صارف عدالت میں درخواست دینے کا طریقہ کیا ہے؟
گزشتہ آرٹیکل میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ اگر آپ کو آڑھتی یا ڈیلر دو نمبر بیج، کھاد یا سپرے وغیرہ دیتا ہے اور شکائیت پر آپ کی بات نہیں سنتا تو آپ صارف عدالت میں جا سکتے ہیں. ہم نے آپ کو یہ بھی بتایا تھا کہ صارف عدالتیں کہاں کہاں واقع ہیں اور عام طور پر یہ عدالتیں کس طرح کے فیصلے کرتی ہیں.
آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ شکائیت کی صورت میں آپ نے صارف عدالت میں درخواست کیسے دینی ہے.
بیج میں کس طرح کا مسئلہ ہو تو آپ عدالت جا سکتے ہیں؟
1. بیج کا اگاؤ بالکل نہ ہوا ہو، بہت کم ہوا ہو یا اگاؤ بیج کی تھیلی کے اوپر لکھی ہوئی شرح کے مطابق نہ ہوا ہو تو آپ عدالت جا سکتے ہیں.
2. اگر ڈیلر یا آڑھتی آپ کو ایک ورائٹی جیسا کہ ایف ایچ-142 دیتا ہے لیکن فصل بڑی ہونے پر پتا چلتا ہے کہ یہ ورائٹی ایف ایچ-142 نہیں بلکہ کوئی اور ہے تو ایسے میں آپ عدالت جا سکتے ہیں.
3. اگر ڈیلر آپ کو ایک ورائٹی مثلاََ ایف ایچ-142 دیتا ہے لیکن وہ ایک کی بجائے دو تین ورائٹیوں کا مکسچر نکل آتا ہے تو بھی آپ عدالت جا سکتے ہیں.
سپرے میں کس طرح کا مسئلہ ہو تو آپ عدالت جا سکتے ہیں؟
1. سپرے کرنے سے آپ کی فصل جل گئی ہو یا کوئی اور نقصان ہو گیا ہو تو آپ عدالت جا سکتے ہیں.
2. سپرے کرنے سے جڑی بوٹیوں یا کیڑوں مکوڑوں کا کنٹرول نہ ہوا ہو اور آپ محسوس کریں کہ دوائی دو نمبر ہے تو آپ عدالت جا سکتے ہیں.
درخواست دینے کے لئے آپ کے پاس کون کون سے ثبوت ہونے چاہئیں؟
سب سے بنیادی بات یہ ہے کہ آپ کے پاس خریدی ہوئی چیز (بیج، سپرے) وغیرہ کا ثبوت یعنی رسید ہونی چاہئیے. لہذا جب بھی کسان حضرات، ڈیلر یا آڑھتی سے بیج، کھاد، سپرے یا کوئی بھی چیز خریدیں تو اس کی رسید لازمی بنوائیں. اور سنبھال کر رکھیں.
واضح رہے کہ بعض اوقات ڈیلر ایسے ہی کسی پرچی کے اوپر رقم لکھ کر کسان کو دے دیتے ہیں. یہ کچی رسید ہوتی ہے. آپ کو پکی رسید لینی چاہئیے.
پکی رسید وہ ہوتی ہے جس کے اوپر دکان کا نام اور رسید نمبر وغیرہ چھپا ہوا ہوتا ہے. یاد رکھیں کہ آپ بیج کی جو بھی ورائٹی یا سپرے وغیرہ لیتے ہیں، اس ورائٹی یا سپرے وغیرہ کا نام بھی رسید کے اوپر لازمی درج ہونا چاہیئے.
دوسری بات یہ ہے کہ بیج کے خالی تھیلے یا سپرے کی خالی بوتلیں بھی سنبھال کر رکھ لیں. اور اگر ہو سکے تو ان تھیلوں میں تھوڑا تھوڑا بیج بھی بچا کر سنبھال لیں یا بوتلوں میں تھوڑی سی سپرے بھی بچا لیں.
درخواست دینے کا طریقہ کار کیا ہے؟
درخواست دینے کے دو طریقے ہم آپ کو بتائیں گے.
بغیر وکیل کے درخواست کیسے دی جا سکتی ہے؟
کاشتکار ایسا کرے کہ ایک بھر پور درخواست لکھے جس میں اپنی ساری کہانی بیان کرے.
کہانی حقائق پر مبنی ہونی چاہئیے اوردرخواست میں صرف اور صرف سچ لکھا جائے. کاشتکار درخواست لے کر صبح صبح عدالت پہنچ جائے اور عام عدالتوں کی طرح جج کے ریڈر کو درخواست جمع کروا دے. اور ریڈر کو کہے کہ مجھے جج صاحب کے سامنے پیش کرے.
صارف عدالتوں میں زیادہ رش نہیں ہوتا اس لئے آپ کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا. جج صاحب کے سامنے پیش ہو کر اپنی ساری کہانی بیان کر دیں. خیال رہے کہ آپ کی زبانی اور لکھی ہوئی بات میں فرق نہیں ہونا چاہئیے. جج صاحب آپ کی بات سن کر کارروائی شروع کر دیں گے اور مخالف پارٹی کو طلب کر لیا جائے گا.چند پیشیوں کے بعد فیصلہ سنا دیا جائے گا.
وکیل کے ذریعے درخواست کیسے دی جائے گی؟
اس کا سادہ سا طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی بھی اپنے اعتماد والے وکیل کے پاس جائیں اور اسے ساری بات بتائیں. وکیل آپ کی بات سن کر ایک درخواست بنائے گا اور عدالت میں جمع کروا دے گا. کاروائی شروع ہو جائے گی اور چند پیشیوں کے بعد فیصلہ ہو جائے گا.
کیس جیتنے کی صورت میں آپ کے وکیل کی فیس بھی مخالف پارٹی کو دینا پڑےگی.
درخواست دینے کے بعد کیا ہو گا؟
فرض کریں کہ آپ نے دو نمبر بیج کے بارے میں درخواست دی ہے. آپ کی درخواست کر کارروائی کرتے ہوئے جج محکمہ زراعت کے افسر یا سیڈ انسپکٹر کو آپ کی فصل یا موقع کا معائنہ کرنے کا حکم دے گا. زرعی افسر یا سیڈ انسپکٹر خود موقع پر جا کر آپ کی فصل کا معائنہ کر کے عدالت کو رپورٹ جمع کروائے گا. اور جج تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ سنا دے گا.
صارف عدالت کے قانون کے مطابق جج نے زیادہ سے زیادہ 6 مہینے میں فیصلہ سنانا ہوتا ہے لیکن عام طور فیصلے اس سے بھی پہلے ہو جاتے ہیں.
کن کن صورتوں میں فیصلہ آپ کے خلاف آ سکتا ہے؟
بعض کاشتکار گلہ کرتے ہیں کہ ہم نے صارف عدالتوں میں بھی جا کر دیکھا ہے، عدالتیں بھی کچھ نہیں کرتیں.
دراصل بات یہ ہے کہ عدالت ہمیشہ پیش کئے گئے ثبوتوں اور حقائق کو مد نظر رکھ کی فیصلہ کرتی ہے. لہذا آپ نے حقائق کو احتیاط سے لیکن بھر پور طریقے سے پیش کرنا ہے. اگر آپ حق پر ہیں تو فیصلہ بھی آپ کے حق میں ہی آئے گا. لہذا عدالت میں جانے سے پہلے ان چند ضروری باتوں کو ذہن میں رکھئے.
1. واضح رہے کہ جس فصل کے بارے میں آپ نے دعوی کیا ہے وہ فصل کھیت میں موجود ہونی چاہیئے. اگر آپ نے فصل کی کٹائی کر لی تو پھر کوئی بھی افسر موقع کا معائنہ نہیں کر سکے گا. اس کا مطلب یہ ہے کہ ثبوت آپ نے خود ہی ختم کر دئیے اور آپ کا کیس کمزور ہو جائے گا.
2. اگر آپ کے پاس خریدی ہوئی چیز کی پکی رسید نہیں ہوگی یا رسید پر خریدی گئی چیز کی تفصیل نہیں لکھی ہوئی ہو گی تو بھی آپ کا کیس کمزور ہونے کا خطرہ ہے.
3. اگر آپ نے بیج کے متعلق شکائیت کر رکھی ہے لیکن بجائی آپ نے محکمہ زراعت کی طرف سے سفارش کئے ہوئے وقت سے پہلے یا بعد میں کی ہے تو فیصلہ آپ کے حق میں آنا مشکل ہے.
4. اگر آپ نے درخواست میں کوئی جھوٹ لکھ دیا اور جھوٹ پکڑا گیا تو سارا کھیل ہی الٹ ہو جائے گا.
لہذا درخواست دینے سے پہلے اندازہ ضرور لگائیں کہ کیس آپ کے حق میں بھی ہے یا نہیں. ایک بات ذہن نشین رہے کہ جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہی ہوتی ہے.
اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو.
تحریر و تحقیق
ڈاکٹر شوکت علی
ماہرِ تو سیع زراعت، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔