سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن میں مقیم ادیب اور کالم نگار عارف محمود کسانہ کی بچوں اور نوجوانوں کے لکھی گئی عالمی شہرت یافتہ کتاب ’’سبق آموز کہانیاں1‘‘ کا پنجابی زبان میں ترجمہ ’’اخلاق سدھار کہانیاں ‘‘ کے عنوان سے شائع ہوگیا ہے۔ اس کتاب کا ترجمہ جموں میں مقیم نوجوان صحافی اور مصنف چوہدری طارق حسین ابرار نے کیا ہے جبکہ نظر ثانی پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ رحمن ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف پنجابی اینڈ کلچرل سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور نے کی ہے۔ خوبصورت طباعت اور دیدہ زیب سرورق کے ساتھ اس کتاب کی اشاعت کا اہتمام اردو اور پنجابی کے معروف شاعر انیس احمد نے گفتگو پبلیکیشنز لاہور کے تحت کیا ہے۔ عارف محمود کسانہ کی کتاب’’سبق آموز کہانیاں‘‘ میں بچوں اور نوجوانوں کے اسلام کے بارے میں کئے گئے سوالات کی قرآن حکیم اور اسوہ حسنہ کی روشنی میںدلچسپ کہانیوں کی صورت میں جوابات دیئے ہیں۔ یہ کتاب دنیا بھر میں مقبول ہوئی ہے اور اب تک یہ اٹھارہ زبانوں میں ترجمہ ہوچکی ہے۔ اردو میں یہ کتاب نیشنل بک فائونڈیشن اسلام آباد نے شائع کی ہے جو پاکستان بھر میںدستیاب ہے، حال ہی میں اس کا تیسرا ایڈیشن شائع ہوا ہے اوریہ Best Seller قرار پائی ہے۔
دنیا میں تیرہ کروڑ لوگ پنجابی بولتے ہیں لیکن اسلامی تعلیمات پر مبنی بچوں کے لئے اخلاقی کہانیوں کی کوئی کتاب موجود نہیں۔ اب ’’اخلاق سدھار کہانیاں ‘‘ نے یہ کمی پوری کردی ہے۔اسے پنجابی وچ بچیاں لئی سوکھے تے من موہنے ڈھنگ وچ اسلامی جانکاری کہا جاسکتا ہے۔ امید ہے کہ یہ کتاب دنیا بھر میں پنجابی زبان بولنے والوں میں پذیرائی حاصل کرسکے گی۔ اس کتاب میں علامہ اقبال کی بچوں کے لئے پنجابی زبان میںلکھی گئی نظمیں بھی شامل ہیں جو کلام اقبال میں بھی موجود نہیں۔ سویڈن، یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک میں مقیم خواہش مند یہ کتاب www.kisanabooks.se سے حاصل کرسکتے ہیں۔