ساحر لدھیانوی اچانک پاکستان چھوڑ گئے
ساحر لدھیانوی پاکستان بننے پر لاہور آگئے تھے۔ یہاں ابن انشأ، حمید اختر ، اے حمید ، عارف عبدالمتین جیسے دوستوں کی صحبت میسر تھی۔ ’’سویرا‘‘ کی مجلسِ ادارت میں بھی شامل ہوگئے۔
پھر یہ ہوا کہ پاکستان امریکی کیمپ میں شامل ہو گیا، ترقی پسندوں کی پکڑ دھکڑ شروع ہوگئی۔ انجمن ترقی پسند مصنفین سمیت ان کی تنظیموں پر پابندی لگ گئی۔
1948 کے جون کے یہی دن تھے، حمید اختر اور سید سجاد ظہیر کراچی گئے ہوئے تھے۔ شورش کاشمیری ساحر سے ملے اور کہا حمید اختر اور سجاد ظہیر کراچی میں گرفتار ہوگئے ہیں( حالانکہ یہ بات درست نہیں تھی) تمہاری بھی تلاش ہورہی ہے ، تمہاری عافیت اسی میں ہے کہ بھاگ جائو۔ شورش کی نیت پتہ نہیں کیا تھی، ساحر چپکے سے بمبئی چلے گئے۔
ساحر نے لاہور میں ’’سویرا‘‘ کے دو شمارے 3 اور4 ایڈٹ کئے۔ استادِ محترم سید فضیل ہاشمی کی روایت ہے کہ ساحر نے روزنامہ ’’امروز‘‘ میں بھی چند دن کام کیا۔ اتوار کو دفتر نہیں گئے۔ پیر کو گئے تو پوچھا گیا کہ آپ کل آئے نہیں، انہوں نے جواب دیا اتوار کو تو چھٹی ہوتی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ اخبار تو روز نکلنا ہوتا ہے، یہاں باری باری چھٹی ہوتی ہے، کسی کی پیر، کسی کی منگل ۔ ۔ آپ بھی کسی دن کر لیجئے گا۔ ساحر نے اتوار پر اصرار کیا ، کسی اور کی چھٹی بدلے بغیر فوری طور پر ایسا ممکن نہیں تھا۔ اس دن کے بعد وہ دفتر نہیں گئے
میرے یونیورسٹی کے زمانے میں شاید ہی کوئی طالب علم ہو جس نے ساحر کی ’’تلخیاں‘‘ نہ پڑھی ہو ۔۔ان کی مشہور و معروف نظم "تاج محل کے علاوہ"میں نہیں تو کیا"، "یہ کس کا لہو ہے"، "میرے گیت تمہارے ہیں"، "نور جہاں کے مزار پر"، "جاگیر"، "مادام"، "لہو نذر دے رہی ہے "، "آوازِ آدم"، "خوبصورت موڑ"، "لمحہ غنیمت" جیسی نظمیں نوجوانوں کو زبانی یاد ہوتی تھیں اس کتاب ’’تلخیاں‘‘ کے کم از کم سو سے زیادہ جائز اور ناجائز ایڈیشن چھپے ۔ لیکن اب نوجوانوں میں ذکر سننے میں نہیں آتا۔ اب نئی دلچسپیاں ہیں۔۔
ساحر کی فلمی شاعری بھی اتنی مقبول ہوئی کہ ان کے فلمی گیتوں کے مجموعوں ’’گاتا جائے بنجارہ‘‘ اور ’’گیت گاتا چل‘‘ کے جتنے ایڈیشن شائع ہوئے اتنے کسی اور فلمی شاعر کے نہیں ہوئے۔
بالی وڈ میں ساحر کی جوڑی سب سے اچھی ایس ڈی برمن کے ساتھہ بنی۔ انہوں نے او پی نیر، این دتا، خیام، روی، مدن موہن، جے دیو اور کئی دوسرے موسیقاروں کے ساتھہ بھی کام کیا
انھوں نے کم از کم دو ایسی انتہائی مشہور فلموں کے گانے لکھے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کی کہانی ساحر کی اپنی زندگی سے ماخوذ تھی۔ ان میں گرودت کی پیاسا اور یش راج کی کبھی کبھی شامل ہیں۔
ان کے کچھہ گانے
یہ محلوں یہ تختوں یہ تاجوں کی دنیا
یہ انساں کے دشمن سماجوں کی دنیا
یہ دنیا اگر مل بھی جائے تو کیا ہے
جانے وہ کیسے لوگ تھے جن کے پیار کو پیار ملا
کبھی کبھی میرے دل میں یہ خیال آتا ہے
میں پل دو پل کا شاعر ہوں
ملتی ہے زندگی میں محبت کبھی کبھی
نیلے گگن کے تلے
چھو لینے دو نازک ہونٹوں کو
میں نے چاند اور ستاروں کی تمنا کی تھی
میں جب بھی اکیلی ہوتی ہوں
دامن میں داغ لگا بیٹھے
ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر کہ دل ابھی بھرا نہیں
میں زندگی کا ساتھہ نبھاتا چلا گیا
رات بھی ہے کچھہ بھیگی بھیگی
ساحر 8 مارچ 1921 کو لدھیانہ کے ایک گائوں میں پیدا ہوئے تھے۔ والد نے ان کا نام عبدالحئی اس سہولت کیلئے رکھا کہ مخالف پڑوسی عبدالحئی کو بلا خوف گالیاں دے سکیں۔ ساحر کا 25 اکتوبر 1980 کو بمبئی میں انتقال ہوا۔ چاہنے والوں نے مقبرہ بنایا لیکن جنوری 2010 میں اسے مسمار کردیا گیا، پتہ نہیں مذہبی انتہا پسندوں نے یا کسی بلڈر قبضہ گروپ نے۔ بہرحال اب قبر کا کوئی نشان نہیں۔
مٹے نامیوں کے نشاں کیسے کیسے۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔
"