آج – ١٢؍اکتوبر ١٩٣٨
ممتاز ترین جدید شاعروں میں شامل، مقبولِ عام شاعر، ممتاز فلم نغمہ نگار اور نثر نگار، اپنی غزل ’کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا۔۔۔۔‘ کے لئے مشہور شاعر” نداؔ فاضلی صاحب “ کا یومِ ولادت…
نام مقتداحسن فاضلی اور تخلص نداؔ ہے۔ ۱۲؍اکتوبر ۱۹۳۸ء کو دہلی میں پیدا ہوئے۔ ندا فاضلی دعاڈبائیوی کے صاحبزادے ہیں۔ بی اے تک تعلیم حاصل کی۔ بمبئی میں فلمی نغمہ نگاری کرتے ہیں۔ ان کا شعری مجموعہ ’’لفظوں کا پل‘‘ کے نام سے چھپ گیا ہے۔ ان کی دیگر تصانیف کے نام یہ ہیں:
’’کھویا ہوا سا کچھ‘‘، ’’دیواروں کے باہر‘‘، ’’دیواروں کے بیچ‘‘(خود نوشت)، ’’شہر میرے ساتھ چل تو‘‘، ’’مورناچ‘‘(مجموعہ کلام)، ’’ملاقاتیں‘‘(خاکے) ۔ مہاراشٹر اردو اکادمی، بمبئی اور ساہتیہ پریشد ، بھوپال سے ان کی کتابوں پر انعامات ملے۔
بحوالۂ:پیمانۂ غزل(جلد دوم)،محمد شمس الحق،صفحہ:335
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
✦•───┈┈┈┄┄╌╌╌┄┄┈┈┈───•✦
مقبولِ عام شاعر نداؔ فاضلی صاحب کے یومِ ولادت پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ تحسین…
اک مسافر کے سفر جیسی ہے سب کی دنیا
کوئی جلدی میں کوئی دیر سے جانے والا
—
بڑے بڑے غم کھڑے ہوئے تھے رستہ روکے راہوں میں
چھوٹی چھوٹی خوشیوں سے ہی ہم نے دل کو شاد کیا
—
اس کے دشمن ہیں بہت آدمی اچھا ہوگا
وہ بھی میری ہی طرح شہر میں تنہا ہوگا
—
ذہانتوں کو کہاں کرب سے فرار ملا
جسے نگاہ ملی اس کو انتظار ملا
—
کبھی کسی کو مکمل جہاں نہیں ملتا
کہیں زمین کہیں آسماں نہیں ملتا
—
اس کا قصور یہ تھا بہت سوچتا تھا وہ
وہ کامیاب ہو کے بھی ناکام رہ گیا
—
اچھی نہیں یہ خامشی شکوہ کرو گلہ کرو
یوں بھی نہ کر سکو تو پھر گھر میں خدا خدا کرو
—
پر شور راستوں سے گزرنا محال تھا
ہٹ کر چلے تو آپ ہی اپنے سزا ہوئے
—
جس سے بھی ملیں جھک کے ملیں ہنس کے ہوں رخصت
اخلاق بھی اس شہر میں پیشہ نظر آئے
—
دیکھا ہوا سا کچھ ہے تو سوچا ہوا سا کچھ
ہر وقت میرے ساتھ ہے الجھا ہوا سا کچھ
—
چلتے رہتے ہیں کہ چلنا ہے مسافر کا نصیب
سوچتے رہتے ہیں کس راہ گزر کے ہم ہیں
—
کوئی کسی کی طرف ہے کوئی کسی کی طرف
کہاں ہے شہر میں اب کوئی زندگی کی طرف
—
زمیں دی ہے تو تھوڑا سا آسماں بھی دے
مرے خدا مرے ہونے کا کچھ گماں بھی دے
—
فہرست مرنے والوں کی قاتل کے پاس ہے
میں اپنے ہی مزار میں ہوں بھی نہیں بھی ہوں
—
اس کو کھو دینے کا احساس تو کم باقی ہے
جو ہوا وہ نہ ہوا ہوتا یہ غم باقی ہے
—
ہنستے ہوئے چہروں سے ہے بازار کی زینت
رونے کی یہاں ویسے بھی فرصت نہیں ملتی
—
نہ جانے کون سا منظر نظر میں رہتا ہے
تمام عمر مسافر سفر میں رہتا ہے
—
دھوپ میں نکلو گھٹاؤں میں نہا کر دیکھو
زندگی کیا ہے کتابوں کو ہٹا کر دیکھو
—
یہاں کسی کو کوئی راستہ نہیں دیتا
مجھے گرا کے اگر تم سنبھل سکو تو چلو
—
تو اس طرح سے میری زندگی میں شامل ہے
جہاں بھی جاؤں یہ لگتا ہے تیری محفل ہے
●•●┄─┅━━━★✰★━━━┅─●•●
نداؔ فاضلی
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ