آج – ٢٦؍ستمبر ١٨٧٦
مشہور وکیل، ادیب، علامہ اقبال کے ہم عصر اور معروف شاعر” سید غلام بھیک نیرنگؔ صاحب “ کا یومِ ولادت…
٢٦؍ستمبر ١٨٧٦ء کو سید غلام بھیک نیرنگ دورانہ ضلع انبالہ میں پیدا ہوئے۔ وہ گورنمنٹ کالج لاہور کے فارغ التحصیل تھے۔ انہوں نے تحریک خلافت، تحریک موالات اور آل انڈیا مسلم لیگ میں فعال کردار ادا کیا۔١٩٣٦ء میں مرکزی مجلس قانون ساز کے رکن منتخب ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے رکن بھی رہے۔وہ ایک معروف ادیب بھی تھے اور اردو کے ادبی ماہنامے "مخزن" کے ادارتی امور میںشیخ عبدالقادر کی معاونت کیا کرتے تھے۔
١٦؍اکتوبر١٩٥٢ء کو سید غلام بھیک نیرنگ لاہور میں وفات پاگئے۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
معروف شاعر غلام بھیک نیرنگؔ کے یوم پیدائش پر منتخب اشعار بطور خراجِ تحسین…
دردِ الفت کا نہ ہو تو زندگی کا کیا مزا
آہ و زاری زندگی ہے بے قراری زندگی
….
میرے پہلو میں تم آؤ یہ کہاں میرے نصیب
یہ بھی کیا کم ہے تصور میں تو آ جاتے ہو
….
آہ! کل تک وہ نوازش! آج اتنی بے رخی
کچھ تو نسبت چاہئے انجام کو آغاز سے
…..
محوِ دید چمن شوق ہے پھر دیدۂ شوق
گُلِ شاداب وہی بلبلِے شیدا ہے وہی
…..
دانہ و دام سنبھالا مرے صیاد نے پھر
اپنی گردن ہے وہی عشق کا پھندا ہے وہی
…..
ناز نے پھر کیا آغاز وہ اندازِ نیاز
حسنِ جاں سوز کو پھر سوز کا دعویٰ ہے وہی
…..
کبھی صورت جو مجھے آ کے دکھا جاتے ہو
دن مری زیست کے کچھ اور بڑھا جاتے ہو
…..
کس طرح واقف ہوں حالِ عاشق جاں باز سے
ان کو فرصت ہی نہیں ہے کاروبارِ ناز سے
…..
پھر وہی ہم ہیں خیال رُخِ زیبا ہے وہی
سر شوریدہ وہی عشق کا سودا ہے وہی
…..
اک ہجومِ غم و کلفت ہے خدا خیر کرے
جان پر نت نئی آفت ہے خدا خیر کرے
…..
یاں تو اے نیرنگؔ دونوں کے لیے ساماں نہیں
موت بھی مجھ پر گراں ہے گر ہے بھاری زندگی
┅┈•✿ ͜✯ ━━━ ✿ ❀ ✿ ━━━ ✯͜ ✿•┄┅
غلام بھیک نیرنگؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ