نوازشریف بھی انقلابی ہو گئے
اس نے کہا ،میرا ایجنڈا آپ کے سامنے ہوگا،میرا پروگرام آپ کے سامنے ہوگا ،میرے پیغام کا انتظار کرنا ،میں اپنا پروگرام دوں گا ۔کیا تم انقلاب کے لئے تیار ہو ؟اس انقلاب کا ساتھ دینا جو میں لارہاہوں۔انقلاب کا پیغام پہنچتے ہی میرے قدم سے قدم ملا لینا ۔نوازشریف کے یہ جملے مجھے بہت پسند آئے ۔پہلے تو عمران خان انقلاب کی بات کرتے تھے ،طاہرالقادری کے انقلاب کی باتیں تو ہر روز ہی سننے کو مل جاتی ہیں ،عمران خان اور طاہر القادری کے بعد اب نوازشریف بھی انقلاب لارہے ہیں۔اب سوال یہ ہے کہ نواز شریف کا انقلاب کیا ہوگا ؟ کیا وہ پاکستان کو ترکی جیسا بنانے جارہے ہیں اور اپنےآپ کو طیب اردوان کی طرح کی شخصیت بنانا چاہتے ہیں؟نوازشریف کے انقلاب کا نشانہ ریلی کے دوران تو عدلیہ بنی رہی،کیا وہ فوج اور موجودہ نظام میں بھی انقلابی تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں ؟نواز شریف صاحب ایسا نہ ہو کہ آپ کا انقلاب آئے یا نہ آئے ،کہیں counter revolution نہ آجائے ؟نواز شریف کے انقلاب کا سب سے بڑا بینیفشری اب تک عمران خان رہے ہیں ،عمران کان عائشہ گلہ لئی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار تھے ،جس دن سے اسلام آباد سے لاہور کی جانب ریلی نکلی عائشہ گلہ لئی منظر سے غائب ہو گئیں۔وہ جو عائشہ گلہ لئی کو عمران خان کے لئے بڑا ایشو بنارہے تھے ،ان سب کو ناکامی ہو گئی ۔کیونکہ نواز شریف نے ریلی کے دوران سارا غصہ عدلیہ اور آمروں پر نکالا ۔کچھ میڈیا ہاوسز نے بھی کمال کر دیا ۔نواز شریف کو مظلوم بناکر پیش کیا گیا ،شاید ان میڈیا ہاوسز کے مالکان کو یقین تھا کہ واقعی ہی نواز شریف کوئی انقلاب لارہے ہیں ،لاہور میں بہت بڑی سیاسی ریلی یا سیاسی شو کا جس طرح اختتام ہوا ،اس کے بعد نواز شریف کا انقلاب خطرے میں پڑ گیا ہے ۔وہ اس ریلی کی اختتامی تقریر میں انقلاب کا تفصیلی روڈ میپ دے دیتے تو اچھا ہوتا ،لیکن بدقسمتی سے انہوں نے اتنا بڑا موقع ضائع کردیا ۔نواز شریف صاحب آپ 32 سال طاقت میں رہے ،دس سال سے پنجاب جیسے صوبے میں حکومت کررہے ہیں ،پہلے انقلاب کا خیال کیوں نہیں آیا ؟نوازشریف صاحب جن کے خلاف آپ باتیں کررہے کہ وہ سازشی ہیں ،کچھ اپنے گریبان میں بھی جھانک لیں ،آپ نے دو مرتبہ سازش سے بے نظیر کی حکومت ختم کرائی یوسف رضا گیلانی کو بھی نااہل کرانے میں آپ کا کردار ہے،اور میمو گیٹ اسکینڈل کے دوران آپ کالا کوٹ پہن کر عدالت گئے تھے ،آپ کی سازشوں کا نشانہ جج،جرنیل اور صدر بھی بنے ۔کبھی موقع ملے تو ماضی کی ان تلخ یادوں پر ضرور توجہ دیجیئے گا ۔جب آپ یہ کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا گیا تو ان کا جواب بھی آپ کو معلوم ہونا چاہیئے ؟آپ نے جو کرنا تھا کر لیا ،اب وہ بھی مداخلت کریں گے جن کے خلاف آپ باتیں کرتے رہیں ہیں ،وہ میڈیا ہاوسز جو آپ کی پروجیکشن میں جتے ہوئے تھے ،اب ان کے خلاف کیبل آپریٹرز کو فون کالیں آرہی ہیں کہ ان چینلز کو بند کیا جائے ۔شاید اب اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت مزید بڑھ جائے گی ۔ادھر سے جی ٹی روڈ ریلی نے شہباز شریف کی گڈ گورننس کا بھی جنازہ نکال دیا ہے ،آٹھ ستمبر کو بحران مزید سنگین ہو گا ؟انقلاب لیکر آنا ہے تو جلدی کریں ،اس میں کوئی شک نہیں کہ ووٹ کے تقدس کا احترام ہونا چاہیئے ،لیکن اس کے ساتھ آئین اور قانون کا بھی احترام کیا جانا چاہیئے ۔کیا آپ نے پوری ریلی کے دوران آئین اور قانون کا احترام کیا ؟نواز شریف صاحب آپ نے تو بڑی کوششیں کی کہ وہ آجائیں ،جمہوری حکومت کا تختہ الٹ دیں ،آپ کو گرفتار کر لیں اور مارشل لاٗ لگادیں ،لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا ،اس کا مطلب ہے وہ جانتے ہیں کہ مزید ایسا کریں گے تو ان کی بدنامی ہو گی ،وہ سمجھدار ہو گئے ہیں ،آپ بھی سمجھدار ہو جائیں ،پارلیمنٹ اور جمہوریت کے راستے سے غیر جمہوری طاقتوں کا مقابلہ کریں ،اسی میں پاکستان اور جمہوریت کی بھلائی ہے ۔قانون اور آئین کا احترام کریں اور اپنے آپ کو قانون کے سامنے جھکا دیں ،یہی اب بہترین راستہ ہے ۔باقی جو آپ کی مرضی وہی کریں ۔
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔