اکادمی ادبیات پاکستان
پریس ریلیز
پاکستانی ادب اور شاعری کو تمام زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو
اسلام آباد (پ۔ر) اکادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو، کے بلوچستان کے دورے کے موقع پر بلوچیاکیڈمی،کوئٹہ نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں بلوچستان کے لکھنے والے اہم ادیب، شاعر اور دانشور شریک ہوئے۔ اس موقع پر بلوچستان کے اہل قلم نے بلوچی ادب کے فروغ و ترویج کے لیے تجاویز دیں۔ اکادمی کے چیئرمین نے ادیبوں اور دانشوروں کو یقین دلایا کہ اکادمی بلوچستان میں تخلیق پانے والے ادب کے فروغ و ترقی کے لیے مزید کام کرے گی اور یہاں کے ادیبوں کی فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ڈاکٹر قاسم بگھیو نے کہا کہ پاکستانی ادب اور شاعری کو تمام زبانوں میں ترجمہ کرایا جا رہا ہے۔ بلوچی اکیڈمی کی گرانٹ دو لاکھ روپے سے بڑھا کر ساڑھے چار لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ ادب کی خدمت کرنے والے اداروں اور ادباء شعراء کی مالی معاونت کا سلسلہ مزید بڑھایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بلوچی اکیڈمی کے چیئرمین ممتاز یوسف نے 500 سالہ بلوچی شاعری (مجموعہ) اور دیگر کتب کا تحفہ پیش کیا اور کہا کہ بلوچی اکیڈمی بلوچی زبان و ادب پر تحقیق کرنے والے سکالر کو سکالر شپ دینے کے پروگرام پر عمل کرنے جا رہی ہے اس موقع پر ممتاز یوسف، چیئرمین بلوچی اکیڈمی، سرور جاوید گُل عسکر، پناہ بلوچ، عبداللہ بلوچ نے ملک میں قومی زبانوں کی ترقی کے لیے تمام صوبوں میں انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئجز قائم کرنے کی تجاویز اور گوادر میں ادبی سرگرمیوں کے فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
(طارق شاہد)
افسرِ تعلقاتِ عامہ