(Last Updated On: )
تاریخ وفات: ۷ جولائی ۲۰۲۱
فلمی دنیا کا تھے جو عز و وقار
نہ ر ہے آہ اب دلیپ کمار
نامِ نامی تھا جن کا یوسف خاں
عظمت فکر و فن کا تھے معیار
سات جولائی دوہزار اکیس
بالی ووڈ کے لئے ہے تیرہ و تار
فلمی دنیا کے تاجدار تھے وہ
کوئی ہوگا نہ اب دلیپ کمار
مُلک و ملت کا تھے وہ سرمایہ
ناز کرتا تھا جن پہ ہر فنکار
”مغلِ اعظم“ ہو یا ہو وہ ”دیدار“
ان کا ہے لازوال ہر کردار
وہ جو کہتے تھے اُن کو ”ٹریجیڈی کِنگ“
اُن کی ہے دلفگار حالتِ زار
کاش مِل جاتا اُن کو بھارت رتن
ہر طرح سے تھے جس کے وہ حقدار
ہوں بلند اُن کے خلد میں درجات
مِلے ابدی وہاں پہ ان کو قرار
اُن کی رحلت کی ہے خبر برقیؔ
سارے عالم میں سُرخیٔ اخبار