::: " قیوم نظر: اردو شاعری کے روایتی لہجے اور جدید شعری حسیّات کا حسین امتزاج " :::
قیوم نظر:(اصل نام، عبدالقیوم) ،٧ مارچ ١٩١٤ کو لاھور میں پیدا ھوئے۔ ان کے والد کا نام خواجہ رحیم بخش تھا۔ اردو اور پنجابی کے ممتاز اردو شاعر کے علاوہ تنقید نگار، ڈرامہ نویس اور مترجم تھے ۔ وہ اردو کے ان لکھنے والوں میں شامل ہیں جنھوں نےحلقہ ارباب ذوق کی بنیاد رکھنے میں اھم حصہ لیا جن میں میرا جی، ن۔ م راشد ،حفیظ ھوشیار پوری،سید نصیر احمد جامعی، انجم رومانی،اختر ھوشیارپوری،، حمید نظامی، میر اقبال احمد، سید امجد حسین، آفتاب احمد خان، حمید شیخ، صفدر میر، تابش صدیقی، یوسف ظفر، اور مختار صدیقی وغیرہ کے اسمائے گرامی اھم ہیں۔انہوں نے وہ حلقہ ارباب زوق کے اولیں متعمد عمومی منتخب ھوئے۔ وہ 1944 سے 1951 تک حلقہ ارباب ذوق کے سکریٹری رہے۔ گورنمنٹ کالج میں اردو اورپنجابی کے شعبہ جات میں درس و تدریس سے متعلق رھے اور پروفیسر کی حیثیت سے سبک دوش ھوئے۔ ۔ قیوم نظر کی شاعری میں اردو کی کلاسیکی شاعری کا گہرا اثر ھے ۔ ١٩٣٣ میں ان کی پہلی غزل چھپی تھی ۔ انھوں نے اردو غزل کو نیا مزاج عطا کیا۔ وہ میر تقی میر اور فانی بدایونی کے غزلیہ روایت سے متاثر رھے۔ سیاحت کا شوق تھا ۔ ان کی شاعری میں فطرت کے تجربات اچھوتے نوعیت کے ہیں۔انھوں نے اپنی اردو غزلوں اور نعتوں کو پنجابی میں منتقل کیا، ان کی کتابوں میں، ‘ پون جھکولے“، “قندیل‘،“ سویدا“، “واسوخت“، “زندہ ھے لاھور““اردو نثر انیسویں صدی میں“ اور “ امانت“ کے نام اھم ہیں۔ ان کا مجموعہ کلام “قلب و نظر کے سلسلے“ کے نام سے شائع ھوچکا ھے۔٢٣ بچوں کے لیے ایک کتاب “بلبل کا بچہ“ بھی لکھی۔ قیوم نظر کا انتقال جون ١٩٨٩ میں کراچی میں ھوا۔ لاھور کے تاریخی قبرستان میانی صاحب میں پیوند زمین ھوئے۔
ان کی یہ نظم دیکھیں:
"بھولی چِڑیا"
سُن ری چِڑیا بھولی بھالی
تُو پھرتی ہے ڈالی ڈالی
تیرے پیچھے تیرے بچے
ننھی ننھی چونچیں کھولے
تُجھ کو بُلائیں چُوں چُوں کر کے
کالا کوا ہر دَم بُھوکا
اُن کو دیکھے چُھپ کر بیٹھا
تُو جلدی سے گھر واپس جا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نگری داتا کی۔۔۔جگ جگ جی .. شاعر قیوم نظر
===========================
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
جگ جگ جی۔۔۔جگ جگ جی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
تیرے گلی کوچوں، بازاروں ،گلزاروں میں چمکا
زکرِ حقیقت کا حق کی عظمت کا سکّہ دمکا
تو نے دی اپنے متوالوں کو جرأت بے باکی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
جگ جگ جی۔۔۔جگ جگ جی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
تیری فضاؤں میں گونجے ہیں نغمے آزادوں کے
تیرے آگے ہیچ ہوئے ہیں حیلے صیادوں کے
تیرے فرزانوں سے عریاں دشمن کی چالاکی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
جگ جگ جی۔۔۔جگ جگ جی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
تیرے جواں مردوں کی تاب کہاں لاسکتا کوئی
تجھ سے الجھ کر دشمن کی ہے قسمت پھوٹ کے روئی
تیرے نوری دامن تک کب پہنچے ہندی خاکی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
جگ جگ جی۔۔۔جگ جگ جی
نگری داتاؒ کی جگ جگ جی
شاعر : قیوم نظر
گلوکاران : سلیم رضا، سائیں اختر حسین، منیر حسین و کورس
موسیقی : سلیم حسین
ریڈیو پاکستان لاہور
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
غزل :
آپ کیوں چھیڑتے ہیں دیپک راگ
شہر میں لگ رہی ہے خود ہی آگ
اٹھ رہا ہے حریم دل سے دھواں
لٹ رہا ہے سہاگنوں کا سہاگ
شعلہ ساماں ہوئی ہے تاریکی
کیسے جاگے ہیں روشنی کے بھاگ
جانے کس کس ہوس کو دیں گے جنم
بوتلوں کے اڑا چکے جو کاگ
لاگ میں تھی کبھی لگاؤ کی شان
اب لبوں میں لگاؤ کی ہے لاگ
کف دریا کا دیکھیے انجام
بے سبب لائیے نہ منہ جھاگ
جاتے لمحے دہائی دیتے ہیں
نئے اطوار کے طریق پہ جاگ
مسکراتا ہے کھیت سرسوں کا
توڑتی ہیں جو گاؤں والیاں ساگ
سرکنڈوں میں ہے کینچلی اٹکی
کہیں لہرا کے چھپ گیا ہے ناگ
چاند پر جو کمند ڈالتے ہیں
مجھ سے کہتے ہیں زندگی بھی تیاگ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
قیوم نظر پر لکھے گئے مقالات
مقالات ایم فل
== قیوم نظر:احوال و آثار ، تسنیم کوثر قریشی، نگران ڈاکٹر روبینہ ترین، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی .اسلام آباد، 1999ء
کِتابیات:
== میری بہترین نظم ، محمد حسن عسکری ،مرتبہ ،الہ آباد، کتابستان 1942ء ، ص 108+175
== جناب ،محمد طفیل ، لاہور، ادارہ فروغِ اُردو، فروری 1961ء ، ص 179
== اُردو تھیٹر حصہ سوم ، ڈاکٹر عبدالعلیم نامی ، کراچی، انجمن ترقی اُردو پاکستان 1962ء ، ص 281
== 1962ء کی بہترین شاعری ،ناصر کاظمی، مرتبہ ،لاہور، مکتبۂ جدید 1963ء ، ص 42
== ادبی اشارے ،ڈاکٹر سلام سندیلوی ،لاہور، عشرت پبلشنگ ہاؤس 1965ء ، ص 347
== رنگِ غزل ،شہزاد احمد ،مُرتّب،لاہور، پیکیجز لمٹیڈ 1989ء ، ص 308- 309
== پاکستانی اہلِ قلم کی ڈائریکٹری ،فرید احمد، حسن عباس رضا ،مرتبین ،اسلام آباد، اکادمی ادبیات پاکستان 1979ء ، ص 355
== "اچھے ادب کی تعریف " (ادبی مذاکرہ) ، مولانا صلاح الدین احمد، مولانا حامد علی خان، ڈاکٹر محمد صادق، پروفیسر قیوم نظر ، ادبی مذاکرے ، شیما مجید ،مرتبہ، لاہور، سنگ میل پبلی کیشنز ، 1989ء ، ص 98 – 93
== پاکستانی اہلِ قلم کی ڈائریکٹری ، نگہت سلیم ، اسلام آباد ، اکادمی ادبیات پاکستان ، ت ن ، ص 285
== شعرائے امرتسر کی نعتیہ شاعری ،محمد سلیم چودھری ، لاہور، مغربی پاکستان اُردو اکیڈمی 1996ء ، ص 256 – 255
== سُرورِ رفتہ، امیر چند بہار،پٹنہ، خدا بخش اورینٹل پبلک لائبریری 1998ء ، ص 304
== پاکستانی پنجابی شاعری ،شریف کُنجاہی ، لاہور، محکمہ اطلاعات، ثقافت و امورِ نوجوانان ، حکومتِ پنجاب 1999ء ، ص 152 – 151
== وفیات ناموران پاکستان ،ڈاکٹر محمد منیر احمد سلیچ ،لاہور، اُردو سائنس بورڈ 2006ء ، ص 652
== لاہور کا دبستان شاعری ، ڈاکٹر علی محمد خاں ،لاہور،نشریات 2008ء ، ص 507
رسائل:
== ماہنامہ "ہم قلم" کراچی سالگرہ نمبرشمارہ 1961ء ، ص 234
== غزل، قیوم نظر ، " اَدبی دنیا" لاہور خاص نمبر 10 شمارہ دہم ، ص 71
{حوالہ: Bio-bibliographies }
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔