آج – 28؍فروری 1953
مترنم لب و لہجے کے معروف ترین سنجیدہ شاعر ”نظرؔ ایٹوی صاحب“ کا یومِ ولادت….
نام شمس الحسن اور تخلص نظرؔ تھا۔ 28؍فروری 1953ء کو احاطہ پیارے لال، ایٹہ، یوپی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد عبد الطیف سوِل کورٹ میں ملازم تھے۔ ابتدائی تعلیم آریہ اسکول ایٹہ میں ہوئی۔ ایٹہ سے ہی انھوں نے بی اے کیا۔ پہلے ان کی دلچسپی فلموں میں تھی۔ 1972ء میں اردو شاعری کی طرف توجہ دی اور بہت جلد خاص و عام میں مشہور ہوگئے۔ انھوں نے کچھ دنوں تک ایک اردو اخبار ”لکیر“ نکالا۔ ان کا ایک مجموعہ ”سیپ“ کے نام شائع ہوچکا ہے۔
نظرؔ ایٹوی یکم؍مئی 2010ء کو ایٹہ میں انتقال کر گئے۔
✨ پیشکش : شمیم ریاض
➖➖ ➖➖
معروف شاعر نظرؔ ایٹوی صاحب کے یومِ ولادت پر منتخب کلام بطور خراجِ عقیدت…..
انکی یادوں کا جشن جاری ہے
آج کــی رات ہـم پہ بـھاری ہے
فاصلے قربتوں میں بدلیں گے
ہونٹ ان کـــے دعـــا ہماری ہے
عشق کرنے سے اس کو مت روکو
ہــر پرنــدے کــو جھیل پیاری ہے
اب بہت ہنس چکے مرے آنسو
قہقہوں اب تمـــہاری بــاری ہے
کون سی زندگی ملی تھی مجھے
کــون ســی زندگـــی گـــزاری ہے
مجھ سے یہ کہ کے سوگیا سورج
اب چراغـــوں کـــی زمے داری ہے
ذکر جس کا نظـرؔ نظـرؔ ہے نظـرؔ
اس نظـــر پر نظـــر ہمـــاری ہے
➖➖ ➖➖
راستہ فرار کا یوں نہ اختیار کر
موت کی طرف نہ جا زندگی سے پیار کر
ہم ہی راہِ عشق میں کوئی نقش چھوڑ دیں
سیکڑوں چلے گئے زندگی گزار کر
آرزو جواب کی دم نہ توڑدیں کہیں
تھک گئی مری زباں آپ کو پکار کر
میرے لب پہ آگئیں ان کو دیکھ کر ہنسی
مطمئن ہے جو مجھے پتھروں سے مارکر
موسمِ بہار نے کس قدر غلط کہا
لوٹ کر میں آﺅں گا میرا انتظار کر
وادیِ یقین سے ان کی بزمِ ناز تک
آگ کا یہ راستہ مسکرا کے پار کر
♦️ ➖➖ ➖➖ ♦️
نظرؔ ایٹوی
✍️ انتخاب : شمیم ریاض