سمی میری وار، میں واری
میں واری آں نی سمئیے”
ترجمہ:
سمّی میری باری ہے، میں قربان
میں جان قربان کرتی ہوں، اے سمّی
یہ سن 1773ء کا واقعہ ہے جب جودھپور کے راجے ابھئے سنگھ کو ایک نیا محل بنانے کا خیال آیا۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں جنڈ کی لکڑی کی ضرورت تھی۔ راجہ کے سپاہی اس کی تلاش میں امریتا دیوی کے گاؤں تک آن پہنچے، امریتا دیوی کے گاؤں کا نام کھجرلی ہے۔ راجستھانی میں جنڈ کا نام کھجرلی ہی ہے۔ یہ علاقہ پورے خطے میں سب سے زیادہ سرسبز تھا اور ہوتا بھی کیسے نہ، یہ گرو جم بھیشور جی کے پیروکاروں کا گاؤں تھا جو اپنے اُنتیس ماحول اور انسان دوست اصولوں کی وجہ سے بشنوئی کہلاتے ہیں۔ جان لیں کہ بشنوئی عقیدے میں کسی بھی جانور کا شکار کرنا اور کوئی سر سبز درخت کاٹنا ممنوع ہے اور کسی بھی حالت میں اس کی کوئی اجازت نہیں ہے۔
جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ جنڈ کو راجستھان میں کھجرلی کہتے ہیں۔ اسی طرح سندھ میں اسے کنڈی ، سرائیکی میں کنڈا، پنجاب میں جنڈ، عرب اسے غاف کے نام سے پکارتے ہیں،سنسکرت اور گجراتی میں اسے سمی کہا جاتا ہے۔
اب راجہ کے سپاہیوں نے امریتا دیوی کی موجودگی میں اس جنڈ یعنی سمی کو کاٹنے کا ارادہ کیا تو امریتا دیوی نے انہیں ایسا کرنے سے روکا، سپاہی نہیں رکے تو امریتا دیوی درخت کے تنے سے یہ کہتی ہوئی لپٹ گئی کہ اگر اس درخت کو کاٹنا چاہتے ہو تو اس کیلئے پہلے مجھے کاٹنا پڑے گا۔ ۔ ۔ ۔ ۔ اور سپاہیوں نے امریتا دیوی کے جسم کو کاٹ دیا، امریتا دیوی کے درخت کے ساتھ کٹنے کے بعد ان کی تینوں بیٹیوں آسو، رتنی اور بھاگو بائی نے بھی یہ کہتے ہوئے ماں کی پیروی کی کہ
سمی میری وار (باری ) میں واری (میں قربان) ، نی سمی اے
اور گاؤں کے درختوں کو کٹائی سے بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔
امریتا دیوی اور ان کی بیٹیوں کی شہادت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی اور لوگوں نے اپنے گاؤں کے درختوں کو بچانے کے لیے ان سے لپٹ کر جانوں کا نذرانہ پیش کرنا شروع کردیا۔
کہتے ہیں جب تک راجا کو خبر ہوئی اور اس کی مداخلت سے یہ سلسلہ رکا، تب تک 363 لوگ اپنی جانیں قربان کر چکے تھے۔
ایسی ان گنت قربانیوں سے برصغیر کی زمین تہزیب یافتہ ہوئی۔ علی الصبح جب سامنے پارک میں درخت کٹا دیکھا تو سارا دن اداسی میں گزرا اسے میں نے اپنے ہاتھوں سے لگایا تھا۔ دکھ ہے کہ میں تو یہ بھی نہ کہہ سکا ۔۔۔
سمی میری وار ، میں واری۔۔۔۔۔
ڈاکٹر شہباز ملک پہلا پنجابی پی ایچ ڈی
ڈاکٹر شہباز ملک پنجابی زبان و ادب کی دنیا میں ایک مشہور و معروف نام ہیں۔ وہ پاکستان میں پنجابی...