اردو حروف تہجی کے لیے اکثر اردو سیکھنے والوں خاص کر بچوں کو مذکر مونث کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے ۔ کہ کون سا حرف مذکر ہے اور کون سا حرف مونث۔ اور انہیں کیسے یاد رکھا جائے۔ اور بچوں کو کیسے ذہن نشین کروایا جائے۔
اگر مذکر مونث حروف کو یاد رکھنا ہے تو حروف تہجی میں ایک بات خاص طور پر یاد رکھنا چاہیئے۔
تمام گولائی میں لکھے جانے والے حروف مذکر ہوتے ہیں سوائے "ہ" اور "ی" کے
مثلا
ج، چ ، ح ، خ ، س ، ش ، ص ، ض ،ع ، غ ، ق ، ل ، ن ، ء
ان کو لکھنے کے لیے قلم کو دائرے میں گھمانا پڑتا ہے۔
اس کے علاوہ ا، ک ، گ ، م ، یہ چار حروف بھی مذکر ہیں۔
اب غور سے دیکھیے کی ا، ک، گ ، م صرف چار حروف ایسے ہیں جو کہ گولائی میں بھی نہیں لکھے جاتے لیکن مذکر بھی ہیں ۔ اگر ا، ک ، گ ، م کو ملا کر لکھیں تو بنتا ہے "اک گم" یعنی (ایک کھو گیا)
مذکر مونث کا فرق یاد رکھنے کے لیے یہ جملہ یاد رکھیں ۔( ایجاد کردہ: شمسہ نجم ☺ ☺ ☺ )
جملہ ہے: "تمام گولائی والے حروف مذکر ہیں جن میں اک گم نہیں دو گم ، ایک "ہ" اور ایک "ی"۔
اب مونث حروف کی بات کرتے ہیں تو ان کو یاد رکھنے کا آسان طریقہ ہے ۔ تمام لیٹے ہوئے اور کبڑے حروف مونث ہیں (لیکن اس کے لیے تمام عورتوں کو مورد الزام نہ ٹھہرایا جائے ☺ )
ہمیشہ یاد رکھیے صرف دو حروف "ہ" اور " ی" اور تمام لیٹے ہوئے اور خم والے حروف مونث ہوتے ہیں۔
تمام لیٹے ہوئے حروف مونث ہیں جن کا خط دائیں سے بائیں یا بائیں سے دائیں کھینچ کر لکھا جائے مثلا
ب، پ، ت ، ٹ ، ث ، ف ، ے
اور تمام خم والے حروف مونث ہوتے ہیں
د ، ڈ ، ذ ، ر، ڑ ، ز ، ژ ، و
ط ، ظ
اب ان میں سے مذکر والی لائن یاد رکھیں گے تو لازمی ہے کہ بچ جانے والے تمام حروف مونث ہیں اور اگر مونث والی کی key یاد رکھیں گے تو بقایا تمام حروف مذکر ہیں۔ آپ اپنی آسانی اور بچوں کو جو آسانی سے یاد ہو وہ key استعمال کریں ۔دعاوں میں یاد رکھیں۔