اللہ اللہ رب کے لب پر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ہے در شانِ آل ِ پیمبر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ملا ہے یہ اذن ِ رَبّانی، پڑھیں نمازیں،دیں قربانی
آپ کا دشمن ہوگا ابتر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
غمگیں تھے محبوب خدا کے،اِتنا کہا جبریل نے آکے
آپ پہ اُتری سورہء کوثر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
دی تھی بشارت اِتنا دیں گےآپ بھی راضی ہوجائیں گے
دے دیا رب نےآپ کو لکھ کر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
اِتنا دیاوہ دنیاودیں میں ہراِک نعمت بانٹ رہے ہیں
آئے ہیں رحمت ِ عالم بن کر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
کیا کیا دیا ہےکون یہ جانے؟ کھول دئیے سب رب نے خزانے
چرچاہے اب اس کا گھر گھر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ارض و سما اور لوح و قلم بھی نور ِ نبی سے رب نے بنائے
کھول دیا ہے رحمت کا در، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
جس نے اطاعت اِن کی کرلی، اُس نے اطاعت رب کی کرلی
وہی ہیں دنیا و دین کے محور، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
آپ ہیں مطلع، آپ ہیں مقطع ، حاصل ہیں دیوان ِ خدا کا
آپ مقدم، آپ موخر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
آپ کی نصرت فرمائیں گے، آپ پہ ایماں بھی لائیں گے
فرض کیا ، ایک ایک نبی پر ، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
آپ کے قدموں کو جو چومے، وہ مٹی ہی خاک ِ شفا ہے
سُن لو، یہ ہے شان ِ پیمبر ۔ إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
کیا کہئے کیا قوت دے دی، رب نے یہ بھی قدرت دے دی
سورج بھی آجائے پلٹ کر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
دی ہے فرشتوں نےیہ منادی، عرش کی عظمت اوربڑھا دی
آپ کے پاءوں عرش ِ بریں پر، إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
وصف جوسب نبیوں کودئیےہیں، آپ میں سارےیکجاکئےہیں
کوئی نہیں ہے آپ کا ہم سر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
مولا علی و اُم ِ اَبیھا ، ان کی عظمت کا کیا کہنا
اِن سے چلی ہے نسل ِ پیمبر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
رب ِ عُلیٰ کی یہ بھی عطا ہے، بیٹا خدا کے گھر کا ملا ہے
فاطمہ شرح ِ سورہء کوثر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
تین سو تیرہ ہیں تو کیا ہے؟ دشمن پر طاری لرزہ ہے
اِک اِک ذات میں ہے اِک لشکر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
سارے نبیوں کی اُمت سے، آپ کی امت تین گنا ہے
شان ِ رسالت، اللہ ُ اکبر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
بانٹ رہے ہیں رزق جہاں میں،ذکرنمازوں میں ہے،اذاں میں
ہے کیا ایسا ؟ کوئی پیمبر؟ إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
ہر دشمن پر لعنت برسے، پل پل سنگ ِ ملامت برسے
ہوگا جب بھی اپنی زباں پر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
جام ہمیں بھی ایک پلا دیں، پیاس قیامت کی ہے بجھا دیں
مولا آپ ہیں ساقی ء کوثر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ
شان ہے یہ محبوب ِ خدا کی،خالق نے خود ان کی ثنا کی
صَلّ ِ علیٰ ہے رب کے لب پر إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ