حال ہی میں بھارت کے دو اہم اور نامور مصنفین کے ناول پاکستان میں شائع ہوئے ہیں۔ جن ایک دور حاضر کے صف اول کے افسانہ و ناول نگار مشرف عالم ذوقی کا ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ ہے اور دوسرا ہندی کے آنجہانی کہانی نویس، ناول نگار اور طنز نگار رویندر کالیا کا ’’17 رانڈے روڈ‘‘ کے ہندی ناول کا ترجمہ ہے۔ یہ عمدہ ترجمہ عامر صدیقی نے کیا ہے۔ نئے پبلشر صریر پبلیکیشنز نے دس کتابوں کے ساتھ اپنا اشاعتی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس میں یہ دو بھارتی ناول بھی شامل ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ اور ڈاک کے غیر معمولی اخراجات کی وجہ سے پاکستانی شائقین ادب عموماً بھارت شعراء اور مصنفین کی کتب نہیں پڑھ پاتے بلکہ اکثریت تو ان کے نام سے بھی ناواقف ہے۔ اس اعتبار سے ان دو ناولوں کی اشاعت پاکستانی قارئین کے لیے تحفہ خاص سے کم نہیں ہے۔ کتابوں کی پرنٹنگ معیاری، جاذبِ نظر، کمپیوٹر کتابت عمدہ اور قیمت مناسب ہے۔
مشرف عالم ذوقی کا شمار بلاشبہ اردو کے بہترین ناول و افسانہ نگاروں میں کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ان کی تحریروں کی عدم دستیابی کی وجہ سے پاکستانی قارئین ان کے کام سے لا علم ہیں۔ ذوقی صاحب کے کئی ناول اور افسانوی مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ جن میں ’’ایک انجانے خوف کی ریہرسل‘‘ ، ’’بیان‘‘ ، ’’پروفیسر ایس کی عجیب داستان‘‘ ، ’’سلسلہ ء روز و شب‘‘ ، ’’شہر چپ ہے‘‘ ، ’’صدی کو الوداع کہتے ہوئے‘‘ ، ’’ عقاب کی آنکھیں‘‘ ، ’’لینڈ اسکیپ کے گھوڑے‘‘ ، ’’مسلمان‘‘ ، ’’لذت کے دنوں میں‘‘ ، ’’لے سانس بھی آہستہ‘‘ ، ’’مرگِ انبوہ‘‘ ، ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ اور ’’آتش رفتہ کا سراغ‘‘ شامل ہیں۔ افسانوں میں’’بھوکا ایتھوپیا‘‘ اور ’’غلام بخش اور دیگر کہانیاں‘‘ کے علاوہ ان کے خود منتخب کردہ پچیس افسانوں کا مجموعہ ’’نفرت کے دنوں میں‘‘ اہم ہیں۔ مشرف عالم ذوقی کے تنقیدی مضامین ’’آبِ کبیر رواں‘‘ کے نام سے شائع ہوئے۔ جبکہ ایک طویل نثری نظم ’’کیپروسی کیمپ‘‘ بھی شائع ہو چکی ہے۔
مشرف عالم ذوقی کے اکثر ناول سیاسی پس منظر کے حامل ہوتے ہیں۔ ’’آتش رفتہ کا سراغ‘‘ کے سرورق پر تحریر ہے۔ ’’ہندوستانی مسلمانوں کی آپ بیتی‘‘ جس میں بھارتی مسلمانوں پر گزرنے والے حقائق کو موضوع بنایا گیا ہے۔ ناول ’’مرگِ انبوہ‘‘ میں ذوقی صاحب نے کئی سال قبل جس صورتحال کی نشاندہی کی تھی۔ وہ شہریت کے نئے قانون کی صورت آج حقیقت بن چکی ہے۔ اس کے بارے مشرف عالم ذوقی نے ایک مضمون میں تحریر کیا ہے۔ ’’مجھے شدت سے احساس ہے کہ ہماری پسماندگی کی وجہ کیا ہے؟ ہمارے لوگ صرف تنقید کرنا جانتے ہیں۔ عملی میدان میں اترنے کوئی تیار نہیں۔ ہندوستان کے مستقبل کے مناظر شاید ملی تنظیموں کی نگاہوں سے بھی اوجھل ہیں یا وہ خوش فہمی کا شکار ہیں۔ اب تک مسلمان انتہا پسندوں کا شکار تھے۔ لیکن اب مذہب نشانے پر ہے۔ مستقبل کے تماشے کی شروعات ہو چکی ہے۔ بھارت کے اٹھارہ سے بیس کروڑ مسلمانوں کی مخالفت میں شدت آتی جا رہی ہے۔ ان کے منصوبے خطرناک ہیں اور میڈیا مسلمانوں کو رسوا کرنے کی قیمت وصول کر چکا ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ملک میں اتنی بڑی اقلیت کا کیا ہو گا؟ کسی کو معلوم نہیں۔ وہ مسلمانوں کے بارے میں کئی کتابیں لکھ چکے ہیں۔ کیا اپنے لوگوں کے لیے لکھنا بھی غلط ہے۔ حالیہ شہری ترمیمی بل کی صورت میں مستقبل کی نشاندہی انہوں نے ’’مرگِ انبوہ ‘‘ میں کر دی تھی۔ مرگِ انبوہ اور ذوقی صاحب کی دیگر کتب بھی پاکستان سے شائع ہونا چاہیے۔
’’مرگِ انبوہ‘‘ میں باپ اور بیٹے کے کرداروں کی شکل میں مشرف عالم ذوقی نے جس جنریشن گیپ کو پیش کیا تھا۔ ’’پوکے مان کی دنیا ‘‘میں اسے ایک نئے اور منفرد انداز میں بیان کیا ہے۔ اردو کے بیشتر ناول عشق و محبت، مرد و عورت کے تعلقات، غلامی، تقسیم، ناسٹلجیا، جیسے موضوعات کے گرد گھومتے ہیں۔ ایسے میں مشرف عالم ذوقی نے ’پوکے مان کی دنیا‘‘ میں اردو قارئین کو ایک بالکل نیا موضوع دیا ہے۔ بلکہ اس ناول کے ذریعے انہوں نے اردو قارئین کے مزاج میں بھی تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے۔ بلاشبہ اس ناول کو اردو ناول نگاری میں ایک اہم سنگ ِ میل اور فیصلہ کن تبدیلی کا نقطہ آغاز قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس ناول میں کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کے دور میں پیدا ہونے والے سائبر بچے ہیں جن کے مسائل کی نوعیت بھی مختلف ہے۔ ہمارا معاشرہ جس تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اس کے مستقبل کی نشاندہی اس ناول میں کی گئی ہے۔ صارفیت، الیکٹرانک میڈیا، گلوبلائزیشن، انٹرنیٹ اور جنک فوڈ کے اثرات سے تبدیل ہوتی اخلاقیات اور روایتی اقدار کی کشمکش ہے۔ تہذیبی و ثقافتی شکست و ریخت ہے، جس میں کردار حقیقی زندگی کے کارٹون لگتے ہیں۔ اس ناول میں مشرف عالم ذوقی ایک مرتبہ پھر ایک ایسے ناول نگار کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔ جو ماضی اور حال کے ساتھ مستقبل کو دیکھنے اور پرکھنے والی آنکھ اور وژن رکھتا ہے۔ جن کے موضوعات نئے ہیں اور جن کا اسلوب متاثر کن ہے۔ جو اپنے مخصوص رنگ اور آہنگ کے ساتھ اپنی پہچان رکھتے ہیں اور دیکھتے ہی دیکھتے ناول کی دنیا پر چھا جانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
ایسے نئے اور منفرد موضوع پر ناول لکھنا ہی مشرف عالم ذوقی کے بے پناہ خلاق ذہن کی نشاہدہی کرتا ہے۔ ان کا ناول ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ دو ہزار تین میں شائع ہوا تھا۔ جب ایشیا میں موبائل فون، انٹرنیٹ اور ان سے متعلق دیگر اشیاء اتنی عام اور ہر بچے کی رسائی میں نہیں تھیں۔ لیکن ذوقی کی مستقبل بین نگاہ نے اس صورتحال کو نا صرف بھانپ لیا، بلکہ اپنے ناول میں خوبصورتی سے پیش بھی کر دیا۔
ناول کا مرکزی کردار ایک جج، سنیل کمار رائے ہے۔ جو جوڈیشل مجسٹریٹ ہے۔ اس کردار کے ذریعے انہوں نے جج کی ذاتی زندگی اور عوام میں اس کے بارے میں عمومی خیال پیش کیا گیا ہے۔ پہلے باب کا عنوان ہے۔ ’’ایک سو اکیاونواں پوکے مان‘‘ جس سے قبل پابلو نرودا کی نظم سے اس کی معنوعیت عیاں کی گئی ہے۔ ذرا یہ اقتباس ملا حظہ کریں۔
’’مجھے جاننا ضروری نہیں ہے۔ یہ بھی جاننا ضروری نہیں ہے کہ میں کیا ہوں اور کیا سوچ رہا ہوں۔ میں ایک جج ہوں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ۔ یہ صرف اس لیے بتا رہا ہوں کہ اس کے بغیر، شاید میں آپ کو وہ سب کچھ نہ سمجھا پاؤں، جو بتانا چاہتا ہوں۔ ہر جج کی طرح میرا ایک نام ہے، سنیل کمار رائے۔ ایک چھوٹا سا خاندان ہے۔ بیوی اسنیہہ لتا رائے اور دو بچے۔ نتن اور ریا۔ نتن کمپیوٹر انجیئرنگ کر رہا ہے۔ ریا کالج میں ہے۔ میں شاید یہ سب تھوڑا تھوڑا اس لیے بتانا چاہتا ہوں کہ آج صبح میرے سامنے ایک کیس آیا ہے۔ ابھی میرے ریٹائر ہونے میں کئی برس باقی ہیں۔ مگر۔ میں جانتا ہوں، دوسرے ججوں کی طرح میرے حصے میں کچھ نہیں آئے گا۔ سوائے ایک ایسی زندگی کے، جو میں جینا بھی نہیں چاہتا۔ یعنی ایک ایسی زندگی کہ آپ کے پیشے سے لوگ آپ کے صوفی، سنت ہونے کا بھرم پال لیتے ہیں۔ جج انصاف کا مندر۔ انصاف پسند۔ انصاف کرنے والا۔ اور ریٹائر ہونے کے بعد اپنے آپ میں کھویا ایک درویش، سنت اور بے چارہ آدمی۔ مجھے بتانے دیجیے، کہ میری زندگی میں، اس سے قبل پتا نہیں میرے پاس کتنے کتنے کیس آئے ہوں گے اور میں نے کتنے کتنے مقدمے سنائے ہوں گے۔ سچ اور جھوٹ کے لیے اب مجھے بیان نہیں سننا پڑتے۔ بس چہرے پڑھنا پڑتے ہیں۔ کتنی ہی بار میری قلم سے غلط فیصلہ بھی نکلا ہو گا۔ جانتا ہوں۔ یہ قانون کی مجبوری ہوتی ہے۔ مگر ابھی میرے پاس کچھ سال باقی ہیں۔ کچھ، بہترین سال اور ان کچھ برسوں میں اپنے اندر بچی ہوئی غیرت خریدنا چاہتا ہوں۔ وہ غیرت جو آج میں نے اس بچے کی آنکھوں میں دیکھی ہے۔ نہیں۔ دیکھی نہیں۔ جو اس کے حالات سے، ادھار لے کر آیا ہوں۔ ‘‘
اس اقتباس میں مصنف نے ایک جج کی زندگی کا نچوڑ پیش کر دیا ہے۔ جج سنیل کمار کی بیوی اسنیہہ، نئے دور کی چمک دمک سے متاثر تھی۔ آخر کو ایک جج کی بیوی تھی اور سنیل کمار اپنے پیشے سے مجبور۔ چپ، گم سم اور اپنی دنیا میں رہنے والا۔ ایک صوفی سنت۔ بے چارہ، باسٹرڈ لیکن ٹھہر جائیے۔
’’ابھی ابھی میں اپنی اب تک کی دنیا سے باہر نکلا ہوں اور پوکے مان کی اسٹڈی کر رہا ہوں۔ سنا ہے جاپانی کمپنی نے ایک سو پچاس طرح کے، پوکے مان کے ماڈل تیار کیے ہیں۔ ہر طرح کے پوکے مان، کارڈس، گیم، لوڈو، ٹریڈ اور چھوٹی چھوٹی شیشہ کی سفید گولیوں میں قید پوکے مان۔ میرا نمبر 151 ہے۔ میں ایک سو اکیاونواں پوکے مان ہوں۔ جسے جاپانی کمپنی نے اب تک ڈیزائن نہیں کیا ہے۔ تو میری کہانی شروع ہوتی ہے۔ ‘‘
گابریل گارشیا مارکیز کا کہنا ہے کہ کسی ناول کی ابتدا سب سے دشوارہ وتی ہے۔ مجھے ناول کا ابتدائیہ سوچنے میں بہت وقت لگتا ہے۔ جب ایک مرتبہ آغاز ہو جائے تو ناول لکھنا دشوار نہیں ہوتا۔ ’پوکے مان کی دنیا‘ کا یہ ابتدائیہ قاری کی پوری توجہ اپنی جانب مبذول کرا لیتا ہے اور وہ اسے پورا پڑھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
جنریشن گیپ اور ایک بیٹی کے لیے باپ کی فکر اور سوچ کا انداز کس عمدگی سے بیان کیا ہے۔
’’سیڑھیوں سے اترتے ہی میری نظر اس پر ٹھہر کر رہ گئی۔ وہ زمانے سے بے نیاز تھی۔ بے تنگ کپڑوں میں۔ سلیو لیس شرٹ اور شارٹ جینز لیکن نہ اس کے کپڑوں کا جائزہ لے سکتا تھا، نہ ہی اس کے جسم کا۔ وہ میری بیٹی تھی ریا۔ شام دیر ہو جائے گی ڈیڈ۔ کوئی بات نہیں۔ بائے۔ میری نظر نے ایک بار پھر اس کا تعاقب کرنا چاہا۔ مگر ہر بار بیٹی کی جگہ جسم آڑے آتا رہا۔ وہی، تنگ کپڑوں میں سمٹا ہوا، ایک کھلا جسم۔ جسے دیکھتے ہوئے باپ اپنی ہی نظر میں ننگا ہو جاتا ہے۔ یہ بیٹیوں میں لڑکی والا جسم کیوں آ جاتا ہے۔‘‘
چند الفاظ میں آزاد خیال معاشرے میں بیٹی کے لیے باپ کے تاثرات کس خوبی سے بیان کیے گئے ہیں۔ آج کی مصروف زندگی میں ایک گھر میں رہنے والے افراد بھی بمشکل کسی ایک وقت کے کھانے پر یکجا ہو پاتے ہیں۔ بچوں کے پاس موبائل اور انٹرنیٹ کی موجودگی میں والدین کے لیے وقت نہیں ہوتا۔ بیوی اپنی پارٹیوں میں مگن ہوتی ہے۔ ایسے میں مرد جاب سے واپسی کے بعد بالکل تنہا ہو جاتا ہے۔ ڈائننگ ٹیبل پر نتن اخبار سے سنیل کمار کو سائبر کرائم کی ایک خبر سناتا ہے۔ اور وہ یہ سوچ کر ہی خوش ہے کہ آج بچے اس سے بات کر رہے ہیں چاہے کرائم نیوز پر ہی کیوں نہ ہو۔ اسی گفتگو میں ریا پوچھتی ہے۔ آپ کے دور میں کمپیوٹر، فرج، ٹی وی کچھ نہیں تھا۔ ہیلتھ کلب، ڈسکو بھی نہیں تھے۔ پھر آپ لوگ انٹرٹیمنٹ کے لیے کیا کرتے تھے۔ آئی کانٹ امیجن۔ سنیل کمار کہتا ہے۔ تم سچ کہہ رہی ہو ریا۔ شاید ہم نہیں جیتے تھے۔ جینے کے لیے ہمارے پاس تھا ہی کیا ہمارے پاس۔ مگر ہم ہنس لیتے تھے جو تم نہیں کر پاتے ہو۔ شاید ہمارے پاس ریالٹی تھی فنٹاسی نہیں۔ شاید ہم بے وجہ بھی ہنس لیتے تھے۔ نتن فوراً بولا۔ نونو ہم کیا ریالٹی سے باہر ہیں ایک فنٹاسی کی دنیا میں۔ ریا نے تالیاں بجا کر کہا۔
’’گریٹ ریئلی یو آر گریٹ پاپا۔ اس کے لہجے میں تلخی تھی۔ ریئل صرف تم ہو۔ ریئلٹی تمہارے عہد میں ختم ہو گئی جب ساٹھ پاور کا بلب جلتا تھا تمہارے گھر میں ریا زور سے چیخی یہ ہے جنریشن گیپ۔ آپ کے اور ہمارے بیچ کا ڈیڈ اونلی جنریشن گیپ۔ آپ صرف ہماری جنریشن میں بیکٹیریا ڈھونڈو گے۔ یو آر سو کنزرویٹو اینڈ سو اولڈ فیشنڈ‘‘
دور جدید کی جنریشن گیپ کو اس طرح شاید ہی کسی مصنف نے عیاں کیا ہو گا۔ ’’پوکے مان کی دنیا‘‘ اپنے موضوع، اسلوب اور کہانی کی اعتبار سے ایک بہترین ناول ہے۔ جسے پڑھنے کی بھرپور سفارش کی جا سکتی ہے۔ مشرف عالم ذوقی کے مزید ناول بھی پاکستان میں شائع ہونا چاہیے
عورت کا سلیقہ
میری سَس کہا کرتی تھی ۔ "عورت کا سلیقہ اس کے کچن میں پڑی چُھری کی دھار بتادیتی ہے ،خالی...