی بنیاد رکھی اور کئی تنظیموں کے ساتھ منسلک رہے۔
گزشتہ تین دہائیوں سے آپ مزارِ اقبال سے ملحقہ حضوری باغ میں ہر سال یومِ اقبال کے موقع پر کلامِ اقبال کو عوام الناس میں پہنچانے کا انتظام کررہے ہیں جہاں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کا اجتماع ہوتا ہے۔ سامعین کو کلامِ اقبال سے روشناس کروانے اور اُن کے دلوں کو گرمانے کی اس خدمت کے اعتراف میں علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی کی جانب سے آپ کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ۔۲۰۲۰ء (تمغہ حاصلِ حیات) سے نوازا گیا۔ علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی کے زیر اہتمام ہونے والی اس پُروقار تقریب کی میزبانی
چئیرمین علامہ اقبال سٹمپ سوسائٹی میاں ساجد علی اور ضحی تنویر نے کی جبکہ مجتبیٰ خالد نے اپنی پُرسوز آوازمیں کلامِ اقبال پیش کیا۔
ایم بی بی ایس 2024 میں داخلہ لینے والی طلباء کی حوصلہ افزائی
پروفیسر صالحہ رشید ، سابق صدر شعبہ عربی و فارسی ، الہ آباد یونیورسٹی نے گذشتہ ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۴ء کو...