محترم جاذب قریشی کے نام / سیّد عارف معین بلّے
نسلِ نو کو خوب یہ فیضان بخشا آپ نے
زندہ شعروں کا نیا دیوان بخشا آپ نے
ذوق کی تسکین کا سامان بخشا آپ نے
دوش اورامروزکا آئینہ فردا کی کتاب
آپ کی یہ شاعری کا پہلا پہلا انتخاب
زندہ و تابندہ ہیں یہ نثر پارے آپ کے
اہلِ دانش جان سکتےہیں اشارے آپ کے
بندشیں یکتا, اچھوتے استعارے آپ کے
دھوپ کےصحرا میں جاذب آپ لےآئےسحاب
خوب ہے یہ نثر کا بھی پہلا پہلا انتخاب
آپ کی “پہچان” سے اردو کو دانائ ملی
قابلِ صد آفریں بے شک “شناسائ” ملی
آپ کو اردو ادب میں جو پزیرائ ملی
آپ کی طرح ہے وہ جاذب قریشی لاجواب
علم و حکمت کا خزینہ آپ کی ہر اک کتاب
اک زمانہ معترف ہے آپ کی تحقیق کا
آپ کی تنقید میں بھی رنگ ہے تخلیق کا
نیم کا ریشم نہیں, سامان ہے تشویق کا
اللّہ اللّہ معرفت ساماں محّبت کا نصاب
آپ کی تنقید کا یہ پہلا پہلا انتخاب
ہے میّسر دھوپ میں بھی ہم کو شیشہ کا درخت
اسکی شاخیں یکجا بھی ہوتےہوئےہیں لخت لخت
بات سختی کی بھی ہے, لہجہ نہیں لیکن کرخت
آپکےجب دل کی کلیاں کِھل اُٹھیں,مہکےگلاب
ہے بصیرت زا یقیناً آپ کا ہر انتخاب محترم جاذب قریشی کے نام / سیّد عارف معین بلّے