نوے سالہ جین کالمونٹ کو پیسوں کی ضرورت تھی۔ انہوں نے 1965 میں ایک وکیل کے ساتھ ڈیل کی۔ آندرے رافرے نے ہر مہینے انہیں اڑھائی ہزار فرانک ادا کرنے تھے۔ اس کے بدلے جین کے انتقال کے بعد ان کا گھر آندرے کو مل جاتا۔ 47 سالہ وکیل نے حساب لگایا کہ جین پہلے ہی اوسط عمر سے دس سال زیادہ زندگی گزار چکی تھیں۔ ان کی نظر میں یہ ایک اچھی ڈیل تھی۔ آندرے کو امید تھی کہ وہ جلد اپنا گھر خریدنے کا خواب پورا کر سکیں گے۔
دس سال تک آندرے انتظار کرتے رہے۔ جین صحت مند تھیں۔ آندرے نے اپنا گھر خرید لیا مگر معاہدے کے مطابق ادائیگی کرتے رہے۔ دس سال مزید گزر گئے۔ گھر ابھی 110 سالہ جین کے زیرِ استعمال تھا۔ آندرے کی عمر 67 برس ہو چکی تھی۔ اب تک گھر کی قیمت سے زیادہ ادائیگی کی جا چکی تھی۔ وقت گزرتا رہا۔
دس برس مزید گزر گئے۔ انتظار ختم ہوا۔ 1995 میں 77 سالہ آندرے چل بسے۔ جین کالمونٹ کا انتقال 4 اگست 1997 کو ہوا۔
انتقال کے وقت جین کی عمر 122 برس اور 164 دن تھی۔ تاریخ میں اتنی لمبی عمر پانے والا ابھی تک کوئی دوسرا انسان نہیں جس کی عمر کی کو ویریفائی کیا جا سکے۔ اس وقت زندہ افراد میں سب سے معمر جاپان کی کین تاناکا ہیں جن کی عمر 116 برس ہے۔
یہاں پر متوقع عمر کے حوالے سے ایک سوال۔ کسی ملک میں اوسط متوقع عمر 70 سال ہے۔ اس ملک میں ایک شخص 30 برس کا ہے۔ اوسط کے مطابق اس کی مزید کتنی عمر متوقع ہے؟ 40 برس؟ 40 برس سے کم؟ 40 برس سے زیادہ؟