شاہد آفریدی کی پیدائش
——————————–
٭یکم مارچ 1980ء پاکستان کے مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی کی تاریخ پیدائش ہے۔ ستمبر، اکتوبر 1996ء میں نیروبی میں چار قومی کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہوا جس میں پاکستان کے علاوہ جنوبی افریقہ، سری لنکا اور کینیا نے حصہ لیا۔اس سیریز میں شاہد آفریدی کے ایک روزہ بین الاقوامی کیریئر کا آغاز ہوا۔ انہوں نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ2 اکتوبر 1996ء کو کھیلا۔ دو دن بعد4 اکتوبر 1996ء کو اس ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف کھیلتے ہوئے شاہد خان آفریدی نے 37 گیندوں پر 102 رنز اسکور کرکے ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین سنچری بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ ان کے اس اسکور میں گیارہ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ شاہد آفریدی سے پہلے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ سری لنکا کے جے سوریا کا تھا جنہوں نے اپریل 1996ء میں سنگر کپ میں پاکستان کے خلاف 48 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ شاہد آفریدی نے اپنے اسکور میں گیارہ چھکے مار کر ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا جے سوریا کا ریکارڈ برابر کردیا، البتہ وہ ایک گیندکے فرق سے تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ نہ بنا سکے جو جے سوریا نے صرف 17 گیندوں پر 50 رنز بناکر قائم کیا تھا۔ 25 فروری 2013ء تک وہ مجموعی طور پر 349 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے 6 سنچریوں کی مدد سے 7075رنز اسکور کیے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 348 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ شاہد آفریدی کے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 22اکتوبر 1998ء کو ہوا ۔ انہوں نے 27 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 5 سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 1716 رنز اسکور کیے۔ ان 27 ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے 48 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ٹی۔20 طرز کی کرکٹ میں بھی شاہد آفریدی کا ریکارڈ نہایت شاندار ہے۔ وہ اب تک 58میچ کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 845رنز اسکور کیے ہیں اور 63 وکٹیں حاصل کی ہیں
یہ کالم فیس بُک کے اس پیج سے لیا گیا ہے۔