پنجاب میں جاٹوں اور راجپوتوں کی تقسیم اور حقیقت الچھی اور مشکوک ہے۔ عموما بڑے قبیلے راجپوت اور ان کی شاخیں جاٹ کہلاتی ہیں۔ پھر دونوں ایک دوسرے کو ہم نسل تسلیم کرتے ہیں۔ ان راجپوت قبائل کی تقریباً ایک جیسی کہانی ہے کہ ان کا جد امجد راجپوتانہ یا دکن سے پنجاب اکبر یا بعد کے دور میں آیا تھا اور بابا گنج شکر کے ہاتھوں مسلمان ہوئے۔ ان میں سے اکثر خود کو راجہ کرن کی اولاد بتاتے ہیں۔ مگر ماضی میں پنجاب میں راجپوتوں کو تذکرہ نہیں ملتا ہے اور ان کی حقیقت ہے اس کے لیے ایک طویل بحث کی ضرورت ہے۔
راجپوتوں کا دور ساتویں صدی عیسوی سے بارویں صدی عیسویں تک کا تھا۔ یہ وہ دور ہے جب مسلمان موجودہ پاکستان کی سرزمین پر حکومت کر رہے تھے۔ ساتویں صدی عیسوی سے کسی مسلمان مورخ نے یہاں آباد راجپوت قبائل کا ذکر نہیں کیا ہے۔ بابر نے پنجاب کے بہت سے قبائل کا ذکر کیا ہے مگر اس نے بھی کسی راجپوت قبیلے کا ذکر نہیں کیا ہے۔ یہاں تک کہ مغلوں کے دور زوال میں بھی راجپوتوں کا ذکر نہیں ملتا ہے۔ جب سکھ یہاں کہ حکمران بن گئے تھے اور انگریزوں کے دور میں بہت راجپوت کا دعوی سامنے آیا۔ اس سے پہلے کسی مسلمان مورخ نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، مکران، کیاکان، افغانستان، غزنی اور کشمیر کی لڑائیوں میں راجپوتوں کا ذکر نہیں کیا ہے۔
دلچپب بات یہ یہاں کچھ ایسے قبائل آباد ہیں جو پست درجہ کے سمجھے جاتے ہیں اور ان کا ذکر راجپوتوں کے چھتیس راج کلی (چھتیس شاہی خاندان) میں ہوتا ہے۔ مگر یہ خود کو راجپوت نہیں کہتے ہیں یا نہیں جانتے ہیں۔ مثلاً ملی یا جوئیہ یا داہری۔ ملی جنہوں نے ملتان کو اپنا نام (ملی استھان) دیا بلکہ سکندر سے مقابلہ کیا اور اسے ذخمی بھی کیا تھا۔ یہ آج کل باغبان کہلاتے ہیں۔ کیوں کہ یہ سبزی اگاتے ہیں، اس لیے انہیں دوسروں سے جو کہ اناج لگاتے ہیں کمتر سمجھا جاتا تھا ہے۔ البتہ ایک بھٹی ایسا راجپوت قبیلہ ہے جس کا قدیم زمانے میں ذکر ملتا ہے۔
واضح راجپوت کا کلمہ ساتویں صدی سے پہلے نہیں ملتا ہے۔ اس کا قدیم تریں تلفظ ہن فاتح ٹورامن کے کرا کتبہ میں اس کے بیٹوں اور بیٹیوں کو راج پتر کہا گیا ہے۔ جس کے معنی بادشاہ کی اولاد ہے۔ جو کہ ایرانی کلمہ وس پوہر (بادشاہ کا بیٹا) کے مترادف ہے۔ وس سنسکرت میں بھی بادشاہ کے معنوں میں آتا ہے اور پوہر سنسکرت کے پتر کا مترادف ہے لیکن ساتویں صدی عیسویں سے اس کی جگہ راجہ استعمال ہورہا ہے۔ چنانچہ جب شنکر اچاریہ کے تحت کٹر برہمن مت کا احیا ہوا تو راجہ پتر کا لفظ استعمال ہوا۔ کلہانا نے راج ترنگی میں راجپوتوں واضح انداز میں غیر ملکی، مغرور، بہادر اور وفادار کہا گیا ہے۔ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی (چھتیس شاہی خاندان) مشہور ہیں۔ چندر بروے نے اس تعداد کو پہلے پہل بیان کیا اور پنڈٹ کلہیان نے ’ترنگی راج‘ میں اس تعداد کی تصدیق کی ہے۔ ٹاڈ بھی راجپوتوں کو وسط ایشیا کے ستھین قبائل کہتا ہے اس کے مطابق عہد قدیم سے محمود غزنوی کے دور تک بہت سی اقوام ہند پر حملہ آور ہوئیں، اب وہ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں شامل ہیں۔ بقول اسمتھ کے ہرش کی وفات کے بعد سے مسلمانوں کی آمد تک یعنی اندازاً ساتویں صدی عیسویں سے لے کر بارویں صدی عیسویں تک کے زمانے کو راجپوتوں کا دور کہا جاسکتا ہے۔ مگر یہ کہنا غلط ہے کہ کی آمد کے وقت کابل سے کامروپ تک کشمیر سے کوکن تک کی تمام سلطنتیں راجپوتوں کی تھیں اور ان کے چھتیس راج کلی شاہی خاندان حکومت کررہے تھے۔ کیوں کہ اس وقت پنجاب اور سندھ بلوچستان پر مسلمانوں کی حکومت تھی۔
جواہر لعل نہرو کا کہنا ہے کہ اس زمانے جو بھی فاتح ہند پر حملہ آور ہوتا تھا تھوڑے عرصے میں اس کا شمار چھتریوں میں ہونے لگتا تھا۔ سکوں کو دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلے حکمران کا نام غیر ملکی ہے۔ لیکن بیٹے یا پوتے کا نام سنسکرت میں ہے اور اس کی تخت نشینی یا تاج پوشی چھتری رسوم کے مطابق ہوتی تھی۔ راجپوتوں کے اکثر قبیلوں کا سلسلہ نسب سک یا سیتھی حملہ آوروں سے تھا یا وہ سفید ہن قوم کے حملہ آوروں میں سے تھے۔
اہم بات یہ راجپوت قبائل اور جاٹوں قبائل کے مشترک نام ہیں۔ اس لیے ولسن نے کہا ہے کہ راجپوت قبائل راٹھور، پوار، اور گہلوٹ وغیرہ یہاں پہلے سے آباد تھے اور یہ چاروں قبائل اصل میں جاٹ ہیں جنہیں بعد میں راجپوت کہا جانے لگا ہے۔ کیوں کے یہ اس وقت حکمران تھے۔ اس بناء پر راجپوت یا راج پتر یعنی راجاؤں کی اولاد کی اصطلاح وجود میں آئی۔ اس کی اصل پہلوی کلمہ وسپوہر سے ہے۔ کیوں کہ ان لوگوں نے ساکا اور دیگر قبائل کے ساتھ مل کر برصغیر کی تسخیر کی تھی۔ اگرچہ قانون گو یہ کہتا ہے کہ پہلے یہاں جاٹ آباد تھے اور راجپوتوں نے ان کی جگہ نوادار راجپوتوں نے لی۔ قانون گو نے اس بات کو فراموش کردیا کہ پوار (پنوار)، تنوار، بھٹی، جوئیہ وغیرہ جاٹوں اور راجپوتوں دونوں میں پائے جاتے ہیں۔
اگر راجپوت یہاں کے حکمران خاندان کو راجپوت کا خطاب دیا گیا ہے تو یہ بات بھی غلط ہیں۔ ہر راجپوت خاندان حکمران نہیں رہا۔ راجپوتوں کے چوراسی خاندان ایسے ہیں جنہوں نے اب تجارت کا پیشہ اپنالیا ہے۔ انہوں نے کبھی حکمرانی نہیں کی ہے۔ راجپوتوں کی چھتیس راج کلی کے بہت سے خاندان خاص کر سندھ کے کچھ قبائل ایسے ہیں جنہوں نے کب حکومت کی اس کے بارے میں کچھ نہیں جانتے ہیں۔ حتیٰ روایتوں میں بھی ان کی ریاستوں کا ذکر نہیں ملتا ہے مثلا داہری۔ اس طرح ہندوستان کو قدیم موریہ خاندان کا شمار بھی راجپوتوں میں ہوتا ہے۔ مگر اس لیے نہیں ہوتا ہے کہ انہوں نے ہند پر حکمرانی کی بلکہ ان کا شمار اس لیے ہوتا ہے کہ انہوں سے سورج بنسیوں سے پہلے چٹور پر حکومت کی تھی۔ اس طرح گپتا خاندان جس نے پہلی دفعہ سنسکرت کو ادبی زبان بنانے کی کوشش کی اور کتبوں میں اس کا استعال کیا وہ خاندازن بھی راجپوتوں میں شامل نہیں ہیں۔
جٹ اور راجپوت
ابسن لکھتا ہے کہ پنجاب میں جٹوں اور راجپوتوں کے درمیان امتیاز کرنا مشکل ہے بلکہ قریباً قریباً ناممکن ہے۔ ان کی روایات بنیادی طور پر ہندوانہ ہیں اور دیگر سماجی ریتیں مثلاً شادی وغیرہ۔ یہ دونوں آپس میں ایک دوسرے سے وابستہ ہیں اور ان میں عملی طور پر فرق کرنا ممکن نہیں ہے۔ اگرچہ بعض انہیں الگ الگ ماخذ سے خیال کرتے ہیں اور بعض انہیں مختلف ادوار میں ہجرتوں کے نمائندے۔ مگر دونوں کو اکثر نے ایک ہی نسلی ماخذ سے تسلیم کیا ہے۔ مگر یہ قطعی ہے کہ جٹ اور راجپوتوں میں کچھ قدیمی نسل کے باشندے بھی شامل ہیں۔ کیوں کہ پنجاب کے بہت سے جٹ قبائل میں ایسی بعض ایسی روایات ہیں جو ان کے غیر آریائی ماخذ کی طرف اشارہ کرتی ہیں۔ جٹ قبائل مثلاً مان، ہیر اور بھلر کبھی بھی راجپوت ہونے کا دعویٰ نہیں کرتے ہیں۔
ہنجاب کے میدانوں میں اسلام کی عطا کردہ آزادی نے ذات کو پشت پر ڈال دیا اور سماجی حثیت بڑی اکائی تسلیم کی جاتی جاتی ہے اور ایسے خاندان بھی ملتے ہیں جو چند پشت پہلے جاٹ تھے مگر اب راجپوت کہلاتے ہیں۔ بڑے طاقت ور قبائل سیال، گونڈل، ٹوانہ کو عملاً راجپوت اور ان کی چھوٹی برادریاں جٹ کہلاتی ہیں۔ حتیٰ کوئی قبیلہ ایک جگہ راجپوت ہے تو دوسری جگہ وہ جٹ کہلاتا ہے۔ ایسا بھی ہوتا ہے کوہستان نمک میں جب کوئی قبیلہ عرب یا مغل نہ ہو تو راجپوت ہے۔ جب کہ راجپوت کی قابلیت کو نہ پہنچنے والے تمام قبائل جٹ ہیں۔ جہاں کوئی راجوں کی روایات نہیں وہاں راجپوت نہیں ہوسکتے ہیں۔ سکھوں کے دور میں جٹ غالب رہے۔ مگر اس وقت تک سیاسی یا سماجی میدان میں راجپوت ہمیں کہیں نظر نہیں آتا۔ گو یہاں کے جٹ بھی راجپوتوں کی طرح مختلف نسلی ماخذ کا دعویٰ کرتے ہیں۔
پنجاب میں جٹ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اس نے تعداد کے معاملے میں راجپوتوں کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سیاسی طور پر اس نے پنجاب پر خالصہ کی صورت میں حکومت کی۔ حالانکہ سماجی طور پر جٹ کی ھثیت میں روڑ، گوجر اور آہیر حصہ دار ہیں۔ یہ چاروں مل کر کھاتے پیتے ہیں اور تمباکو نوشی کرتے ہیں۔ یقناً راجپوتوں کے مقابلے میں کہیں پست مانا جاتا ہے۔ کیوں کہ وہ اپنی بیواؤں کی شادی کر دیتا ہے۔ اس علاقہ کے ایک ماہیے میں وہ اپنے بیوہ بیٹی کو کہتا ہے آ میری بیٹی شادی کر، تیرا خاوند مرگیا تو کیا ہوا اور بھی بہت سے ہیں۔ اس طرح وہ بیوہ کی شادی کرنے میں سب سے آگے ہے۔
پنجاب میں راجپوتوں کی روایات جمنا کہ پار راجپوتوں سے نہیں ملتی ہیں۔ کیوں کہ وہاں کے راجپوت جٹوں سے الگ ماخذ کے دعوے دار ہیں۔ پنجاب کے جٹ اور راجپوت دونوں ایک مشترکہ نسلی ماخذ کو مانتے ہیں اور ان کی روایات بھی ایک مشترک ماخذ کی نشادہی کرتی ہیں اس لیے یہ بات یقینی ہے کہ یہ فرق نسلی نہیں سماجی ہے۔ اس مشترک ماخذ کے خاندان جن میں قسمت نے سرفرازی عطا کی وہ راجپوت بن گئے اور ان کی اولادوں نے اسے حاصل کرنے کے بعد نہایت کٹر پن کے ساتھ قوانین کی پیروی کی صورت میں باقی رکھا۔ جس کے ذریعہ درجہ بندی کے ہندو پیمانے میں اعلیٰ و بالا ذاتیں خود کو نیچ و پست ذاتوں سے خود کو ممتاز رکھتی ہیں۔ ان میں کمتر سماجی رتبہ والوں سے شادی سے انکار، اپنے خون کا خالص پن محفوظ رکھتی ہیں۔ ان قوانین سے رد گرادنی کرنے والا سماجی رتبہ سے گرجاتا ہے اور وہ راجپوت نہیں رہتا ہے۔ جب کہ ایسے خاندان جنہوں نے علاقہ میں ایک ممتاز حثیت حاصل کرکے سماجی کم اور قوانین کی پیروی کردی اور وہ نہ صرف راجہ بلکہ راجپوت یعنی راجوں کے پوت بن گئے۔
انگریزوں کی آمد کے بعد بہت سے راجپوت قریشی، عباسی یا مغل نسل کا دعویٰ کرنے لگے۔ یہ بھی دیکھا گیا ہے کسی طرح تقدس اور سماجی رتبہ کی وجہ سے چند پیڑیوں میں کوئی خاندان سید بن جاتا ہے۔ جب کہ پہاڑی علاقوں میں ہندوؤں میں راجپوت بنے کا عمل بھی جاری رہا۔ اس کے برعکس جمنا کے پار راجپوتوں میں تنزلی ہوکر جاٹ بنے کا عمل بھی جاری رہا۔ کوئی راجپوت خاندان بیواؤں کی شادی کرے، برہمنیت کی بالادستی قبول کرنے سے انکار کردے یا تنگ دستی سے کھیتی باڑی شروع کر دے تو اس کا مرتبہ راجپوت سے گر کر جٹ کا ہوجاتا ہے اور ایسے بہت سے خاندان تھے جو پہلے راجپوت تھے مگر اب جٹ بن چکے ہیں۔ خاص کر بیواؤں کی شادی کی وجہ سے یا زراعت کا پیشہ اپنانے کی وجہ سے۔
سندھ، بلوچستان خیبر پختون خواہ میں راجپوتوں کو کوئی نہیں جانتا ہے۔ وہاں جٹ قبائل کے ایک ایسے گروہ کے لیے استعمال ہوتا ہے جو کہ بلوچ، بروہی یا سید نہیں ہیں۔ اگرچہ ان میں مذہب اسلام، زراعتی پیشے اور ان کی ماتحتی کے کے علاوہ کوئی قدر مشترک نہیں ہے۔ وہاں راجپوت اور جٹ کی کوئی تفریق نہیں ہے۔ پنجاب میں راجپوت کی اصطلاح عملاً ان قبیلوں کے لیے استعمال ہوتی ہے جنہوں نے سیاسی برتری حاصل کرلی ہے اور مغلوب ہونے انہیں ماتحت کیا یا انہیں وسطیٰ علاقہ کے صحراؤں میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا۔ انہیں اکثر و بشتر جٹوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ کوہستان نمک کے علاقہ جٹ کی اصلاح پنجابی میں چراہے، گلہ بان کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جاتکی میں بھی جٹ کے بجائے جت یعنی نرم آواز میں گلہ بان اور اونٹ چرانے والے کے ہیں اور خود کو جٹوں سے الگ اپنا ماخذ بتاتے ہیں۔
یہاں اب تک جو کچھ لکھا ہے اس سے جو نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے وہ درج ذیل ہیں۔
بشتر راجپوت جٹوں کی طرح قبائل وسط ایشاء سے آنے والے قبائل تھے۔ جو رفتہ رفتہ وادی سندھ سے آگے بڑھ کر شمالی و وسط ہند اور گجرات اور دکن تک پھیل گئے۔ ان کا دور ساتویں صدی عیسوی سے بارویں صدی عیسوی کا ہے۔ بنیادی طور پر راجپوت اور جٹ ایک ہی نسلی ماخذ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس تائید اس طرح ہوتی ہے کہ راجپوت اور جاٹوں قبائل کے نام مشترک ہیں۔
راجپوت ان قبائل کے وہ گروہ ہیں جنہوں نے برہمنوں کی بالادستی قبول کی اور اس بنا پر انہیں ہندو معاشرے میں قبول کیا گیا اور انہوں نے ہندو تہذیب کو اختیار کیا۔ اس کے صلے میں انہیں برہمنوں نے گوترا عطا کیں اور اس طرح ہندو مذہب و تہذیب نے ترقی کی۔ چنانچہ وشنو، شیوا، چندی اور سوریہ وغیر کے ادیان پھیل گئے۔ اس طرح برہمنی مذہب نے عروج حاصل کیا اور بدھ مذہب برصغیر کو خیرباد کہنے پر مجبور ہوگیا۔ اس طرح راجپوتوں نے برہمنوں کے ساتھ مل ہندو دھرم کو ارسر نو زندہ کیا اور بدھوں کو تہس نہس کردیا۔
جن خاندانوں نے برہمنی بلادستی قبول کی انہیں راجپوتوں میں شامل نہیں کیا گیا اور انہیں نظر انداز کیا گیا اور کے خلاف طرح طرح کی باتیں پھیلائیں گیں کہ انہیں کمتر ظاہر کیا گیا۔ مثلاً موریہ خاندان کے بارے میں کہا گیا کہ یہ ایک حجام کی اولاد ہیں۔ اس کے پوتے جس پر آج بھارت کو ناز ہے اور جس نے سب سے پہلے بھارت کو متحد کیا تھا۔ اس کا نام ہی تاریخ کے صفحوں سے غائب کردیا گیا۔ جب اشوک کے کتبے دریافت ہوئے اور انہیں مختلف ماخذ کی مدد سے پڑھا گیا تو اشوک کی عظمت دنیا پر عیاں ہوئی کہ اس نے دنیا میں پہلی دفعہ رفع عامہ کے کام کروائے۔ اس طرح گپتا اور ہریش چند جیسا بادشاہوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔
جٹوں نے برہمیت کی بالادستی کو قبول نہیں کیا۔ ان کے اپنے پجاری ہوتے ہیں، انہیں زراعت سے لگاؤ ہے اور یہ اپنی بیواؤں کی دوسری شادی کرتے ہیں۔ یہ شرائط ایسی ہیں انہیں قبول نہ کرنے والا برہمن معاشرے میں پست ذات کا ہوجاتا ہے۔ اس لیے روڑ، گوجر اور آہیر بھی جٹوں کی طرح کمتر کہلاتے ہیں۔ ہندو معاشرے میں ان امور میں سے کوئی ایک کام راجپوت کرے تو اس کا درجہ گر کر جٹ ہوجاتا ہے۔
پنجاب کا بشتر علاقہ ان علاقوں میں شامل تھا جہاں ساتویں صدی میں عربوں کا قبضہ ہوگیا تھا۔ یہاں برہمنیت کی بالادستی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔ اس لیے راجپوتوں کا ارتقاء مسلم علاقہ میں نہیں ہوسکتا تھا۔ اس لیے کسی مسلمان مورخ نے پنجاب، سندھ، بلوچستان، مکران، کیاکان، افغانستان، غزنی اور کشمیر کی لڑائیوں میں راجپوتوں کا ذکر نہیں کیا ہے اور نہ یہاں آباد راجپوت قبائل کا ذکر ملتا ہے۔ بابر نے پنجاب کے بہت سے قبائل کا ذکر کیا ہے مگر وہ بھی راجپوتوں کا ذکر نہیں کرتا ہے۔ مغلوں کے دور میں اور ان عہد ذوال میں بھی راجپوتوں کا ذکر نہیں ملتا ہے۔ انگریزوں کے دور میں راجپوتوں ذکر ملتا ہے۔ سکھوں کے دور میں بھی جٹوں کا ذکر ملتا ہے لیکن راجپوتوں کا ذکر سرسر طور پر ملتا ہے۔ اس طرح یہاں کی روایات کہ ان کا جد اعلیٰ راجپوتانہ یا دکن سے آیا تھا وضعی ہیں۔
پنجاب میں جٹوں اور راجپوتوں کے درمیان فرق سماجی حثیت اور بڑی اکائی کا ہے۔ ورنہ بنیادی طور پر ایک ہی نسلی ماخذ سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہاں ایسے قبائل ملتے ہیں جو کچھ پشت پہلے جاٹ کہلاتے تھے اب راجپوت ہیں۔ اگرچہ ان کی روایات و رسومات بنیادی طور پر ہندوانہ ہیں اور اس میں کوئی شک نہیں ہے یہاں کے لوگوں نے اسلام دس اور گیارویں کے درمیان اسلام قبول کرلیا تھا۔ جس ذات کی اہمیت ختم تو نہیں کرسکا مگر کم ضرور کردی تھی۔ اس لیے یہ بات یقینی ہے کہ یہاں راجپوتوں کا ارتقاء نہیں ہوا۔ کیوں کہ یہاں برہمنوں کی بالادستی کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا تھا۔ جب برہمنوں کی بالادستی نہیں ہے تو راجپوت کیے؟ یہی وجہ ہے بڑے اور طاقت ور قبائل سیال، گونڈل، ٹوانہ وغیرہ کو عملاً راجپوت اور ان کی چھوٹی برادریاں جٹ کہلاتی ہیں۔ حتیٰ کوئی قبیلہ ایک جگہ راجپوت ہے تو دوسری جگہ وہ جٹ کہلاتا ہے۔
پنجاب کے راجپوتوں کی روایات جمنا کے پار راجپوتوں سے مختلف ہیں۔ وہاں جٹ اور راجپوتوں کی درجہ بندی کے قوانین یہاں سے مختلف ہیں۔ پنجاب میں جٹ اور راجپوت دونوں مشترکہ نسلی ماخذ رکھتے ہیں۔ مگر جن خاندانوں نے ترقی کی وہ راجپوت بن گئے اور ان کی اولادوں نے اسے برقرار رکھنے کے لیے روایات کے ان قوانین کی سختی سے پابندی کی جس کے تحت اعلیٰ و بالا ذاتیں خود کو نیچ و پست ذاتوں سے خود کو ممتاز رکھتی ہیں۔ ان میں کمتر سماجی رتبہ والوں سے شادی سے انکار، اپنے خون کا خالص پن محفوظ رکھتی ہیں۔ ان قوانین سے رد گرادنی کرنے والا سماجی رتبہ سے گرجاتا ہے اور وہ راجپوت نہیں رہتا ہے۔ جب کہ ایسے خاندان جنہوں سماجی قوانین پیروی کرکے وہ نہ صرف راجہ بلکہ راجپوت یعنی راجوں کے پوت بن گئے۔
یہ سماجی برتری کا ارتقاء جاری رہا اور انگریزوں کی آمد کے بعد بہت سے راجپوت قریشی، عباسی یا مغل نسل کا دعویٰ کرنے لگے۔ یہاں یہ بھی دیکھا گیا ہے کسی طرح سماجی تقدس اور سماجی رتبہ حاصل ہوجائے تو ان سماجی قوانین کی پیروی کرکے چند پیڑیوں میں کوئی بھی خاندان سید بن جاتا ہے۔
یہاں ان قبیلوں کا مختصر ذکر کر رہے ہیں جو کہ پنجاب کے علاقہ میں آباد ہیں اور کے بارے کہا جاتا ہے کہ یہ راجپوت ہیں یا ان کا دعویٰ تھا۔
اتیراس
یہ صرف پٹیالہ میں ملتے ہیں۔ ان کے بارے میں مزید آگہی نہیں ہوسکی۔
اپیسال
یہ فتح جنگ کے علاقہ میں آباد ہیں۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ منج کی شاخ ہیں۔ ان کی رسومات اور شادیوں میں اب بھی ہندوانہ نقوش پائے جاتے ہیں۔
باگڑی
یہ راجپوت کے علاوہ جاٹ بھی کہلاتے ہیں اور مشرقی پنجاب میں آباد ہیں۔
برگوجر
یہ سورج بنسی ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ رام کے لڑکے لو کی اولاد میں سے ہیں۔ دھوندھار اور راجوڑی میں ان کی ریاستیں تھیں۔ راج گڑھ اور الور بھی ان کے تصرف میں تھا۔ بعد میں کھچواہا قوم نے انہیں وہاں سے خارج کردیا۔ یہ مشرقی پنجاب میں ملتے ہیں۔
باریہ
ان کا دعویٰ ہے کہ یہ سورج بنسی اور مہابھارت کے راجہ کرن کی اولاد ہیں۔ انہیں جٹ بھی بتایا جاتا ہے۔
بھکر وال
یہ پہلے راجپوت کہلاتے تھے اور خود کو پنوار کی شاخ بتاتے تھے۔ مگر اب انہوں نے عباسی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ راولپنڈی کے جنوب مشرقی حصہ میں آباد ہیں۔ ان اب بھی بعض رسومات ہندوانہ ہیں۔
بدھال
یہ بھی پہلے راجپوت کہلاتے تھے اور خود کو پنوار کی شاخ بتاتے تھے۔ مگر اب انہوں نے عباسی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہ راولپنڈی کے جنوب مشرقی حصہ میں آباد ہیں۔ ان اب بھی بعض رسومات ہندوانہ ہیں۔ بھکر وال نام کا ایک چھوٹا سا قبیلہ بھاولپور میں بھی آؓباد ہے۔
بھٹی
یہ یادو کی شاخ ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے پنجاب پر حکومت کرنے سے پہلے گجنی (غزنی) و زابل پر حکومت کی تھی۔ یہ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کی بہت سی شاخیں ہیں اور پنجاب میں اکثر مقامات پر ملتے ہیں۔
بھٹہ
پنوار
پرمار یا پنوار کا تعلق اگنی کل سے ہے۔ پورس جس نے سکندر کا مقابلہ کیا تھا اس کا تعلق بھی پرمار سے تھا۔ اگرچہ یہ ایسے لڑاکے نہیں تھے جیسا کہ ظاہر کیا جاتا ہے، مگر ان کی سلطنت بہت وسیع رہی ہے۔ زمانہ قدیم سے ایک مثل مشہور ہے کہ دنیا پرمار کی ہے، یہ بھی حقیقت ہے کہ اگرچہ یہ خاندان پرامر اگنی کل میں کمتر ہے اور یہ دولت و حشمت میں انہل وارا کے سولنکھیوں تک نہیں پہنچے اور نہ ہی وہ چوہان راجاؤں کی طرح مشہور ہوئے۔ لیکن ان کی ریاستوں کی نسبت زیادہ ان کی ریاستیں زیادہ وسیع رقبہ پر پھیلی ہوئی تھیں۔ ان کی حکومتیں میسر، دھار، منڈو، اوجین، چندر بھاگا، چتور، ابو چنرورتی، مؤ، میدانہ، پرماتی، امرکوٹ، بھکر، لوور اور پٹن میں ان کی ریاستیں رہی ہیں یا انہوں فتح کیا تھا۔ پنجاب کے کئی راجپوت قبیلوں کا دعویٰ ہے کہ وہ پنوار کی شاخ ہیں۔ یہ پنجاب اور زیرین سندھ میں بڑی تعداد میں ہیں اور جٹ کہلاتے ہیں۔
پھتیال
ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ چندیل کی ایک شاخ ہیں۔ اس لیے راجپوتوں میں پست مانے جاتے ہیں۔ یہ بلاس پور کے علاقہ میں آباد ہیں۔
پٹھانیہ
ان کے بارے کہا جاتا ہے کہ یہ کانگڑہ کا شاہی خاندان کٹوچ کی شاخ ہیں اور پٹھان کوٹ آباد ہونے کی وجہ سے پٹھانیہ کہلاتے ہیں۔
پنڈیر
یہ بھی مشرقی پنجاب میں آباد ہیں اور کہا جاتا ہے یہ دھیما کی شاخ ہیں جو کہ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں شامل ہے۔
تنوار
یہ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں یہ شامل ہیں۔ یہ خاندان بھی یادو کی ایک شاخ ہے۔ اندرپست جو ویران پڑا تھا اسے اننگ پال توار نے آباد کیا تھا۔ اس خاندان کا سب سے مشہور راجہ بکرماجیت تھا۔ جس نے ۶۵ ق م میں بکرمی سمیت کا سن جاری کیا تھا۔ اس خاندان کا آخری راجہ بھی اننگ پال تھا، جس کا کوئی بیٹا نہیں تھا۔ اس لیے اس نے اپنے نواسے پڑتھوی راج چوہان کو تخت پر بیٹھایا تھا۔ پرتھوی راج چوہان نے محمد غوری سے شکست کھائی تھی اور خود بھی مارا گیا۔
باجوہ
باجوہ یا بجو سورج بنسی ماخذ کے دعویدار ہیں۔ بجوات جو جموں و سیالکوٹ میں پہاڑیوں کے دامن علاقہ کا نام ان پر رکھا گیا ہے۔ ان کی روایات کے مطابق ان کا مورث اعلیٰ راجہ شیٹپ کو سکندر لودھی کے دور میں ملتان سے بدخل کیا گیا تھا۔ اس کے دو بیٹے کلس لیس تھے۔ لیس جموں کی طرف نکل گیا اور ایک راجپوت لڑکی سے شادی کرلی۔ جب کہ کلس نے پسرور کی ایک جٹ لڑکی کو اپنی بیوی بنایا۔ ان دونوں کی اولادیں بجوات کے علاقہ میں آباد ہیں اور راجپوت اور جٹ کہلاتی ہیں۔ ایک کہانی کے مطابق انے مورث اعلیٰ رائے جہسن کو رائے پٹھورا نے دہلی سے نکالا تو وہ سیالکوٹ میں کربلا میں آباد ہوگیا۔ بجو راجپوت باجوہ جٹوں سے اپنا نسلی تعلق تسلیم کرتے ہیں۔ کہا جاتا ہے بجو راجپوتوں میں سکھوں کے دور تک یہ رایات تھی کہ کسی مسلمان لڑکی کو شادی کے لیے ہندو کرنے کے لیے زیر زمین تہ خانہ میں بند کرکے اوپر ہل چلایا جاتا تھا۔ یہ روایت بتاتی ہے کہ ان میں شادی ہندو و مسلمان دونوں آپس میں کرلیتے تھے۔ یہ زیادہ تر سیالکوٹ میں یا اس کے ارد گر علاقہ میں ہیں۔
بیئنس
یہ زیادہ تر ہوشیار پور کے علاقہ میں ہیں۔ بینس راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں شامل ہیں اور سورج بنسی ماخذ کے دعویدار ہیں۔ ان جٹ اور راجپوت دونوں ملتے ہیں۔
تارڑ
تارڑ جو کہ سورج بنسی ماخذ کے دعویدار ہیں۔ ان کی روایت ہے کہ ان کا جد اعلیٰ تارڑ بھٹز محمود غزنوی کی خدمت میں گیا اور اس کے ساتھ غزنی چلا گیا۔ جب کہ اس کا بیٹا لوہی بھٹز سے گوجرات چلا آیا۔ جہاں یہ قبیلہ تشکیل پایا اور تارڑ اسی لوہی کی اولاد ہیں۔ ایک اور کہانی کے مطابق ان کی آباد کاری ہمایوں کے وقت ہوئی تھی۔ وہ گوندل، ورائچ، گل اور دیگر قبیلوں میں شادی کرتے ہیں۔ وہ گوجرات، گوجرانوالہ اور شاپور میں ان کی زیادہ آبادی ہے۔ انہیں زراعت پیشہ لیکن شورش پسند بھی کہا گیا ہے۔ اس قبیلے کے نصف افراد راجپوت اور نصف خود کو جاٹ بتاتے ہیں۔
تاؤنی
تاؤنی سورج بنسی نسل اور راجہ سلواہن کے اخلاف کے مدعی ہیں۔ جو اس کے پوتے رائے تان دہندہ ان کا مورث اعلیٰ تھا۔ ایک اولاد میں سے رائے امبا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے امبالہ (انبالہ) کی بنیاد رکھی تھی۔ یہ زیادہ تر مشرقی پنجاب میں آباد ہیں۔
ٹوانہ
شاپور کوہ نمک کے علاقہ میں ٹوانہ آباد ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں ان کا اہم کردار ہے۔ ٹوانہ، گھیسا اور سیال ہم نسل اور پنوار راجپوت ماخذ سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ پہلے جہانگیرہ کے مقام پر آباد تھے۔ بعد میں شاپور تھل میں آباد ہوگئے۔ ٹوانوں نے سکھوں کا مطیع ہوجانے کے بعد بھی اپنی مزاحمت جاری رکھی۔
ٹھاکر
اس کا شمار کوہستان کانگرہ کی پست ذاتوں میں شمار ہوتا ہے۔ اگر انہیں راجپوت تسلیم کیا جاتا ہے اور راجپوت ان کی لڑکیاں لے لیتے ہیں مگر اپنی لڑکیاں انہیں نہیں دیتے ہیں۔
جادو
رگ وید میں یادو قبیلے کا ذکر آیا ہے۔ جس نے بھارت قبیلے اور اس کے حلیف ستجنی قبیلے کے خلاف ایک اتحاد بنایا تھا اور اس کے خلاف جنگ کی تھی اور یادو قبیلے کو شکست ہوئی۔ یادو کرشن کا خطاب ہے اور یادو کا مورث ۱علیٰ کشن چند ہے۔ اب یہ بھٹی کہلاتے ہیں۔
جاتو
انہیں توار یا تنوار کی شاخ بتایا جاتا ہے اور مشرقی پنجاب میں آباد ہیں۔
جنجوعہ
ان کا مرکز مشرقی کوہستان نمک ہیں۔ لیکن وہ ملتان اور ڈیرہ جات میں بھی پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ چندر بنسی ماخذ کے راجپوتوں کی شاخ ہیں۔ ان کی روایت ہے کہ وہ راجہ مل کی اولاد ہیں جو کہ 989ء میں چودھ پور یا قنوج سے ہجرت کرکے آیا تھا۔ جس کا بیٹا جودا تھا۔ جنجوعہ کسی دور میں پورے کوہستان پر قابض تھے۔ لیکن گھگروں نے انہیں مغرب کی طرف دکھیل دیا تھا۔ اس خطہ میں ان کی سماجی حثیت گھگروں کے بعد ہے۔ انہیں راجہ کہا جاتا ہے اور ان میں نسلی تقافر بہت زیادہ ہے۔
جودھرا
جودرا یا جودھرا ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ جموں سے آئے تھے۔ ایک روایت کے مطابق وہ ہندوستان سے آئے تھے اور یہ بھی کہا جاتا ہے گھیسا ان کی شاخ ہیں۔
جسوال
یہ ہوشیار پور کے زیریں کوہستانی علاقوں میں آباد ہیں اور کٹوچ سے ان کا تعلق بتایا جاتا ہے۔
جوئیہ
یہ سندھ اور پنجاب کے جنوبی حصہ میں آباد ہیں اور مسلمان ہے۔ یہ جاٹ بھی کہلالتے ہیں۔
چدھڑ
ان کا کہنا ہے کہ وہ تنوار راجہ تور کی نسل سے ہیں اور محمد غوری کے دور میں راجپوتانہ سے ہجرت کرکے بہاول پور آگئے تھے۔ جہاں اچ کے شیر محمد کے ہاتھوں اسلام قبول کیا۔ بعد میں یہ جھنگ آگئے
چبھ
یہ کانگڑہ کے کٹوچ راجپوتوں کی نسل کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا مورث اعلیٰ چبھ نے پندرہ سو سال قبل کانگڑہ چھوڑا اور جموں میں بھمبر کے مقام پر آباد ہوگیا تھا۔ سب سے پہلے اورنگ زیب کے دور میں سور سادی نے اسلام قبول کیا تھا۔ مسلمان چبھ اس کی بہت تعظیم کرتے ہیں اور اس کے مزار پر بچے کی چندیا نظر کرتے تھے۔ اس رسم کی ادائیگی سے پہلے بچے کو حقیقی چبھ تسلیم نہیں کیا جاتا تھا اور نہ ہی اس رسم کی ادائیگی سے پہلے اس کی ماں گوشت کھاتی تھی۔ دریائے جہلم کے بائیں کنارے پر کشمیر میں چبھال ان کے نام سے پڑا۔ جبھ اعلیٰ حثیت کا قبیلہ ہے۔ وہ جنجوعہ کی طرح راجہ کا لقب استعمال کرتے ہیں۔ سادات اور گھگر ان کے ساتھ اپنی بیٹیاں بیاہنے میں ہچکچاتے نہیں ہیں۔
چندیل
یہ راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں شامل ہیں۔ یہ قوم پست سمجھی جاتی ہے مشرقی پنجاب جمنا اور نربدا کے ارتصال پر آباد ہیں۔ چندیلا راجہ نے ابوالفصل کو جہانگیر کے کہنے پر قتل کردیا تھا، یہ مغلیہ لشکر میں کثیر تعداد میں ملازم تھے۔
چوہان
چہومن یا چوہان یہ اگنی کل میں سب سے اعلیٰ ہیں۔ یہ اگنی کل کیا تمام رجپوتوں میں بہادر اور شجاع ہیں۔ ان کی ریاست پہلے پہل اجمیر میں قائم ہوئی تھی۔ پرٹھوی راج چوہان اسی خاندان سے تھا۔ اس کا مقابلہ سلطان محمد غوری سے ہوا۔ پہلی جنگ میں اس نے سلطان کو شکست دی مگر یہ دوسری لڑائی میں اس نے سلطان محمد غوری سے شکست کھائی اور خود بھی مارا گیا۔ پنجاب میں بہت سے قبائل کا دعویٰ ہے وی چوہان کی شاخ ہیں
دھنیال
یہ کوہ نمک کے رہنے والے ہیں اور چکوال میں دھنی انہیں کا نام ان کی نسبت سے پڑا۔ یہ اب حضرت علیؓ کی اولاد کا دعویٰ کرنے لگے ہیں۔ اب وہ مری کی پہاڑیوں پر آباد ہوگئے ہیں۔ یہ اب خود کو عباسی کہتے ہیں۔ ان میں سے بعض اپنے کو جٹ بتاتے ہیں۔
دھودھی
یہ ایک چھوتا سا قبیلہ ہے اور پنواروں کی شاخ ہیں اور اچھے کاشت کار ہیں۔ یہ ستلج و چناب کے ساتھ بکھرے ہوئے ہیں اور ان کا خاص مرکز میلسی کی تحصیل ہے۔ ان میں حاجی شیر محمد ایک پیر تھا اس کا مزار ملتان میں نہیں ملتا ہے۔
دودوال
یہ تار پور کا قدیم خاندان ہے جو کہ ہوشیار پور کے علاقہ میں سطح مرتفع کے شوالک کے راجپوت تھے اور اب بھی ہوشیار پور میں آباد ہیں۔
دھوند
ڈھونڈ یا دھوند ہزارہ راولپنڈی اور دریائے جہلم کی زیریں پہاڑیوں پر آباد ہیں۔ اب انہوں نے رسول اللہ کے چچا حضرت عباسی کی اولاد ہونے کا دعویٰ کیا ہے اور عباسی کہلاتے ہیں۔ ایک روایت کے مطابق ان کا مورث اعلیٰ تیمور کے ساتھ دہلی آیا تھا۔ شاہ جہاں کے دور میں اس کا بیٹا ژواب خان کہوٹہ آگیا اور جدوال، دھوند، سرارا اور تنولی قبائل کا بانی بنا۔ اس کا بیٹا کھلورا یا کولو رائے کشمیر بھیجا گیا جہاں اس نے ایک کشمیری عورت سے شادی کی۔ اس کے بطن سے دھوند نے جنم لیا۔ اس کی دوسری بیوی سے کیتوال پیدا ہوا۔ ایک اور ناجائز بیٹے سے ستی کی نسل چلی۔ یہ روایت بے معنی ہے تیمور اور شاہ جہاں میں بہت فرق ہے اور کولو رائے ہندانہ نام ہے۔ ان کے بارے میں انگریزوں نے کہا ہے ان میں اسلام سے شناسی برائے نام ہے۔ جب کہ معاشرتی آداب میں ان کے ہند ماخذ کی جھلکیاں نظر آتی ہیں۔ دھوند، بب، چبھ کا ماخذ ہندو ہے اور ان سب کا آپس میں تعلق ہے۔
دھاریوال یا دھانیوال یا دھالیوال
یہ اپنے بھٹی راجپوٹ بٹائے جاتے ہیں۔ ان کی روایت کے مطابق اکبر نے ان کے سردار مہر مٹھرا کی بیٹی سے شادی کی تھی۔ یہ بالائی ستلج میں آبادی ہیں۔
رانگڑ
یہ کلمہ عموماً کسی گنوار کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہ کسی مسلمان ہونے والے راجپوت کے لیے اس کے ہم نسل بھائی کہتے ہیں۔ تاہم پنجاب میں کئی بستیاں رانگڑوں کی آباد ہیں۔ اس لیے رانگڑ قبیلہ بھی کہا جاتا ہے۔
راوت
یہ چنڈیلوں کی شاخ ہیں اور راجپوتوں میں انہیں پست مانا جاتا ہے۔ یہ بھی مشرقی پنجاب میں آباد ہے۔
راٹھور
راٹھوروں کے شجر نسب میں یہ رام کے لڑکے کش کے اخلاف ہیں اور اس طرح یہ سورج بنسی ہیں۔ لیکن ان کے کبشر (نسب داں) اس سے منکر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اگرچہ کش کے اخلاف نہیں ہیں، لیکن یہ کیوشت ہیں یعنی سورج بنسی اور یہ ویٹ (شیطان) کی لڑکی سے پیدا ہوئے ہیں۔ یہ قنوج پر حکمران تھے اور بعد میں پنے ایک راجہ سوجی کی نسبت سوجی کہلائے۔ ان سا دلیر اور بہادر راجپوتوں میں کم ہی ہیں۔ مغلیہ لشکر میں پجاس ہزار راٹھور تھے۔ پنجاب میں یہ کم پائے جاتے ہیں۔
سیال
پنجاب میں سیال ایک اہم قبیلہ ہے اور انہیں پنواروں کی شاخ بتایا جاتا ہے۔ انہوں نے ضلع جھنگ کی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا گیا اور ملتان اور بھیر بھی ان کے زیر تسلط رہا ہے۔ انہوں نے نول، منکن، مرل اور دیگر قبائل کو اس علاقہ سے بیدل کیا تھا۔
ان کی روایت کے مطابق سیال پنوار راجپوت کے رائے شنکر کی اولاد ہیں۔ جو کہ الہ آباد فتح پور کے درمیان دارا نگر کا رہائشی تھا۔ قبل اس کے پنواروں کی ایک شاخ جونپور چلی گئی اور وہیں رائے شنکر پیدا ہوا۔ ایک کہانی یہ بھی کہتی ہے کہ رائے شنکر کے تین بیٹے سیو، ٹیسو اور گھیسو تھے۔ جن سے جھنگ کے سیالوں، شاپور کے ٹوانوں اور پنڈی گھیب کے گھیبوں کی نسل چلی ہے۔ ایک روایت کے مطابق رائے شنکر کا اکلوتا بیٹا سیال تھا اور ٹوانوں اور گھیبوں کے مورثین شنکر اور سیال کے ہم جد رشتہ دار تھے۔ رائے شنکر کی موت کے بعد خاندان میں لڑائی جھگڑے پیدا ہوگئے اور اس کا بیٹا پنجاب ہجرت کر گیا۔ قریباً قریباً یہ وہی دور تھا جب کہ متعد راجپوت خاندان یعنی کھرلوں، ٹوانوٓں، گھیبو، چدھروں اور پنوار سیالوں کے اجداد نے ہندوستان کے صوبوں سے پنجاب ہجرت کی۔ ان دنوں بابا فرید کے ہاتھوں اسلام قبول کرنا ایک عام بات تھی۔ سیال پاک پٹن پہنچا تو بابا فرید کے ہاتھوں اسلام قبول کرلیا۔ بابا فرید نے اسے دعا دی اس کے بیٹے کی اولاد جہلم و چناب کے درمیانی علاقہ پر حکومت کرے گی۔ مگر یہ پیشنگوئی درست ثابت نہیں ہوئی۔ سیال اور اس کے ساتھی جہلم کے کنارے کچھ عرصہ رہنے کے بعد رچنا و جچ دو آبوں میں ادھر اوھر بھٹکتے رہے۔ اسی دوران اس نے ایک عورت بھٹی خان میکن کی بیٹی سہاگن سے شادی کی۔ روایت ہے اس نے سیالکوٹ میں ایک قلعہ بنایا تھا۔ بعد میں اس نے تھل اور منکیرہ اور دریائے جہلم کی درمیانی پٹی پر قبضہ کرلیا۔ یعنی خوشاب سے گڑھ مہاراجہ تک۔
سیال ایک بڑا قبیلہ ہے اور ان کی روایت کے مطابق پانسو سالوں میں پھیل جاتا ممکن نہیں ہے۔ یہ اپنی ہجرت کا دور علاؤالدین خلجی کا بتاتے ہیں۔ یہ ایک ایسا وقت تھا جب کہ علاقہ سخت متاثر تھا۔ یہاں خانہ جنگی تھی اور منگولوں کے حملے مسلسل جاری تھی۔ اس لیے یہاں بدامنی کا دور تھا۔ اس لیے ممکن نہیں ہے کہ سیالوں کے جد اعلیٰ نے یہاں ہجرت کی ہوگی۔ اس کی نسبت ہندو راجپوتوں کے راجپوتانہ کا علاقہ خاصہ محفوظ۔ جب کہ یہی دور یہاں کے بشتر راجپوتوں کا بتایا جاتا ہے۔ جو کہ ممکن نہیں ہے۔ یہ روایت اس لیے وضع کی گئی ہے کہ اپنا تعلق راجپوتوں سے ثابت کیا جائے۔ اصل میں پنوار اس علاقہ میں قدیم زمانے سے آباد ہیں۔ ان کا شمار راجپوتوں کے چھتیس راج کلی میں ہوتا ہے۔ مگر یہ بات اس علاقہ کے دوسرے خاندانوں کو معلوم نہیں تھی اس لیے وضع کی گئی ہے۔
ضلع جھنگ کا سارا جنوبی علاقہ سیالوں کا گڑھ ہے۔ چناب کے ساتھ ساتھ راوی سے اس کے ارتصال تک اور راوی و جہلم کے سنگموں کے درمیان بھی راوی کی ساری گزرگاہ کے کناروں پر آباد ہیں۔ بلکہ ساہی وال، جہلم سے شاپور اور گوجرات کے علاقہ اور ڈیرہ جات و مظفر گڑھ میں بھی پائے جاتے ہیں۔
برطانوی رپوٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سیال مویشوں کے شوقین ہیں اور زراعت پر کم توجہ دیتے ہیں۔ کھرل اور کاٹھیا کی طرح ہندو تہواروں میں حصہ لیتے ہیں اور ان کی عورتیں پردہ نہیں کرتی ہیں۔
راٹھی
یہ تنوار راجپوتوں کی نسل سے ہونے کے دعویدار ہیں۔ جٹوں کا بھی ایک قبیلہ راٹھی ہے۔
رانجھا
یہ جہلم اور چناب کے علاقہ میں، شاپور گجرات کے علاقے میں ملتے ہیں۔ ان کی اکثریت خود کو جٹ کہتی ہے اور ان کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ بھٹی راجپوت ہیں۔ انہوں نے قریشی ماخذ کا دعویٰ کیا ہے اور خود کو حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا کے بیٹا جو کو غزنی میں فوت ہوا تھا کی اولاد بتاتے ہیں۔ تاہم ان میں ہندو روایات باقی ہیں۔
رگھ بنسی
یہ پنجاب کے پہاڑی علاقوں کے دامن میں یعنی سیالکوٹ سے کانگڑہ تک ملتے ہیں اور ان میں سے بعض خود کو منہاس بتاتے ہیں۔
سومرو
یہ بھی پرمار کی شاخ ہیں اور یہ پہلے تھر کے ریگستان میں آباد تھے۔ لیکن اب مسلمان ہیں اور انہوں نے سندھ پر حکومت کی۔ ان کی حکومت کو سمہ نے ختم کیا ہے۔ یہ سندھ اور پنجاب میں خاص کر بھاولپور کے علاقہ میں ملتے ہیں اور جٹ مشہور ہیں۔ سموں نے ان کا قتل عام کیا تھا اس کے سوگ میں ان کی عورتیں نتھلی نہیں پہنتی ہیں
ستی
ڈھونڈوں کا کہنا ہے کہ ان کے جد کھلورا کا ستی ناجائز بیٹا ہے۔ مگر ستی اس سے انکار کرتے ہیں اور وہ نوشیروان کی اولاد ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔
سلہریہ
یہ چندر بنسی ہیں اور اپنا سلسلہ نسب دیومالائی راجہ سیگل کی اولاد میں چندر گپت سے ملاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دکن سے دہندہ فوجی دستے کے سپہ سلار کی حثیت سے آیا تھا کہ شیخا کھوکھر کی بغاور سرد کرے اور سیالکوٹ میں آباد ہوگیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بہلول لودھی کے دور میں مسلمان ہوئے تھے۔ یہ ماضی میں اپنی شادی کی رسومات کے لیے برہمن کی خدمات لیتے تھے۔ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی تین بیویاں سلہریہ تھیں۔ جن میں سے ایک ستی ہوگئی تھی۔ ان میں سے بعض اپنے کو منہاس کی شاخ بتاتے ہیں۔
غوریواہا
گوریواہا یا گوریواہا یہ مشرقی پنجاب میں آباد ہیں اور مسلمان ہیں۔ یہ رام کے بیٹے کش کی اولاد بتاتے ہیں۔ اس طرح یہ سورج بنسی ہیں۔ ان کا کہنا ہے انہیں شہاب الدین غوری نے وسیع زمینیں دیں تھیں۔ یہ اس وقت ہندو تھے۔ ان کی ایک شاخ ہندو ہے۔
کھرل
اس قبیلے کے زیادہ تر افراد نے خود کو جاٹ بتاتے ہیں۔ یہ راوی کے بڑے قبیلوں میں سے ہے۔ ان میں بعض نے اپنا تعلق بھٹیوں سے بتایا ہے، کچھ کھرل اپنے کو پنوار راجپوت کہتے ہیں اور کچھ راجہ کرن سے اپنا رشتہ جورتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مخدوم شاہ جہانیاں کے ہاتھوں اسلام قبول کیا ہے۔ ان کی جھنگ کے سیالوں کے شدید دشمنی رہی ہے۔ یہ فساد پسندی اور بلند ہمتی میں سب سے آگے رہے ہیں۔ ان کا مشہور رہنما کھرل اور حلیف قبائل کا سربراہ تھا۔ وہ پانچ باغبانہ تحریکوں کا رہنما تھا۔ اسے 1857 میں کیپٹن بلیک کی قیادت میں مار دیا گیا۔ وہ راجپوت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اس لیے کھیتی باڑی خود کرنے کے بجائے مزارع سے کرواتے ہیں۔ مگر یہ اپنی بیواؤں کی شادیاں کرتے ہیں۔ ان میں دیکھاوا بہت ہے اور ان کی بہت سی رسومات کا ماخذ ہندوانہ ہے۔ بٹہ یا بٹہ کھرل سرادر تھا اور سلطان محمد غوری کے دور میں پیر شیر شاہ سید جلال نے اسے مسلمان کیا تھا۔ کسی زمانے میں یہ دختر کشی کی روایت بھی تھی۔ ان کی ایک روایت پکی چھت کے نیچے نہیں سونے کی بھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں حضرت سلیمان علیہ سلام نے پکی چھت کے نیچے سونے سے منع کیا ہے۔
کھروال
یہ رالپنڈی کے پہاڑی علاقہ میں آباد ہیں اور جنجوعہ قبیلے میں راجہ مل کی نسل سے ہونے کے داعی ہیں۔ یہ اپنی بیواؤں کو شادی کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
کنیال
یہ بھی رالپنڈی کے مشرقی حصہ میں آباد ہیں اور یہ بھی پہلے راجپوت کہلاتے تھے اور خود کو پنوار کی شاخ بتاتے تھے۔ مگر اب انہوں نے عباسی ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان اب بھی بعض رسومات ہندوانہ ہیں۔
کیتوال
راولپنڈی میں آباد ایک قبیلہ اور وہ بھی پہاڑیوں پر آباد ہیں۔ یہ سکندر اعظم کی نسل سے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں اور ان یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دھوند اور ستی سے قدیم اس علاقہ کے باشندے ہیں۔
کاٹل
گورداسپور میں آباد ہیں۔ ان کے ایک راجہ نے جموں میں ایک قلعہ منگلا آباد کیا اور وہاں ایک شہر خیر پور بسایا تھا۔ ان کی اولادیں کھوکھر کہلاتی ہیں۔ یہ سورج بنسی اور باوا ساہی کی نسل سے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ یہ مہاجنوں، کپوروں، اسواروں، چماروں، بٹوالوں اور دومنوں کو اپنی شاخیں سمجھتے ہیں۔ اونگ زیب کے زمانے میں انہوں نے اسلام قبول کیا تھا۔
کلچی
یہ منج کی شاخ ہیں۔
کچھی
کچھی چوہانوں کی شاخ ہے۔ ان کے بارے میں روایت ہے یہ اجمیر سے دہلی آئے تھے وہ زیرین دہ ستلج سے راوی تک ملتے ہیں۔ یہ ساہیوال میں خاصی تعداد میں آباد ہیں اور کھروں سے ان کے تعلقات خاصے اچحے تھے اور یہ پر امن کاشت کار ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہاول حق کے ہاتھوں اسلام قبول کیا تھا۔
کہوٹ
یہ اب چکوال میں آباد ہیں اور کہوٹہ ان کا بسایا ہوا ہے۔ انہیں یہاں سے جنجوعوں نے نکال دیا تھا۔ انہیں بعض اوقات اعوان اور دھوند بھی بتایا جاتا ہے
کٹوچ
ان کی ریاست پہلے جالندھر میں تھی۔ جس کی حدود کانگڑہ تک تھیں۔ بعد میں ان کی ریاست کانگڑہ میں قائم ہوئی۔
گھیبا
یہ سیالوں کی طرح پنوار راجپوت کے رائے شنکر کی اولاد ہیں۔ یہ قبیلہ فتح جھنگ اور پنڈی گھیب کے علاقہ میں آباد ہے۔ انہیں جودر کی شاخ بھی بتایا جاتا ہے۔
گولڑیا
یہ گولڑیا کا حکمران خاندان ہے اور کٹوچ کی نسل سے ہیں۔
گوندل
شاہ پور، ملتان، ساہی وال اور گوندل بار جو کہ جہلم اور چناب کے درمانی خطہ میں میں زیادہ تر آباد ہیں۔ خود کو چوہان کی شاخ بتاتے ہیں۔ پہلے راجپوت کہلاتے تھے اب جٹ مشہور ہیں۔ ان کی روایات کے مطابق ان کے جد امجد نے بابا فرید کے ہاتھوں اسلام قبول کیا تھا۔
گور
راجپوتانہ میں یہ قوم نہایت معزز سمجھی جاتی ہے۔ زمانہ قدیم میں انہوں نے بنگال پر حکومت کی اور بنگال ان کے نام سے گوڑ کہلاتا تھا۔ بعد میں ان کی ریاست راجپوتانہ میں قائم ہوئی، جو سات سو سال تک قائم رہی اور سندھیہ نے ان کی ریاست کو ختم کردیا۔ یہ مشرقی پنجاب اور راجپوتانہ میں ملتے ہیں۔
گوروا
یہ بھی مشرقی پنجاب میں ملتے ہیں۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے کریوا یا بیوہ کی شادی کرنے لگے ہیں اور زراعت کی وجہ سے راجپوت کا درجہ کھو کر جٹ بن گئے ہیں۔
لڈو
انہیں کلچی کی شاخ بتایا جاتا ہے اور یہ ہوشیار پور کے علاقہ میں آباد ہیں۔
مہر
انہیں جوئیہ کے ہم نسل اور اس کے بھائی مہر کی اولاد بتایا جاتا ہے۔ یہ جنوبی پنجاب اور شمالی راجپوتانہ میں آباد ہیں اور مسلمان ہیں۔
منداہار
یہ کا دعویٰ ہے کہ یہ سورج بنسی اور رام کے لڑکے لو کی اولاد میں سے ہیں اور یہ مشرقی پنجاب میں آباد ہیں۔
منہاس
یہ سورج بنسی ہونے کا دعویدار ہے اور جموں کے ساتھ یعنی راولپنڈی سے گوروداس پور میں آباد ہیں۔ کشمیر کا ڈوگرا خاندان ان ہی کی نسل سے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ اس خاندان کے ایک فرد ملن ہنس نے زراعت شروع کردی اس لیے وہ اپنا رتبہ کھو دیا۔ ان کی بارے میں مختلف روایات ملتی ہیں۔ ان میں ان کا مورث اعلیٰ ایودھیا سے آیا تھا اور جموں کو فتح کرکے اسی نام کا ایک شہر بسایا تھا۔ کچھ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے یہ سیالکوٹ میں رہتے تھے۔ کچھ کا کہنا ہے پہلے یہ کشمیر گئے اور بعد میں سیالکوٹ آئے۔ کچھ منہاس مسلمان ہیں اور انہوں نے کپڑا بنے کا پیشہ اختیار کرلیا تھا۔
منج
یہ جالندھر سے راولپنڈی تک پھیلے ہوئے ہیں۔ یہ خود کو بھٹی اور سیالکوٹ کے راجہ سالو کے باپ راجہ سلواہن کی نسل سے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے انہیں اچ کے مخدوم شاہ جہانیاں کے ہاتوں مسلمان ہوئے ہیں۔ انہوں نے ایک ریاست مغلوں کے عہد ذوال میں قائم کی تھی۔ جسے رنجیت سنگھ نے ختم کیا۔ کہا جاتا ہے منج ابھی تک کریوا (بیوہ کی شادی) کی اجازت نہیں دیتے ہیں۔
میکن
یہ پنوار کی شاخ ہیں اور جٹ مشہور ہیں۔ ان کا جد امجد دھودی والا تھا۔ یہ زیادہ تر شاہ پور میں آباد ہیں۔
نارو
یہ غالباً منج کی شاخ ہیں، مگر ان میں سے بعض خود کو رگھ بنسی بتاتے ہیں اور بعض چندر بنسی بتاتے ہیں۔ ایک اور روایت جے پور یا چودھ پور کے راج کمار کی نسل سے بتاتے ہیں جس نے محمود غزنوی کے دور میں اسلام قبول کیا تھا۔
نے پال
یہ بھٹی کی شاخ ہیں اس لیے چندر بنسی ہیں۔ انہیں جٹ بھی بتایا جاتا ہے۔ اس اندازہ ہوتا ہے کہ یہ زراعت پیشہ ہیں اور بیواؤں کی شادی کرتے ہیں۔ یہ بھی زیادہ تر مشرقی پنجاب میں ملتے ہیں۔
ہراج
یہ سیالوں کی شاخ ہیں اور چناب و راوی سنگم کے قریب راوی کے کناروں پر آباد ہیں۔
ورک
یہ جٹ بھی کہلاتے ہیں اور یہ اپنا مورث اعلی ورک منہاس قبیلے سے تھا۔ جس کا تعلق جموں کے راجوں سے تھا۔ ان کے نام سے لاہور اور گوجرنوالہ کے علاقہ کا نام ورکیت پڑا ہے۔
وٹو
یہ بھٹی کی شاخ ہیں اور راجہ سلواہن کے ایک لڑکے جو بیکانیر میں رہتا تھا کی نسل سے ہیں۔ یہ پنجاب کے صحرائی علاقہ میں دریائے ستلج کے کناروں پر زیادہ تر آباد ہیں۔
پنجاب کے راجپوت مکمل ہوا۔ اگر پسند کریں تو پنجاب کے جاٹ کے بارے میں بھی لکھوں۔ جاٹوں میں بہت سی اقواموں کا دعویٰ ہے کہ وہ راجپوت یا راجپوتوں کی نسل سے ہیں۔ میں پہلے کہہ چکا ہوں پنجاب میں راجپوتوں اور جٹوں کی تقسیم بہت الچھی ہوئی ہے۔
حیوانی جبلت، مکھیوں کا دیوتا، مکڑیوں بھرا جزیرہ اور ہم
( نوبل انعام یافتہ ولیم گولڈنگ کے ناول ’ لارڈ آف فلائیز ‘، 1954ء پر تبصرہ ) یہ پچھلی صدی...