شعبہ اردو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق صدر،سہ ماہی’ فکر و نظر‘ کے ایڈیٹر اور سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی ، شعبہ اردو کے کوآرڈینیٹر پروفیسر سید محمد ہاشم کو علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اردو اکادمی کا ڈائریکٹر منتخب کیا گیا ہے۔رجسٹرار آفس سے جاری حکم نامے کے مطابق وہ اس عہدے پر تین سال یا اگلے احکام تک کی مدت کے لئے ڈائریکٹر منتخب ہوئے ہیں۔انھوں نے ڈائریکٹر عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد کہا کہ وہ اردو اکادمی کو فعال بنائے رکھنے کے لئے کام کریں گے۔اردو میں پہلے ہی پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر چکے پروفیسر سید محمد ہاشم کو حال ہی میں فارسی زبان و ادب میں’’جاوید نامہ کا تنقیدی مطالعہ‘‘ کے موضوع پر بھی پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔ممتاز محقق پروفیسر سید محمد ہاشم ماہر اقبالیات ہونے کے ساتھ تقابلی ادب اور ریسرچ میتھڈولوجی پر بھی گہری نگاہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے اپنی علمی استعداد میں اضافہ کرتے ہوئے اردو ، فارسی اور انگریزی کے علاوہ ہندی،عربی،ترکی،ملیالم وغیرہ زبانوں پر دسترس حاصل کی ہے۔پروفیسر سید محمد ہاشم جون2013سے اگست2016تک مسلم یونیورسٹی کے سہ ماہی مجلہ’ فکر و نظر‘ کے مدیر رہ چکے ہیں اور سال 2018سے اب تک اس ذمہ داری کو انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ ان کی انتظامی صلاحیتوں کی وجہ سے مجلہ فکر و نظر یو جی سی کی کیئر لسٹ میں شامل ہو گیا ہے۔انھوں نے اپنی ادارتی سرگرمیوں کا معیار انتہائی بلند رکھا ہے ۔ موضوعاتی تنوع،ہمہ جہت فکری بلندی،تحقیقی و تنقیدی اعلی درجے کے مقالات کی شمولیت نے اس مجلہ کے وقار کو بلند کیا ہے۔انھوں نے فکر و نظر کے متعدد خصوصی نمبر بھی نکالے ہیں جن میںسر سید نمبر،حالی و شبلی نمبر،مشتاق یوسفی نمبر وغیرہ نے بہت مقبولیت حاصل کی ہے ۔سید محمد ہاشم کی تحقیق و تدوین،اردو تنقید کی اساس،اقبال فکر و فن،سید سلیمان ندوی ۔حیات اور ادبی کارنامے،سید سلیمان ندوی۔سیرت و شخصیت،اشاریہ ء تنقید وغیرہ کتابیں شائع ہو کر اپنی اہمیت کا لوہا منوا چکی ہیں جبکہ شعبہ اردو کی آٹھ کتابیں ان کی نگرانی میں شائع ہوئی ہیں۔وہ بین الاقوامی اور قومی سیمیناروں میں کثیر تعدادمیں ریسرچ پیپر پیش کر چکے ہیں جبکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر ان کے ساٹھ ( ۶۰)سے زائد مقالات شائع ہو چکے ہیں۔انھیں مختلف اردو اکادمیوں کی جانب سے کئی مرتبہ ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔ پروفیسر سید محمد ہاشم نے صدر شعبہ اردو کے عہدے پر فائز رہتے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ ان کی زیر نگرانی اب تک ۱۳ پی ایچ ڈی اور دو ایم فل ریسرچ اسکالر ڈگریاں حاصل کر چکے ہیں۔سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈی کے کوآرڈینیٹر ہونے کے علاوہ وہ یونیورسٹی کے مختلف انتظامی عہدوں پر بھی فائز رہ چکے ہیں نیز ملک کی کئی دوسری یونیورسٹیوں میں بھی وہ مختلف نوعیت کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ اردو اکادمی کے ڈائریکٹر منتخب ہونے پر علمی و ادبی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا گیا نیز اکادمی کے مزید فعال ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے ۔شعبہ اردو ، یونیورسٹی اور یونیورسٹی کے باہر کئی دیگر شعبوں کے اساتذہ نے پروفیسر سید محمد ہاشم کو مبارکباد پیش کی ہے۔
“