جہاز سے کچھ نیچے گرایا گیا۔ بغیر آواز کے بہت تیز روشنی۔ ایک بہت تیز گرمی کی لہر۔ جو قریب تھے، ان کے جسم بھی پگھل گئے یا راکھ بن گئے۔ جو بچے، وہ بتاتے ہیں کہ ان کے جسم پر پہنے گئے کپڑے بھی چیتھڑوں میں بدل گئے تھے۔ اس کے بعد کان پھاڑ دینے والا دھماکہ۔ ایسے جیسے جسم میں ہزاروں سوئیاں گھونپ دی گئی ہوں۔پھر آگ لگنا شروع ہوئی اور ایک تیز آندھی۔ جس نے جسم پر آبلے ڈال دیے۔ لاشوں سے سڑکیں بھر گئیں تھیں۔ پھر اس سے بھی برا ہوا۔ تیز بارش جو ریڈیو ایکٹو تھی۔ یہ جسم پر گرتی اور گوشت میں پیوست ہو جاتی۔ یہ ہیروشیما پر گرنے والا ایٹم بم تھا۔
فیکٹری میں کام کرنے والے میاں بیوی کا تین سالہ بیٹ شن اپنی تین پہیوں کی سائیکل پر کھیل رہا تھا۔ جنگ میں لوہا ہتھیار بنانے میں کام آتا تھا اور اس کی کمی تھی۔ لوہے سے بنی سائیکل ہر کسی کے پاس نہیں تھی۔ یہ اس کے والدین نے اس کو بڑی مشکل سے لا کر دی تھی۔ صبح سوا آٹھ بجے اپنے دوست کے ساتھ کھیلتا شن اسی سائیکل پر بیٹھا تھا۔ اس تیز روشنی کے بعد چھا جانے والی تاریکی کی لپیٹ میں آ گیا۔ سائیکل پر بیٹھا بچہ ملبے تلے دب گیا۔ اس کو نکال لیا گیا۔ زخمی شن اس شام کو چل بسا۔ اس کے والد نے اس بچے کو اس کی سائیکل سمیت ہی گھر کے صحن میں دفن کر دیا۔
چالیس سال بعد شن کے والد نے اپنے بچے کی آخری رسومات ٹھیک طریقے سے دوبارہ کیں۔ بچے کو دفنانے والی جگہ کھودی گئی تو یہ سائیکل نکلا۔ یہ سائیکل اب ہیروشیما پیس میموریل میوزیم میں ہے۔ اس کے ساتھ یہ پوری کہانی لکھی ہے۔ اس پر تفصیل کے ساتھ یہ کہانی بھی لکھی ہے۔ اس میوزیم میں اس کو دیکھ کر اور کہانی پڑھتے ہوئے آبدیدہ سیاح اپنی نم آنکھیں پونچھتے نظر آتے ہیں۔
یہ پوسٹ اس بارے میں نہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا شن کی سائیکل کی کہانی درست ہے؟ اگر آپ جاپانی ہیں تو ہاں۔ اگر جاپانی نہیں اور اس کہانی کو توجہ سے پڑھیں تو اس میں کئی جھول نظر آتے ہیں۔ خاص طور پر اگر آپ جاپانی لوک کہانیوں سے واقف ہوں۔
لیکن کیا اس سے فرق پڑتا ہے؟
جاپان میں بھی بہت چھوٹی قوم پرست اقلیت موجود ہے جو جنگ عظیم کو ایک الگ ہی رنگ میں دیکھتی ہے لیکن جاپان اپنے ماضی سے سمجھوتہ کر چکا ہے۔ آج جاپان اور امریکہ بہترین دوست ہیں۔ جاپان نے انتہائی دل خراش مظالم ڈھانے کے بعد بھی چین سے بھی دوستانہ تعلقات بنا لئے ہیں۔ جاپان ہیروشیما کا واقعہ نہیں بھولا۔ اسی وجہ سے دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کے خلاف سب سے اونچی آواز جاپان اٹھاتا ہے۔ شن کی سائیکل کی کہانی ٹھیک ہے یا غلط، یہ جاپانیوں کو اس روز کا یاد کرواتی رہتی ہے۔ کوئی قوم کیسا رویہ اپناتی ہے، اس کا گہرا تعلق اس کے ماضی سے اور یاد رکھی گئی کہانیوں سے ہے۔ میوزیم میں پڑی یہ سائیکل جاپان کی ایک ایسی کہانی ہے۔