’’افسوس! ہمیں اِحساس نہیں کہ ہماری ہاں رنگوں کے قدیم اور خوبصورت نام بڑی تیزی سے مَترُوک ہو رہے ہیں۔ کل اِنھیں کون پہچانے گا۔‘‘
”شَنگرَفی، مَلاگیِری، عُنابی، کپاسی، کبُودی، شُتُری، زَمَرُّدی، پیازی، قِرمِزی، کاہی، کاکریزی، اَگرئی، کاسنی، نُقرَئی، قَناوِیزی، موتیا، نِیلوفَری، دھانی، شَربَتی، فالسئی، جامنی، چمپئی، تربوزی، مٹیالا ، گیروا، مونگیا، شہتوتی، تُرنجی، انگوری، کِشمشی، فاختئی، پستئی، شَفتالُو، طاؤسی، آبنُوسی، عُودی، عَنبری، حِنائی، بنفشئی، کُسمبری، طُوسی، صُوفیانہ اور سُوقیانہ۔“
”ہم نے اپنے لفظ خزانے پر لات ماری سو ماری، اپنی دھرتی سے پُھوٹنے والی دَھنَک پر بھی خاک ڈال دی۔‘‘
_ ہمارے ایک دوست نے فرمائش کی کہ ان رنگوں کے ناموں کی لُغت بھی پوسٹ کی جائے۔ اب یوسفی صاحب تو حیات ہیں نہیں کہ ان سے رجوع کیا جائے ، چنانچہ مَیں نے ہی ایک رات کالی کر کے کِسی طرح ان رنگوں کے ناموں کی فرہنگ تیار کی جو اس اُمید پر پیش کر رہا ہوں کہ شاید ہم ان ناموں کو دوبارہ اپنی لُغت میں شامل کر کے اپنے اس قیمتی ورثے کو کم از کم اپنی نئی نسلوں کے سپرد کر جائیں ۔ مَیں نے کچھ ایسے رنگوں کو اس فرہنگ میں شامل نہیں کیا ہے جِنہیں ہم اب بھی پہچانتے ہیں۔
یہاں اس بات کو بھی ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ ہر رنگ کے اپنے شیڈ بھی ہوتے ہیں اس لیے کِسی ایک نام کے ساتھ صرف اس کے ایک ہی شیڈ کو مخصوص نہیں کیا جاسکتا۔
فَرہَنگ _
Vermilion
شَنْگْرَفی : سُرخ ، خوب لال ، شنجرفی۔
شَنجرف : گہرے سرخ رنگ کی ایک معدنی شَے جو مصوّری اور نقاشی میں کام آتی ہے اور دوا کے طور پر بھی استعمال کی جاتی ہے۔
Sandalwood colour
مَلاگیِری : جوگیا ، گیروا ، صَندَل کا رنگ۔
ملاگیر : صَندَل کی قسم کی ایک لکڑی جسے پِیس کر سُرخی مِلا کر اس میں کپڑے (خصوصا ً دوپٹے) رنگتے ہیں جو خوشبودار بھی ہوتے ہیں۔
Sapphire Blue
کَبُودی : نیلا ، نیلگوں۔
کبودی ، نیلم یا sapphire جیسے گہرے نیلے رنگ کو کہاجاتا ہے۔ اس کی اصل یہ ہے کہ فارسی میں نیلم کو یاقوتِ کبود کہا جاتا ہے۔
Light Brown
شُتُری : شُتر (اونٹ) کے رنگ کا ، ہلکا بُھورا ، بادامی۔
Emerald Green
زُمُرُّدی : زمرد کے رنگ کا ، سبز رنگ کا۔
Crimson or Scarlet
قِرمِزی : گہرا سُرخ۔
Grass Green
کاہی : گہرا سبز۔
Dark Purple
کاکریزی : سیاہی مائل اُودا رنگ ، گہرا اُودا رنگ۔
Aloe wood
اَگرئی : گہرا کشمشی رنگ ، زردی مائل یا بھورا رنگ ، اَگر کے رنگ کا۔
Lilac
کاسنی : سرخی مائل نیلا ، بنفشی ، ہلکا اُودا ، سوسنی رنگ۔
قَناویزی : غالباً سرخ رنگ کا ۔ قَناویز دراصل سِلک کا ایک قسم کا کپڑا ہوتا تھا جو عموماً سرخ رنگ کا ہوتا تھا ۔ اس قسم کا کپڑا اب نہیں بُنا جاتا۔
colour of Blue Water-lily
نیلوفری : گہرا نیلا۔
Light Green
دھانی : سبز دھان کے رنگ کا ، ہلکا سبز۔
Orange or Pale Yellow
شربتی : ہلکا زرد رنگ جو کسی قدر سُرخی مائل ہو۔
Yellow, Golden, Orange
چَمپئی: ہلکی زردی یا سنہرا پَن لٸے ہوئے۔
مِٹیالا: مٹی کے رنگ کا ، خاکستری ، بُھورا۔
Red Ochre
گیروا : گیرو کے رنگ کا ، جوگیا رنگ کا۔
Green
مونگیا : مونگ کے رنگ کا ، سیاہی مائل سبز رنگ کا۔
Citron or Orange coloured
تُرَنجی : نارنجی رنگ کا ، سرخی مائل زرد۔
of Peach colour
شفتالوی : سیاہی مائل سرخ رنگ کا۔
آبنوسی : کالا ، سیاہ۔
of the colour of Ambergris
عَنبَری : سیاہی مائل بھورے یا گہرے سرمئی رنگ کا ، عَنبَر کے رنگ کا۔
حِنائی : مہندی کے رنگ کا ، زردی مائل سُرخ۔
Violet
بنفشی : بنفشئی ، پھیکا نیلا رنگ۔
Safflower
کُسمبری : کُسُمبی یا کُسُمبھی ، سرخی مائل گہرا نارنجی رنگ ، کُسُمب یاکُسُمبھ سے بنایا گیا رنگ۔
Purple
طُوسی : ایک قسم کا بینگنی رنگ۔
صوفیانہ : سادہ یا ہلکا رنگ۔
سوقیانہ : بازاریوں کا سا ، عامیانہ۔