سٹروک (فالج) کی علامات
سٹروک یا فالج کی سات علامتیں جو آپ سب کو معلوم ہونا چاہییں – سٹروک اس وقت ہوتا ہے جب دماغ کے کسی حصے کو خون کی سپلائی منقطع ہو جاتی ہے اور دماغ کے خلیے یعنی نیورونز مرنے لگتے ہیں – سٹروک کسی شخص کو کسی بھی وقت ہو سکتا ہے – سٹروک کی مریضوں میں ایک تہائی سے زیادہ 65 برس سے کم عمر کے ہوتے ہیں – جن لوگوں کا کولیسٹرول لیول زیادہ ہو، بلڈ پریشر زیادہ ہو، یا وہ سگریٹ پیتے ہوں ایسے اشخاص میں سٹروک کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے– ماہرین کے مطابق سٹروک کی صورت میں مریض کو جلد سے جلد طبی امداد پہنچانا ضروری ہے – سٹروک ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر اندر علاج شروع ہو جائے تو موت یا مستقل معذوری کا خطرہ کم ہو جاتا ہے – سٹروک ہونے سے کچھ دیر پہلے سے ہی اس کی علامتوں کا آغاز ہو جاتا ہے – ان میں سے کچھ علامتیں سٹروک کا حملہ ہونے سے گھنٹوں یا دنوں (اور کچھ صورتوں میں تو ہفتوں) پہلے سے شروع ہو سکتی ہیں – سٹروک یا فالج کے آغاز کی سات علامتیں یہ ہیں
1 – چہرے کا ایک طرف ڈھلک جانا – اگر چہرے کی ایک سائیڈ مختلف اور ڈھلکی ہوئی نظر آئے تو جان لیجیے کہ سٹروک ہونے کا فوری خطرہ موجود ہے – ایسے مریض کو مسکرانے کا کہیے تاکہ آپ یہ دیکھ سکیں کہ اس کی مسکراہٹ ایک طرف ڈھلکی ہوئی تو نہیں
2 – بازو میں کمزوری – جن لوگوں کو سٹروک ہو رہا ہوتا ہے انہیں عموماً اپنے ایک بازو میں کمزوری یا شل ہو جانے کا احساس ہوتا ہے – ایسے مریضوں کو اپنے دونو بازوؤں کو سر سے اوپر اٹھانے کو کہا جاتا ہے – اگر مریض کا ایک بازو دوسرے سے کافی نیچے رہے تو سمجھ لیجیے مریض کو سٹروک ہو رہا ہے
3- بولنے میں مشکل – جن لوگوں کو سٹروک ہو رہا ہو انہیں عموماً بولنے میں مشکل پیش آتی ہے – ان کے الفاظ صاف نہیں ہوتے اور وہ الفاظ کو کھینچ کر لمبا کرتے معلوم ہوتے ہیں (یعنی ان کے بولنے میں slur ہوتا ہے) – ان مریضوں کو بار بار بولنے پر مائل کرنا چاہیے تاکہ ان کے الفاظ کی ادائیگی کے انداز سے یہ اندازہ لگایا جا سکے کہ ان کے صاف نہ بولنے کی وجہ محض نقاہت ہے یا انہیں الفاظ کی ادائیگی میں مشکل پیش آ رہی ہے
4- شدید سر درد – اچانک اور شدید سر درد سٹروک کی علامت ہو سکتی ہے خصوصاً اگر سٹروک کی دیگر علامات بھی موجود ہوں – یہ ذہن میں رکھیے کہ شدید سر درد مائیگرین یعنی دردِ شقیقہ یا آدھے سر کے درد کی علامت بھی ہو سکتی ہے – چنانچہ اگر مریض کو پہلے سے شدید درد کی شکایت رہتی ہو تو اس سے یہ ضرور پوچھیے کہ یہ درد پہلے ہونے والے درد سے مختلف ہے یا نہیں – اس کے علاوہ جتنی جلد ممکن ہو مریض کو کسی ڈاکٹر کے پاس یا ہسپتال پہنچا دیجیے
5- نظر میں تبدیلی – ماہرین کے مطابق اگر مریض کو اچانک دو دو شبیہیں نظر آنے لگیں یا ایک آنکھ کی بینائی یکایک تبدیل ہو جائے تو یہ بھی سٹروک کی نشانی ہو سکتی ہے –
6- کنفیوژن – اگر کوئی مریض اچانک معمولی باتوں پر کنفیوز ہونے لگے تو جان لیجیے کہ اس مریض کو سٹروک کا خطرہ بہت زیادہ ہے – کنفیوژن کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مریض دوسروں کی سیدھی سادی باتیں سمجھنے سے قاصر ہو اور خود اس کے خیالات پراگندہ ہوں اور وہ کوئی مربوط بات نہ کر پائے
7 – بیلینس خراب ہونا – سٹروک کے مریض اکثر اپنا بیلینس کھو بیٹھتے ہیں اور ان کے ہاتھوں پیروں کی حرکات میں بے ہنگم پن نظر آنے لگتا ہے – اگر کسی مریض کا بیلینس خراب محسوس ہو تو اسے کہیے کہ اپنے ناک پر انگلی لگائے یا ایک سیدھی لائن میں چلے – اگر مریض ایسا نہ کر پائیں تو انہیں فوراً ہسپتال پہنچا دیجیے
اگر آپ میں یا کسی اور میں سٹروک کی یہ علامتیں موجود ہوں تو ایسے مریض کو جلد از جلد ہسپتال پہنچانا ضروری ہے – اگر آپ کو یہ تمام علامات یاد نہیں رہ پاتیں تو ایک چھوٹا سا لفظ FAST یاد کر لیجیے – اس میں F سے مراد ہے face drooping یعنی چہرے کی ایک سائیڈ کا ڈھلک جانا، A سے مراد ہے بازو (Arm) میں کمزوری، S سے مراد ہے بولنے (speech) میں مشکلات، اور T سے مراد ہے کہ مریض کو ہسپتال لے جانے کا ٹائم آن پہنچا ہے –
ویڈٰیو لنک:
اردو زبان میں سائنس کے ویڈیوز دیکھنے کے لیے ہمارا یوٹیوب چینل وزٹ کیجیے
https://www.youtube.com/sciencekidunya
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔