(Last Updated On: )
کھارہی ہیں کچھ کھجوریں فاطمہ بنت ِ رسول
ساتھ ہیں بیٹھے ہوئے اِن کے علی زوج ِ بتول
کھانا پینا چل رہا ہے ، ہورہی ہے گفتگو
خوشبو بھی پھیلی ہوئی ہے گفتگو کی چار سو
آپ سے بڑھ کر محبت ، مجھ سے کرتے ہیں رسول
جب سُنی مولا علی کی بات تو بولیں بتول
کیسے یہ ممکن ہے؟ میں تو ان کے دل کاٹکڑا ہوں
شاخ ہوں نخل ِ نبوت کی ، میں اُن کا مکھڑا ہوں
سن کے یہ مولا علی نے دے دیا اپنا ثبوت
میری ماں تھیں زہد کاپیکر،میں ان کا ہوں سپوت
بیٹی خدیجہ کی ہوں میں، آپ سُن لیجے جناب
فاطمہ کی بات سُن کر بول اُٹھے بوتراب
مرحبا ، صد مرحبا ، میں بھی ہوں فرزند ِ صفا
فاطمہ بولیں ، ہے رُتبہ اعلیٰ و ارفع مِرا
کہہ کے یہ اپنے دلائل بھی دئیے بااختصار
سن کے یہ مولا خموشی کرنہ پائے ا ختیار
بولے میں سارے جہانوں کا ہوں بی بی افتخار
آگیا ہے سُن کے یہ زھرا کے چہرے پر نکھار
دونوں ہی کرتے رہے اپنے خصائص کو بیاں
پارسائی کی سنائی دے رہی ہے داستاں
یہ بھی ہے فرمان ِ ذی شان ِ امام المتقیں
جان لو، ہیں میرے خدمت گار جبریل ِ امیں
سیر کرکے آئے ہیں جو دھرتی پر افلاک کی
فاطمہ بولیں ،میں بیٹی ہوں رسول ِ پاک کی
میرے والد ِ گرامی ہیں امام المرسلین
کیسے چُپ رہتے بھلا سُن کر امیر المومنین
بولے قرآں کہتاہے،میں جنگ کاہوں شہسوار
لا فتی ٰ اِلّا علی ، لا سیف اِلّا ذوالفقار
فاطمہ نے صرف یہ کہہ کر مچادی خوب دھوم
ہے اثاثہ میرا القرآں کے باطن کے علوم
سن کے یہ مولا علی نے یوں کہا ، المختصر
طور ِ سینا سے جو نکلا ہے، میں ہوں ایسا شجر
فاطمہ بولیں کہ میں اُس نخل ِ طیبہ کاہوں پھل
گلشن ِ ہستی میں جس کا مِل نہیں پاتا بدل
میں ہوں اِک ایسا شجر کہ جس کے پھل حسنین ہیں
جو مِری آنکھوں کی ٹھنڈک ، میرے دل کاچین ہیں
سن کے مولا نے کہا کہ میں ہوں قرآن ِ حکیم
فاطمہ بولیں پِتا جی میرے ہیں سب سے عظیم
میں خدا کی رسی ہوں ، بولے ، علی ء مرتضیٰ
فاطمہ بولیں ، ہیں بابا جان میرے مصطفیٰ
بولے باب العلم میں ہوں اولیاءکے سرکاتاج
راضی ہے مجھ سے خدا، رکھی ہے اُس نے میری لاج
فاطمہ بولیں، ہیں میرے بابا سلطان العرب
اس کی بیٹی ہوں میں کہ جو ہے بڑا عالی نسب
سن کے یہ بولے علی ، میں ہوں بڑا پرہیزگار
یہ بھی بتلایا کہ کیسے گزرے ہیں لیل و نہار
باپ میرے ہیں شفیع المذنبیں بولیں بتول
آخری بے شک ہیں رب ِ عزّ و جل کے وہ رسول
برگزیدہ عورتوں کی ، میں ہی تو سردار ہوں
عظمت ِ نسواں کا بے شک اعلیٰ میں معیار ہوں
سُن کے ہر اِک بات بولے ہیں علی ء مرتضیٰ
رب نے قرآں میں کہا ہے مجھ کو نفس ِ مصطفیٰ
فاطمہ کہنے لگیں ۔۔۔ کہ چاہتا ہے رب مجھے
بخشاہے جنّت میں بھی سرداری کا منصب مجھے
بولے مولا نام ہے میرا خدا کے نام پر
ناز ہی کرسکتا ہوں میں رب کے اِس انعام پر
سن کے بی بی نے کہامیں فاطمہ، فاطر ہےرب
میں محمد کی ہوں بیٹی ، اور وہ بھی منتخب
میں ہوں اس کی بیٹی ،جو ہے دنیا بھر میں بہترین
رحمۃ للعالمیں ہے ، جو ہے صادق اور امین
میں بڑا ہاشم کے بیٹوں میں ہوں ، میں سردار ہوں
بولے مولا شیر ہوں میں ، حیدر ِ کرّار ہوں
اوصیا و اولیاء اللہ کا ہوں میں پیشوا
کی انگوٹھی میں نےسائل کو رکوع میں بھی عطا
میں ہوں بے شک دُختر ِ پیغمبر ِ ربّ ِ جلیل
معتبر اور مستند تھی ، فاطمہ کی ہر دلیل
بائے بسم اللہ بولے ، میں ہوں قرآن ِ حکیم
گفتگو کرتے رہے ہیں مجھ سے اصحاب ِ رقیم
مجھ کو قرآں نے کہا ، نفس ِ ِ محمد مصطفی ٰ
سُن کے بی بی فاطمہ نے مولا سے یہ بھی کہا
آپ سے مخفی نہیں ہے منصب و رُتبہ مِرا
میں ہی ہوں خاتون ِ جنّت، میں ہی ہوں خیر النساء
فاطمہ کہنے لگیں ، ہے خیر ساماں میری ذات
اور پھر کرتی رہیں دل کھول کر وہ اپنی بات
میں ہوں اہل ِ معرفت کی زندگانی ، فاطمہ
کیا سنو گی ؟ اور تُم میری کہانی ، فاطمہ
بولے مولا کیا کہوں ، حا ، میم میری ذات ہے
فاطمہ کہنے لگیں طس کی کیا بات ہے ؟
میں تو بیٹی ہوں ، اُسی پیغمبر ِ اسلام کی
جس گھرانے کو ملی ہیں برکتیں انعام کی
کیا کہوں کہ میں ہوں اُن سب کیلئے راہ ِ نجات
خیرکی جانب ہے مائل ،جس کسی کی بھی حیات
سُن کے یہ مولا علی ء مرتضی ٰ نے کی یہ بات
نوح کی کشتی کی طرح میں ہوں کشتی ء نجات
فاطمہ نے یہ کہا ، میں نسخہ ء اکسیر ہوں
ہاتھ سے قدرت نے جو لکھی ہے،وہ تحریر ہوں
جنت الفردوس کی نہروں کا سرچشمہ ہوں میں
سچ یہی ہے آسمان و عرش کا کعبہ ہوں میں
میں ہوں کوہ ِ طور ِ سینا ،سُن کے یہ بولے علی
یہ بھی فرمایا ، کُھلا ہوں میں صحیفہ ء جلی
آگ اُگلنے والی میں ہوں ایک بحر ِ بے کراں
فاطمہ کے لب پہ جملہ آگیا ، یہ ناگہاں
سب رسولوں کا ہے مجھ کو علم مولا نے کہا
فاطمہ ، بعد از رسول ِ پاک ہے رُتبہ مِرا
شبّر و شبیر مجھ سے ہیں یہ کہتی ہیں بتول
ان سے ہی آگے چلی ہے ساری اولاد ِ رسول
پارسا ہوں، میں ہوں بے شک متقّی ،پرہیزگار
بولی خاموشی ، نہیں میرے خصائل کا شمار
سب سے بڑھ کے پیار مجھ سے کرتے ہیں پیارے رسول
چاہتے ہیں آپ سے بڑھ کر مجھے بی بی بتول
کیسے یہ ممکن ہے ؟ سن کے بولیں بی بی فاطمہ
آءو چل کر ، دونوں کروالیں ، نبی سے فیصلہ
کون سچا ہے ؟ بتادیں آپ ہی ہم کو حضور
بحث کے اندھیارے چھٹ جائیں گے، پھیلادیجے نور
آپ کس کو چاہتے ہیں ، اتنا فرمادیجئے
مجھ کو یا مولا علی کو ؟ یہ تو بتلا دیجئے
فاطمہ نے یہ رسول ِ پاک سے پوچھا سوال
تھے نبی ء پاک بے شک خوش مزاج و خوش خصال
تھے جہاں حکمت کا بے شک صاحب ِ اُم الکتاب
اس لئےجی اُٹھےہیں یہ دونوں ہی سُن کرجواب
فاطمہ ہے میرادل ، بے شک علی ہے میری جان
قابل ِ تحسین ہے شاہ ِ دو عالم کا بیان
فاطمہ محبوب تر ہیں ،ہے علی سب سے عزیز
اِتنا فر ماکر ہدایت مولا نے دی ہے یہ نیز
فاطمہ ، تم چوم لو بڑھ کر علی کا پاک سر
حکم لے آئیں بجا یک لخت بی بی دیدہ ور
اور پھر دست ِ رسالت کو بھی چوما آپ نے
خیر مقدم مسکرا ہی کیا ہے باپ نے
حدیث ِ مفاخرہ : مولا علی اور بی بی فاطمۃ الزھرا : میں مکالمہ
منظوم ترجمہ: سید عارف معین بلے