مرغیوں کی افزائش بہت ہی آسان ۔ انڈے دینے والی مرغیوں کی افزائش اسلئے بہتر ہے کہ آپ فی مرغی تقریباً 5 سے 6انڈے ہر ہفتے لے سکتے ہیں۔ مرغیوں کی رہائش کیلئے ڈربہ بنانا بہت آسان ہے۔ مرغیوں کو کچن سے بچی ہوئی چیزیں جیسے روٹیاں، سبزی، یا دوسری چیزوں کے علاوہ اناج کی مختلف اقسام مکس کرکے کھلا سکتے ہیں یا کمرشیل خوراک بھی دی جاسکتی ہے جو کہ ہر شہر میں باآسانی دستیاب ہے۔ انڈے دینے والی ایک اچھی مرغی کی قیمت تقریباً 400 سے 500 روپے ہے اور ایک مرغی سالانہ اوسطاً 200 انڈے دیتی ہے۔ اسطرح اگر آپ 10 مرغیاں پالتے ہیں تو روزانہ 7 سے 8 انڈے لے سکتے ہیں یعنی ماہانہ تقریباً 170 سے 180انڈے۔ اسطرح آپ اپنے خاندان کی خوراک کے ساتھ ساتھ اضافی انڈے بیچ کر اضافی آمدنی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
گھریلو مرغبانی سے متعلق چند بنیادی باتیں
نسلیں
مرغیاں انڈوں اور گوشت کے حصول کیلئے پالی جاتی ہیں۔ گھریلو مرغبانی کیلئے مصری، کراس، گولڈن، نسل کی مرغیاں خاص طور پہ قابل ذکر ہیں۔
خوراک
مرغیاں ہر قسم کی خوراک کھاتی ہیں۔ خاص طور پہ اناج، پھل، اور سبزیوں کے ساتھ ساتھ کیڑے بھی کھاتی ہیں. انہیں کمرشیل فیڈ بھی کھلائی جا سکتی ہے۔ فیڈ میں وٹامن، معدنیات اور پروٹین توازن کے ساتھ شامل ہوتی ہیں. اسلئے انڈواں اور گوشت کی پیداوار کیلئے زیادہ موزون ہیں۔ انڈوں کی اچھی پیداوار کیلئے ان کی خوراک میں آبی جانداروں کے شیل بھی شامل کرنے چاہئیں۔ انڈے دینے والی ایک صحتمند مرغی ایک ہفتے میں تقریباً اپنے وزن کے 50 فیصد کے برابر فیڈ کھاجاتی ہے۔ مرغیاں سردیوں میں زیادہ جبکہ گرمیوں میں کم فیڈ کھاتی ہیں۔ انہیں کچن سے بچ جانے والی ہر قسم کی خوراک دی جاسکتی ہے جیسے سبزیاں، روٹی یا چاول وغیرہ ۔
انڈوں اور گوشت کی بہتر پیداوار کیلئے مرغیوں کو صاف پانی کی فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ خاص طور پہ گرمیوں کے دنوں میں جب وہ گرمی کم کرنے کیلئے نہاتی بھی ہیں۔
ہاؤسنگ
بیک یارڈ چکن کی بہتر پیداوار کے لئے ضروری ہے کہ مرغیوں کیلئے مناسب ڈربہ بنایا جائے جو سردی اور گرمی سے بچانے کے ساتھ ساتھ تحفظ بھی فراہم کرے۔ مرغیوں کی رہائش کیلئے ڈربہ بنانا بہت آسان ہے۔ ڈربہ لکڑی یا گتے کے کارٹن، پلاسٹک یا ٹہنیوں سے بنی ٹوکریوں یا محض جالیدار سادہ کپڑے یا پلاسٹک اور لوہے کی جالی سے بھی کم خرچ میں تعمیر کیا جاسکتا ہے۔ گھریلو مرغبانی کیلئے ایک ڈربے میں ۴ سے ۵ مرغیاں رکھی جاسکتی ہیں۔ ہرانڈے دینے والی مرغی کو انڈے دینے کیلئے علیحدہ گھونسلہ چاہئے۔ اسلئے ڈربے کے اندر ضروری گھونسلے بنانے چاہئیں۔ ڈربہ روشن اورہوادار ہونا چاہئے۔ فی مرغی کم از کم 3 سے 5 فٹ جگہ مختص کرنی چاہئے۔
مرغیوں کے دشمنوں میں بلی، چوہے ، الو اور باز وغیرہ شامل ہیں اسلئے ان سے تحفظ کا بندوبست کرنا چاہئے۔
روزانہ دیکھ بھال
مرغیوں کو ضرورت کے مطابق فیڈ دینی چاہئے۔ انکا پانی روزانہ بدلنا چاہئے۔ انہیں ہر صبح ڈربے سے باہر جانے کی ضرورت ہوتی ہے اور رات ہونے سے پہلے دبارہ ڈربے میں بند کرنا چاہئے۔ انڈوں کو روزانہ 2 مرتبہ گھونسلوں سے نکالنا چاہئے۔ حفظان صحت کو برقرار رکھنے کے لئے ہفتہ میں کم از کم ایک دفعہ ڈربے کی صفائی کرنی چاہئے۔
انڈوں کی پیداوار
مرغیاں تقریبا چھ ماہ کی عمر میں انڈے دینا شروع کرتی ہیں اور5-10 سال تک دیتی رہتی ہیں۔ لیکن انڈوں کی زیادہ تر پیداوار پہلے 2 سالوں کے دوران آتی ہے۔ عموماً مرغیاں ہر ہفتے تقریبا 6 انڈے دیتی ہیں۔ ہر سال انڈوں کی پیداوار میں اسوقت کمی آتی ہے جب مرغیاں اپنے پر ڈراپ کرتی ہیں۔
انڈوں کی بہتر پیداوار کیلئے مرغیوں کو کم از کم 12 سے 14 گھنٹے روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک عام بلب یہ روشنی فراہم کرنے کیلئے کافی ہے۔
مرغیوں کی خریداری
لیئر مرغیوں کیلئے بہتر آپشن یہ ہے کہ ۱۶ سے ۱۸ ہفتے کی مرغیاں خرید کی جائیں جب یہ چند دنوں میں انڈے دینے کیلئے تیار ہوں۔ چوزوں سے اس عمر تک لانا ایک علیحدہ جھنجھٹ ہے۔ تاہم اگر آپکی دلچسپی ہو تو یہ بھی ایک مشغلے کی طرح آسانی سے کیا جا سکتا ہے۔ مرغیاں یا چوزے جو بھی خریدیں کسی بھروسے والی جگہ سے خریدیں۔ اور یہ یقین کرلیں کہ اسوقت تک انہیں تمام ضروری ویکسین کی گئی ہیں۔
۔
دیہی علاقوں میں عام طورپر پھیرے والے سے چوزے خریدے جاتے ہیں۔ ان سے چوزے خریدتے وقت یہ معلوم کرلیں کہ انہیں رانی کھیت کی ویکسین کی گئی ہے یانہیں اورساتھ ہی پھیری والے کانام فون نمبراور موٹر سائیکل کانمبربھی نوٹ کرلیں نیز اس سے رسید بھی ضرورلیں تاکہ اگر چوزے مرجائیں تواس پھیرے والے کو پکڑاجاسکے جس پھیری والے نے آپکو بیمارچوزے بیچے ہوں اس سے دوبارہ چوزے نہ خریدیں
ماہرین کے مطابق اگرہرگھرمیں چھ مرغیاں پال لی جائیں تو انڈوں کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔ جب یہ مرغیاں انڈے دینے کے قابل نہیں رہتیں توانہیں ذبح کرکے گوشت کو استعمال میں لایاجاسکتاہے۔ ماہرین کی سفارشات پرعمل پیراہوکے دیسی مرغیوں سے 150تا200انڈے سالانہ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔
چھوٹے پیمانے پر مرغیاں پالنے کے لیے چند باتیں پیش نظررکھیں۔
* مرغیاں ہمیشہ اچھی نسل کی پالیں۔
* مرغیوں کو باہردانہ چگنے کے لیے دن میں کھولیں لیکن ساتھ ساتھ متوازن خوراک بھی ڈالیں۔
* مرغیاں ہمواراورخشک جگہ پررکھیں۔
دیسی مرغیوں میں فارمی مرغیوں کی نسبت بیماریوں کاحملہ قدرے کم ہوتاہے کیونکہ قدرتی ماحول میں پلتے پلتے یہ مرغیاں طرح طرح کے جرثومے کھاکر اپنے اندرمختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیداکرلیتی ہیں۔
ہردوماہ بعد مرغیوں کو رانی کھیت کے خلاف ویکسین اپنے قریبی ویٹرنری ہسپتال یا آپکے موضع میں آنے والی موبائل ویٹرنری ڈسپنسری سے ضرورکروائیں۔ مرغیوں کے ڈبے یاپنجرے کے ساتھ ساتھ ان کے لئے تھوڑی سے جگہ کھیلنے کے لیے بھی مخصوص کردیں اورکبھی کبھی کبھار اس جگہ راکھ میں کوپیکس پاؤڈرمکس کرکے ڈال دیاکریں۔ ایساکرنے سے مرغیوں کا خون چوسنے والے کیڑوں اورجووں کاخاتمہ ہوجائیگا۔