آج – ۳۰ ؍ جولائی ۱۹۵۶
بنگال کے غالب، اردو ادب کے استاد شاعر اور بنگال کے ممتاز مابعد کلاسیکی شاعر” سیّد رضا علی وحشتؔ کلکتوی صاحب “ کا یومِ وفات…
نام سید رضا علی، وحشتؔ تخلص۔ ۱۸؍ نومبر ۱۸۸۱ء کو کلکتہ میں پیدا ہوئے۔ مدرسہ عالیہ کلکتہ میں تعلیم پائی۔ کچھ عرصہ امپریل ریکارڈ ڈپارٹمنٹ میں چیف مولوی کے عہدے پر فائز رہے۔ بعدازاں کلکتہ میں اسلامیہ کالج میں اردو اور فارسی کے پروفیسر کی حیثیت سے خدمت انجام دیتے رہے۔ ۱۹۳۱ء میں حکومت وقت نے ’’خان بہادر‘‘ کا خطاب عطا کیا۔ شمس فرید پوری سے تلمذ حاصل تھا جو حضرتِ داغؔ کے شاگرد تھے۔ تقسیم ہند کے بعد وحشت کلکتہ سے ہجرت کر کے ڈھاکا چلے گئے اور وہیں
۳۰؍جولائی ۱۹۵۶ء کو وفات پاگئے۔ وحشتؔ نے غالب کا تتبع بڑی خوبی سے کیا ہے ۔ کلام کا پہلا مجموعہ ’’دیوانِ وحشت‘‘ ۱۹۱۱ء میں شائع ہوا جس میں کچھ فارسی کلام بھی شامل تھا۔ ’’ ترانۂ وحشت‘‘ کے نام سے مکمل کلام کا مجموعہ ۱۹۵۰ء میں چھپا۔ ’’نقوش و آثار ‘‘ بھی ان کی تصنیف ہے۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد اول)،محمد شمس الحق،صفحہ:288
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
معروف شاعر وحشتؔ کلکتوی کے یومِ وفات پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ عقیدت…
اے کاش مرے قتل ہی کا مژدہ وہ ہوتا
آتا کسی صورت سے تو پیغام تمہارا
—
دیکھنا وہ گریۂ حسرت مآل آ ہی گیا
بیکسی میں کوئی تو پرسانِ حال آ ہی گیا
—
آئینۂ خیال تھا عکس پذیر راز کا
طور شہید ہو گیا جلوۂ دل نواز کا
—
میں نے مانا کام ہے نالۂ دل ناشاد کا
ہے تغافل شیوہ آخر کس ستم ایجاد کا
—
ترے آشفتہ سے کیا حال بیتابی بیاں ہوگا
جبینِ شوق ہوگی اور تیرا آستاں ہوگا
—
ضبط کی کوشش ہے جان ناتواں مشکل میں ہے
کیوں عیاں ہو آنکھ سے وہ غم جو پنہاں دل میں ہے
—
رُخِ روشن سے یوں اٹھی نقاب آہستہ آہستہ
کہ جیسے ہو طلوعِ آفتاب آہستہ آہستہ
—
نہیں ممکن لبِ عاشق سے حرف مدعا نکلے
جسے تم نے کیا خاموش اس سے کیا صدا نکلے
—
وفائے دوستاں کیسی جفائے دشمناں کیسی
نہ پوچھا ہو کسی نے جس کو اس کی داستاں کیسی
—
مجال ترک محبت نہ ایک بار ہوئی
خیال ترک محبت تو بار بار کیا
—
کس طرح حسن زباں کی ہو ترقی وحشتؔ
میں اگر خدمت اردوئے معلیٰ نہ کروں
—
خیال تک نہ کیا اہل انجمن نے ذرا
تمام رات جلی شمع انجمن کے لیے
—
کچھ سمجھ کر ہی ہوا ہوں موج دریا کا حریف
ورنہ میں بھی جانتا ہوں عافیت ساحل میں ہے
—
دونوں نے کیا ہے مجھ کو رسوا
کچھ درد نے اور کچھ دوا نے
—
ہوا ہے شوق سخن دل میں موجِ زن وحشتؔ
کہ ہم صفیر مرا رعب سا سخنداں ہے
وحشتؔ رضا علی کلکتوی
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ