آج – ٢٧؍جون؍ ١٧٨٠
اٹھارہویں صدی کے عظیم شاعروں میں شامل، میر تقی میرؔ کے ہم عصر اور مقبول شاعر” محمّد رفیع سوداؔ صاحب…“ کا یومِ وفات…
مرزا رفیع سوداؔ نام پیدائش مابین1118ھ و1120ھ مطابق1706ء و1708ء بزرگوں کا پیشہ سپہ گری تھا ۔ باپ سبیل تجارت ہندوستان وارد ہوئے تھے سوداؔ پہلے سلیمان علی خاں و داؤد بعد میں شاہ حاتمؔ کے شاگرد ہوئے خان آرزو کی صحبت سے بھی فائدے حاصل کئے ۔ خصوصاً اردو میں شعر گوئی انہیں کے مشورے سے شروع کی ۔ محمد شاہ بادشاہ کے زمانے میں ان کی شاعری عروج پر تھی کئی روسا کے ہاں ان کی قدر ہوتی تھی ۔ خصوصاً بسنت خاں خواجہ سرا و مہربان خان زیادہ مہربان تھے ۔ جب احمد شاہ ابدالی اور مرہٹوں کے حملوں سے دہلی تباہ و برباد ہوگئی تو سوداؔ نے باہر کا رخ کیا ۔1134ھ مطابق1721ء میں عمادالملک کے پاس متھرا گئے ۔پھر اسی سال فرخ آباد میں نواب مہربان خاں امید کے یہاں تقریبا22برس رہے ۔ وہاں سے 1182ھ ،1770میں نواب کے انتقال پر شجاع الدولہ کے زمانے میں فیض آباد پہونچے پانچ سال بعد جب آصف الدولہ تخت نشیں ہوئے اور اپنا پایۂ تخت لکھنؤ میں منتقل کیا تو یہ بھی ان کے ہمراہ لکھنؤ آگئے یہاں ان کی زندگی با فراغت بسر ہوئی چھ ہزار (6000)روپے سالانہ مقرر تھے ۔ تقریبا 76برس کی عمر میں ٢٧؍جون؍ ١٧٨٠ء، ٤ رجب (جمادی الثانی) ١١٩٥ھ 1781میں انتقال ہوا ۔ مصحفی فخرالدین اور قمرالدین منتؔ نے تاریخیں کہیں۔ ان کی کلیات میں 43قصیدے رؤسا اور آئمہ اہل بیت وغیر ہ کی مدح میں ہیں ان کے علاوہ ہجویں ،مراثی ، مثنویاں، رباعیاں، مستزاد، قطعات، تاریخیں پہیلیاں ، و اسوحت وغیرہ سب چیزیں موجود ہیں ،نثر میں ایک تذکرہ اردو شعرا، کا لکھا تھا جواب نا پید ہے ۔ فارسی نثر میں ایک رسالہ عبرت الغافلین فاخر یکسن کی کارستانیوں کے جواب میں لکھا یہ چیزیں اس زمانے کے معیار تنقید شعر دکھانے کے لیے اہم چیز ہے ایک اور رسالہ سبیل ہدایت تقی کے مرثیے پر لکھا فارسی کا بھی ایک چھوٹا دیوان موجود ہے ۔ ’’سودا کا غزل گوئی میں کوئی خاص رنگ نہیں ہے وہ اس میدان میں طر ح طرح سے طبع آزمائی کرتا ہے غزل کی جان صفائی زبان اور سادگی بیان ہے ۔ سوداؔ نے غزل میں اس کا بہت کم خیال رکھا ہے اس نے غزل میں فارسی کے مشہور اساتذہ نظیریؔ صائب اور سلیم و کلیم کار نگ اختیار کیا ۔
پیشکش : اعجاز زیڈ ایچ
عظیم شاعر مرزا رفیع سودا کے یومِ وفات پر منتخب اشعار بطورِ خراجِ عقیدت…
آدم کا جسم جب کہ عناصر سے مل بنا
کچھ آگ بچ رہی تھی سو عاشق کا دل بنا
—
بادشاہت دو جہاں کی بھی جو ہووے مجھ کو
تیرے کوچے کی گدائی سے نہ کھو دے مجھ کو
—
بدلا ترے ستم کا کوئی تجھ سے کیا کرے
اپنا ہی تو فریفتہ ہووے خدا کرے
—
دکھاؤں گا تجھے زاہد اس آفتِ دیں کو
خلل دماغ میں تیرے ہے پارسائی کا
—
دل مت ٹپک نظر سے کہ پایا نہ جائے گا
جوں اشک پھر زمیں سے اٹھایا نہ جائے گا
—
فکرِ معاش عشقِ بتاں یادِ رفتگاں
اس زندگی میں اب کوئی کیا کیا کیا کرے
—
گر ہو شراب و خلوت و محبوب خوب رو
زاہد قسم ہے تجھ کو جو تو ہو تو کیا کرے
—
گلہ لکھوں میں اگر تیری بے وفائی کا
لہو میں غرق سفینہ ہو آشنائی کا
—
ہر سنگ میں شرار ہے تیرے ظہور کا
موسیٰ نہیں جو سیر کروں کوہ طور کا
—
جب یار نے اٹھا کر زلفوں کے بال باندھے
تب میں نے اپنے دل میں لاکھوں خیال باندھے
—
جس روز کسی اور پہ بیداد کرو گے
یہ یاد رہے ہم کو بہت یاد کرو گے
—
کیفیتِ چشم اس کی مجھے یاد ہے سوداؔ
ساغر کو مرے ہاتھ سے لیجو کہ چلا میں
—
کیا ضد ہے مرے ساتھ خدا جانے وگرنہ
کافی ہے تسلی کو مری ایک نظر بھی
—
میں نے تم کو دل دیا اور تم نے مجھے رسوا کیا
میں نے تم سے کیا کیا اور تم نے مجھ سے کیا کیا
—
ساقی ہماری توبہ تجھ پر ہے کیوں گوارہ
منت نہیں تو ظالم ترغیب یا اشارہ
—
سوداؔ جو ترا حال ہے اتنا تو نہیں وہ
کیا جانیے تو نے اسے کس آن میں دیکھا
مرزا محمّد رفیع سوداؔ
انتخاب : اعجاز زیڈ ایچ