مفتی ہونا کتنا بڑا اعزاز ہوتا ہو گا بشرطیکہ کوئی واقعی مفتی ہو، مفتی عزیز یا مفتی قوی جیسا نہ ہو۰ مفتی کا کام ہوتا ہے کسی شرعی مسئلے پر قرآن و سنت کی تعلیمات کی روشنی میں فتوی جاری کرنا۰ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ایک مفتی کو نہ صرف قرآن و سنت کی تعلیم پر عبور حاصل ہونا چائیے بلکہ وہ ذاتی کردار میں بھی متقی، پرہیز گار، قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے والا ہونا چاہئیے
مجھے اس بارے زیادہ نہیں معلوم کہ مفتی ہونے کی سند کیسے جاری کی جاتی ہے اور کون سا حکومتی ادارہ مفتی کی سند جاری کرتا ہےیا یہ پرائیوٹ طور پر مدرسے خود ہی جاری کر دیتے ہیں۰ میں اپنی اس کم علمی پر معذرت خواہ ہوں لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ مفتی بننےکی سند جاری کرنے کا اختیار کسی مستند سرکاری ادارے یا یونیورسٹی کو ہی ہونا چاہیے تاکہ کسی مفتی عزیز یا مفتی قوی جیسے شخص کومفتی کی سند نہ مل سکے۰
اوپر بیان کی گئی تمہید کا مقصد حال ہی میں ایک نام نہاد مفتی کی جانب سے اپنے شاگرد کو زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیوز منظرعام پر آنے کا واقعہ ہے۰ افسوس کا مقام ہے کہ ایک مفتی جس کو قرآن و سنت کے معیار پر پورا اترنے والا شخص ہونا چاہیےتھا وہ اپنے ایک شاگرد کے ساتھ پچھلے تین سال سے ایک شرمناک اور مکروہ گناہ کا مرتکب ہوتا رہا۰ ستم ظریفی یہ ہے کہ شاگرد نےاس مکروہ فعل کے بارے مدرسے کی انتظامیہ کو مطلع بھی کیا لیکن ادارے نے اس کی شکایت پر کان نہیں دھرے اس پر شاگرد نے خود ویڈیوز بنانے کا سلسلہ شروع کیا۰ مدرسے کی انتظامیہ نے واقعہ کے منظرعام پر آنے کے بعد بھی مفتی کو مدرسے سے نکالنے پر ہی اکتفا کیا اور مزید کسی کاروائی سے گریز کیا۰ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ایف آئی آر تو درج ہو چکی ہے لیکن اس غلیظ شخص کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آ سکی اور نہ ہی ایف آئی آر میں توہین مذہب وغیرہ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۰
اس واقعے پر علما کرام اور مذہبی لوگوں کی خاموشی سب سے زیادہ خطرناک بات ہے۰ مولانا فضل الرحمن کی پارٹی سے تو اس مفتی کا تعلق بھی ہے۰ مولانا صاحب کم از کم یہ ہی کہہ دیتے کہ اس شخص کا ہماری پارٹی سے کوئی تعلق نہیں لیکن نہیں سب ہمیشہ کی طرح خاموش ہیں کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۰ یہ افسوسناک رویہ یا ردعمل اس طبقہ فکر کی جانب سے سامنے آیا ہے جو کسی عام آدمی یا اقلیت کے کسی فرد کے خلاف توہین مذہب کے جھوٹے الزامات پر پوری کی پوری بستی جلا دیا کرتے ہیں اور اکثر اوقات بعد میں پتہ چلتا ہے کہ الزامات جھوٹے تھے اور کسی نے ان الزامات کی آڑ میں اپنی کسی ذاتی مخالفت کا بدلہ لیا ہے۰ ان لوگوں کی یہ مُجرمانہ خاموشی اس بات کا ثبوت ہے کہ مدرسوں میں ہونے والے ان شرمناک واقعات سے یہ بخوبی آگاہ ہیں لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر کوئی بھی ایکشن نہیں لیا جاتا۰ اس لیے ان واقعات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۰
یہاں علمائے کرام سے یہ بھی سوال ہے کہ کیا حدیث کی کتاب ہاتھ میں پکڑ کر زنا کرنے سے توہین مذہب نہیں ہوتی؟؟ کیا جھوٹاقرآن اٹھانے سے توہین مذہب نہیں ہوتی؟؟اور کتنے علمائے کرام نے لوگوں کو اکٹھا کرکے اس شرمناک فعل کے خلاف احتجاج کیا ہے اور ایف آئی آر میں توہین مذہب کی دفعہ لگانے کا مطالبہ کیا ہے؟؟ کتنے لوگ اتنے دن گزر جانے کے باوجود اس غلیظ شخص کی گرفتاری نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں؟؟ یقینی طور پر ان تمام سوالوں کا جواب نفی میں ہے لیکن جواب نفی میں ہونے سے سوال تو ختم نہیں ہوگا، سوال تو اپنی جگہ موجود رہے گا۔۔۔
اس نام نہاد مفتی کی لاہور میں متحدہ مجلس عمل کے زیراہتمام ناموس رسالت صہ کے سلسلے میں نکلنے والی ریلی میں تقریر کرتےہوئے تصویر بھی گردش کر رہی ہے۰ یہاں سوال یہ بھی ہے کہ کیا نبی پاک صہ کی ناموس کو اس طرح کے گندے منافق لوگوں سے زیادہ خطرہ ہے یا ان لوگوں سے زیادہ خطرہ ہے جن کے خلاف وہ ریلی نکالی گئی تھی۔۔۔ ذرا سوچیئے اگر یہ ویڈیو سامنے نہ آتی اور اس غلیظ شخص کا گھناؤنا روپ عوام کے سامنے نہ آتا تو یہ شخص اسی طرح سادہ لوح عوام کی مذہبی رہنمائی کرتا رہتا۰
یہ اپنی نوعیت کا کوئی پہلا واقعہ نہیں آئے روز ایسے واقعات منظرعام پر آتے رہتے ہیں لیکن کوئی ان پر زیادہ بات نہیں کرتا اورمعاملہ زیادہ تر رفع دفعہ ہی کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۰ مولوی کے خلاف جو بات کرے اس پر کفر کا فتوی بڑی آسانی سے لگا دیاجاتا ہے کیونکہ مولوی کے خلاف بات کو اسلام کے خلاف بات سمجھ لیا جاتا ہے۰ اس لیے مولوی کے خلاف بات کرنے سےسب ڈرتے ہیں۰
سوچنے والی بات ہے کہ دینی تعلیم دینے والے مدرسوں سے آئے روز ایسے واقعات کیوں سامنے آتے ہیں اور ان واقعات میں دینی تعلیم دینے لوگ ہی کیوں ملوث ہوتے ہیں؟ ارباب اختیار اور دینی حلقوں کو آنکھیں کھولنی چاہیں اور دیکھنا چاہیے، سوچنا چاہئیے اورمنافقت کے خول سے باہر نکلنا چاہئیے کہ کہاں پر غلطی ہے اور اس کو درست کیسے کیا جا سکتا ہے۰ غلط کو غلط کہنا ہو گا چاہے وہ کوئی بھی ہو، یہ نہیں کہ کوئی دوسرا غلطی کرے تو اسے سزا دی جائے لیکن اگر کوئی مولوی یا مفتی غلط کام میں ملوث ہو تو یا اس کی حمایت کی جائے یا خاموش رہا جائے۰ یہ بھی نہیں کہ مدارس کو سرکاری تحویل میں لے لیا جائے لیکن اتنا ضرور ہے کہ ان مدارس کو سخت ترین ضابطوں کے تحت چلایا جائے۰ ان مدارس میں تعلیم دینے والوں کی نہ صرف سکریننگ کی جائے بلکہ ان کا کوئی تعلیمی معیار بھی مقرر کیا جائے اور ان مدرسوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کا بندوبست بھی کیا جانا چاہئیے۰ چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کے نفاذ کو تمام تعلیمی اداروں اور مدرسوں میں لازم قرار دیا جانا چاہئیے تاکہ اس طرح کے گھناونے واقعات کا تدارک کیا جا سکے۰
لمحہ فکریہ ہے کہ پچانوے فیصد مسلمان آبادی والے ملک میں جہاں مذہب کو تمام چیزوں میں اولیت دی جاتی ہے، جہاں توہین مذہب سے متعلقہ سخت قانون بھی موجود ہیں وہاں آئے روز ایسے واقعات کیوں رونما ہوتے ہیں۰ یہاں کے رہنے والے تو سچےعاشق رسول صہ ہونے کا دعوی بھی کرتے ہیں تو پھر اخلاقی طور پر ہمارا معیار روز بروز پستی کی طرف کیوں مائل ہے؟ دو تین سال کے بچوں سے لے کر قبر میں لیٹی خاتون تک جنسی درندوں سے محفوظ نہیں تو پھر ہم کیسے ایک اسلامی معاشرہ ہونے کا دعوی کر سکتےہیں؟
ذرا سوچیئے۔