سپریم کورٹ نے فوجیوں کو زمین کی الاٹمنٹ غیر آئینی قرار دے دی؛ ججوں کو بھی زمین کی الاٹمنٹ غیر قانونی ہے-آئین و قانون ججوں اور افواج پاکستان کو (سرکاری) اراضی لینے کا حق نہیں دیتا؛
بری، بحری یا فضائی افواج اور ان کے ماتحت کوئی بھی فورس رہائشی، زرعی یا کمرشل زمین لینے کا حق نہیں رکھتی:
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا ایک اور تاریخ ساز فیصلہ .سپریم کورٹ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی جانب سے زمین حاصل کرنے کے معاملہ پر فیصلہ سناتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں منظور کر لیں۔
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کی تھیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیڈرل ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا زمین حاصل کرنے کا اختیار ختم کر دیا تھا۔
عدالت میں مختصر فیصلہ جسٹس مشیر عالم نے سنایا۔90 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا 27 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ بھی شامل ہے؛
جس میں انہوں نے آبزرویشن دی ہے کہ ملک کا آئین اور کوئی بھی قانون ججوں اور افواج پاکستان کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ زمین لیں اور کوئی بھی قانون اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ چیف جسٹسز اور جج صاحبان زمین لینے کے حقدار ہیں۔
انہوں نے اپنے اضافی نوٹ میں مزید کہا کہ حکومت کا جج صاحبان کو پلاٹس دینا ان کو نوازنے کے مترادف ہے، عوام کی نظروں میں جج صاحبان کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لئے خودمختار عدلیہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمین کے حصول کی تین شرائط ہیں؛
پہلی شرط زمین عوامی مقصد کے لئے حاصل کرنا
دوسری شرط کے مطابق زمین کے حصول کا قانون ہونا چاہئے اور تیسری شرط یہ ہے کہ قانون میں زمین حاصل کرنے کے لئے معاوضہ دیا جانا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک عوامی فلاح کے لئے زمین حاصل کرنے کا سوال ہے تو یہاں آئین خاموش ہے؛
معیاری رہن سہن زندگی کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے- یہ عوامل ثابت کرتے ہیں کہ عوامی مقصد کے لیے ہاؤسنگ سکیم بنائی جا سکتی ہے-
اگر زمین مالکان معاوضے سے مطمئن نہ ہوں تو وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں؛
کوئی وکیل یا سرکاری ملازم ایک پلاٹ سے زیادہ پلاٹ لینے کا حقدار نہیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ کسی مخصوص قانون کو شامل کئے بغیر وزیراعظم سمیت کوئی بھی اپنے صوابدیدی اختیار استعمال کرکے کسی کو پلاٹ نہیں دے سکتا-
کم آمدنی والے سرکاری ملازمین اور جونیئر افسران کے لئے کم قیمت پلاٹ دستیاب ہونے چاہئیں؛
بری، بحری اور فضائی افواج یا ان کے ماتحت کوئی بھی فورس رہائشی، زرعی یا کمرشل زمین لینے کا حق نہیں رکھتی۔
انہوں نے اپنے اضافی نوٹس میں جنرل گریسی اور ایوب خان کا واقعہ بھی تحریر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ
"جب جنرل گریسی پاکستانی فوج کو کمان کر رہے تھے تو ایوب خان نے پلاٹ لینے کی درخواست کی تھی، اس وقت کے آرمی چیف جنرل گریسی نے ایوب خان کو پلاٹ دینے سے انکار کر دیا تھا؛
حیران کن طور پر ایک برطانوی افسر نے اس ملک کی زمین کو اسی دھرتی کے سپوت سے بچایا" –
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مطابق شجاع نواز نے اپنی کتاب میں لکھا کہ" فوج اور سول بیوروکریسی میں ایک سے زائد پلاٹس کا کلچر عام ہے؛ گزرتے وقت کے ساتھ فوج میں ایسی “سویٹ ہارٹ” ڈیلز کو قابلِ قبول بنایا گیا"۔
انہوں نے لکھا کہ آئین کے تحت سرکاری سول اور فوجی ملازمین مساوی حیثیت رکھتے ہیں؛
سول سرونٹس 60 سال، ہائیکورٹس کے چیف جسٹس 62 سال کی عمر میں ریٹائر ہوتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور جج صاحبان کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 سال ہے۔
جسٹس فائزعیسیٰ نے اضافی نوٹ میں لکھا کہ
"اگر ججوں کے پاس رہنے کے لئے جگہ نہیں تو انہیں زندگی گزارنے کے لیے معقول پینشن دی جاتی ہے؛
مالی سال 2020-21 کیلئے پنشن کی مد میں 4 کھرب 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں-
ایک کھرب 11 ارب روپے سرکاری ملازمین کی پنشن کیلئے مختص کئے گئے ہیں؛ جبکہ 3 کھرب 59 ارب روپے سے زائد کی رقم افواج پاکستان کے ریٹائرڈ افسران اور اہلکاروں کیلئے رکھی گئی ہے۔
اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ "پنشن کی مد میں ادا ہونے ہونے والی رقم سویلین حکومت چلانے کے اخراجات کے تقریباً مساوی ہے؛
حکومت بیرون ممالک سے قرض لے کر خسارہ بڑھا رہی ہے-
رواں مالی سال میں 29 کھرب 46 ارب روپے سے زائد کی رقم قرض کی صورت میں ادا ہونی ہے-
وہ بچے جو ابھی پیدا نہیں ہوئے، اور وہ بجے جو ابھی پیدا ہونے ہیں ان کے بچے بھی غربت کا شکار ہوں گے؛
پاکستان کا فوجی اور عدالتی نظام برطانوی طرز پر قائم ہے"۔
اضافی نوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ "بیشتر پاکستانیوں کو بنیادی رہائش کی سہولت تک میسر نہیں؛
قرآن میں لکھا ہوا ہے کہ غریبوں اور ناداروں کی مدد کی جائے، ملک کی زمین اشرافیہ میں تقسیم کرنا قرآن کے اصول کی نفی ہے"۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہدایت جاری کی کہ اس فیصلے کی کاپی اردو زبان میں بھی جاری کی جائے – ۔
انہوں نے اپنا اضافی نوٹ پیمرا کو بھجوا کر ٹی وی چینلز پر نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔