(Last Updated On: )
آنلائین شاپنگ نئی نئی متعارف ہوئی تو ہمارے چھوٹے صاحبزادے شائد پرائمری سکول کے سٹوڈنٹ تھے ہم چشمہ میں تھے تو کافی ضروریات زندگی آنلائین ہی منگوانی پڑتی تھیں ۔ جب یہ اشیاء پہنچتیں تو بہت اچھا لگتا ورنہ مہینوں صبر کرنا پڑتا تھا ۔ ہمارے صاحبزادے کو بھی یہ جادوئی طریقہ بہت پسند آیا انہیں ایک چھوٹے بھائی کی خواہش تھی سو پیچھے پڑگئے کہ ایک بے بی بھی آنلائین آرڈر کر دیں ۔۔ روز کی تکرار سےزچ ہوکے کہہ دیا اب بچے پالنے اور پوٹیاں دھونے سے گھن آتی ہے ۔۔ موصوف مچل گئے کہ میں اسے خود ہی پال لوں گا ۔۔۔ پوٹیاں بھی دھلا لوں گا اور بیڈ پہ اپنے ساتھ سلایا کروں گا ۔۔ ہم انہیں جھوٹے سچے دلاسوں سے بہلا لینے میں کامیاب رہے گروئنگ ایج تھی ایک دو سال بعد انہیں خود ہی سمجھ آگئی کہ آنلائین سب کچھ مل جائے گا بےبی ملنا ممکن نہیں کون اپنے بچے بیچتا ہے بھلا ۔۔۔ تب ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ آنے والے برسوں میں آنلائین کا جادو سر چڑھ کے بولے گا ۔ آج کل آنلائین شاپنگ بلکہ زندگی کے روز و شب آنلائین کی تاروں پہ جھومتے مقبولیت کے بام پہ ہیں ۔۔ جہاں آپ کا وقت بچ جاتا ہے وہیں آنلائین سیلرز کے بھی مزے ہیں بغیر کسی دکانداری کا کھٹراگ پالے یا دکان کرائے پہ ہائر کرنے کے آپ گھر میں موجود رہتے ہوئے اپنا روزگار کما سکتے ییں ۔ دوسرا فائدہ یہ ہے کہ ہر مرد و زن ہوا کے دوش پہ سوار کمائیاں کر رہا ہے ۔۔ نہ بارگینگ کی کِھچ کِھچ نہ صبح سویرے جاگنے کی دردِ سری ۔۔ آنلائین خریداری کی مقبولیت کا اندازہ یہاں سے لگائیے کہ بڑی بڑی کمپنیاں اور برانڈز بھی اپنے آنلائین پیج بنا کے آؤٹ لیٹس کے تام جھام سے ہٹ کے بھی سائیڈ لائین منافع کما رہی ہیں ۔ بھوک ہے کہ یا جوج یا جوج پکارتی ہوئی معلوم پڑتی ہے ۔
زندگی دھیرے دھیرے آنلائین کی ڈوری پہ منتقل ہوتی جا رہی ہے ۔ buy & sale کے علاوہ لیکچرز بھی آنلائین بیچے اور خریدے جا رہے ہیں ۔ آپ کا چالان آنلائین ہو رہا ہے ۔ آپ کا سٹوڈنٹ اور کسٹمر آنلائین پڑا ہے ۔ ٹیسٹ , انٹرویوز , پیپرز , پورے پورے سمیسٹرز سب آنلائین چل رہے ہیں ۔ سونے پہ سہاگہ ڈاکٹر بھی آنلائین مل رہے ہیں نہ ڈریس اپ ہونے کی تکلیف نہ ڈریس پریس کرنے کا جھنجھٹ, منہ دھوئے بنا بستر پہ آلتی پالتی مار کے موندھی آنکھوں سے آنلائین ہو جائیے اشارے سے اماں سے چائے ناشتہ مانگ لیجیے ورنہ اماں چپکے سے خود ہی رکھ جائیں گی ۔۔ پڑھ رہے ہیں تو گھر بیٹھے ڈگری بھی آنلائین مل جائے گی جاب ہے تو سیلری بھی آنلائین ۔۔۔ مزے ہیں جی ۔۔۔
پر ہمارے جیسی بعید کی نسل کو قرار کہاں ۔۔۔۔ جب تک کتاب ہاتھ میں پکڑ کر اسکے حروف کو بصر میں نہ سما لیں الوہی کنواری کتاب کی کڑک اور خوشبو کا جھونکا محسوس نہ کر لیں حروف نہیں جچتے ۔ طالب علمی کے زمانے میں کالج سے چھٹی کے بعد بک ڈپو میں نئی کتاب ہاتھ میں لینے کے بہانے کتابیں کھول کھول کے دیکھتے رہتے اور داؤ چلا کے پڑھ بھی لیتے کتاب ضخیم ہوتی تو نشانی کے طور پہ ورق کا نمبر یاد کر کے اگلے دن وہیں سے شروع کر لیتے ۔ ہم سمجھتے تھے ڈپو والے انکل ہماری ان چالاکیوں کو نہیں جانتے لیکن بہت بعد میں معلوم ہوا کہ جانتے تھے بس طرح دئیے جاتے کہ سٹوڈنٹ ہیں تو سیکھ کا کچھ ثواب انہیں بھی مل جائے گا ۔۔
خیر موضوع پہ واپس لوٹتے ہیں کپڑےجوتے خریدنے ہوں تو ہاتھ میں لے کر انہیں محسوس کرنا ۔۔۔ ایک جوڑی کپڑے یا جوتے خریدنے کی آڑ میں پوری دکان الٹ دینے کا مزہ ہی کچھ اور ہے ۔ طبعیت سیر ہو جاتی ہے ۔ ہزار ڈیزائین اور پرنٹس کا سوئمبر رچا کے اپنے لئے ایک شہزادہ سوٹ چننا اور منتخب کر کے خریداری کی مالا پہنانا نشاط انگیز ہے بھئی ۔۔
آؤٹ لیٹ پہ جاکے خریداری کرنے کا مزہ یہ آلکس زدہ آنلائین شاپنگ والے کیا جانیں جی ۔ جیسے کتاب کو ہاتھ میں پکڑ کر اور کاغذ کی خوشبو میں لپٹے حروف پڑھنے کا مزہ ہی الگ ہے اسی طرح دکان میں جاکے ایک ایک چیز کو ہاتھ سے چھو کر اور پسند کرکے , اسکی لطافت اور خوبصورتی کو محسوس کر کے دکاندار سے دس سوال کر کے خریدنے کا مزہ آنلائین کی ہوائی خریداری میں بالکل نہیں آتا ۔ آرڈر کچھ کرو نکل کچھ آتا ہے ۔ کبھی رنگ پرنٹ الٹ کبھی کوالٹی نہیں کبھی سائز نہیں ۔ واپسی کی سردردی کون مول لے ۔
اسکول , کالج , یونی ورسٹی صرف سند یا ڈگری کے حصول کے لئے نہیں ہوتی ۔ یہاں سے ہم اور بہت کچھ سیکھتے ہیں جو آئندہ زندگی میں ہمارے کام آتا ہے ۔ ون ٹو ون پرسن سے بات چیت کا سلیقہ , محفل برتنے کا سلیقہ ہم نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں اور پریکٹیکل لائف کی جھلک اور سیکھ یہاں سے ہی ملتی ہے ۔ کس موقعے پہ کیا زیب تن کرنا ہے ڈریس کوڈ یہاں سے ہی سیکھاجاتا ہے ۔
جب سےکھانا پینا آنلائین ہوا ہے کچن اجڑنے لگے ہیں ۔ اب جنہوں نے اپنی آدھی زندگی کچن میں گزار دی ہو وہ کیا کیا کریں ۔ آنلائن رئیل کا نعم البدل کبھی نہیں ہوسکتا ۔۔ کیا خیال ہے ۔
نوٹ ۔۔۔۔ یہ کوئی ادبی نثر پارہ نہیں ہے اردو متبادل موجود ہونے کے باوجود روزمرہ کی زبان و حروف دانستہ استعمال کئے گئے ہیں ۔