میں کون ہوں اے ہم نفسو۔۔ قسط 9
میں سمجھتا ہوں زندگی کو سمجھنے کا سلیقہ اور شعور اسی دور کی عطا ہے جب میں ایڈورڈز کالج میں تھا۔ مجھے وہاں احساس ہوا کہ میں جو دیکھتا یا سنتا ہوں اس کا مطلب بھی سمجھ سکتا ہوں۔ وہ بھی جو افشا نہیں۔ میرا مشاہدہ سطحی نہیں رہا۔ اس کی بنیادی وجہ تو سن بلوغت کا انداز نظر تھا لیکن ایک زہنی ازادی سے ملنے والی قوت بھی تھی۔ میں اپنی دلچسپی کے علوم معاشیات اور نفسیات پڑھ رہا تھا جوعلم میں اضافہ کرتے تھے ریاضی اور فزکس کے فارمولے نہیں جو میرے سر سے گزر جاتے تھے ۔ دو سال میں مجھے بزم ادب کا سیکرٹری اور پھر سدر منتخب کرلیا گیا اور میں نے کالج کے اسٹیج سے کےؑ کامیاب پروگرام کےؑ۔میں ڈیبیٹنگ سوسایٹیؑ کے لیڈر کی حیثیت سے مردان نوشہرہ اور ایبٹ آباد گیا اور کالج کیلےؑ ٹرافی لایا لیکن ادب کے تخلیقی سفر کو واضح سمت ریڈیو پکستان پشاور سے ملی جہاں طلبا کی بزم ادب کےپروگرام میں ایک فکاہیہ 'اتوار سے پہلے اتوار کے بعد" پڑھا تو سب سے پہلے احمد فراز نے اس کی تعریف کی۔ وہ وہاں پروڈیوسر تھے اور ان کا مجموعہ " تنہا تنہا" شایع ہوکے قبولیت عامہ کی سند حاصل کر چکا تھا۔ یہ فکاہیہ نشر مکرر کے طور پر ریڈیو پاکستان راولپندی سے نشر ہوا
اس کے بعد دو تین مہینے تک میرے افسانے نشر ہوےؑ معاوضہ صرف دس روپے ہوتا تھا۔ پھر ایک انٹر کالج ڈراما فیسٹول ہوا جس میں صوبہ سرحد کے سب کالج شریک تھے اور کل ملا کے 52 ڈرامے موصول ہوےؑ تھے۔ میں نے ایک تو سنجیدہ ڈرامہ"زود پشیماں" اپنے اصل اقبال احمد خان کے نام سے بھیجا ۔ اس وقت میں تھرڈ ایر میں تھا۔ دوسری انٹری مین نے اپنے چھوٹے بھایؑ انوار احمد خاں کے نام سے دی۔یہ ایک کامیڈی پلے تھا "سحر ہونے تک"۔ اسکرپٹ سیکشن میں احمد فراز کے ساتھ غالبا" رعنا شیروانی تھی وہ بھی پروڈیوسر تھیں اور بعد میں پی ٹی وی کی چییؑر مین ہوییؑں ۔( اس زمانے میں وہ تنہا تنہا کو سینے سے لگاےؑ پھرتی تھیں) تیسرے کا نام اب مجھے یاد نہیں۔ ڈراما اسکرپت کی تین کاپیاں دینا لازمی تھا۔ میں اور بھایؑ رات رات بھرزمین پر بیٹھ کے زرد رنگ کی کاپی کرنے والی پنسل سے کاربن کی دو کاپیں رکھ کے نقلیں بناتے رہے۔ شاید کچھ لوگوں کو یاد ہو کہ جب فوتو کاپی مشین جیسی سہولت عام نہ تھی تو نقل ایسے ہی بنتی تھی۔ اس پنسل کا سکہ زبان پر لگایا جاےؑ تو رنگ نیلا ہوجاتا تھا لکھتے لکھتےانگلیاں ٹیڑھی ہو گییںؑ
جب یہ ڈرامے جمع کراےؑ گےؑ تو پورا پلندہ تھا۔ خدا کی قدرت کی 56 مین سے یہی دو ڈرامےانعام کے مستحق قرار دےؑ گے۔مگر اسے انتظامیہ کی بد نیتی کے سوا کیا کہا جاےؑ کہ پہلا انعام کسی کو نہیں دیا گیا۔ مجھے دوسرا اور تیسرا انعام ملا۔ رقم تھی 100اور 50 روپے۔۔ ہونا تو یہ چاہےؑ تھا کہ کسی کو 25 روپے کا تیسرا انعام بھی دے دیا جاتا۔۔ مقابلہ تو انہی 56 ڈراموں میں تھا
اعلان کے بعد مجھے اور بھایؑ کو تقریب انعامات میں شرکت کیلےؑ بلایا گیا۔ بھایؑ کو ڈرامے کا کچھ پتا نہیں تھا۔ اسے سمجھایا کہ کیا سوال ہو تو کیا جواب دے۔قاضی سرور پشاور ریڈیو کے ریجنل ڈایؑریکٹر تھے اور مجھے جانتے تھے۔ بار بار شک کا اظہار کرتے رہے " ایک مکمل کامیڈی ایک مکمل ٹریجیڈی۔۔ کمال ہے ۔۔جو فرسٹ ایرمیں ہے اس نے پہلے کبھی کچھ نہیں لکھا" ہم اپنے موقف پر ڈٹے رہے تاہم احمد فراز کو میں نے سچ بتا دیا۔اس کے بعد میں نے متعدد ڈرامے لکھے۔ایک ڈرامے کی ریہرسل سے پہلے قاضی ساحب باربار فرماتے رہے "اس کو یوں کر دیتے تو بہتر تھا"۔ جب میرا حوصلہ جواب دے گیا تو میں نے بس ایک جواب دیا کہ" اتنی ترمیم کرتا تو ڈراما یہ نہ ہوتا۔ وہ میں اب لکھ دوں گا"۔ لوگ ہنسے تو ان کی بے عزتی ہو گیؑ۔ بعد میں احمد فراز نے مجھے ڈانٹا کہ ایسے تم ریڈیو میں نہیں چل سکتے۔۔ ڈپلومیسی سیکھو۔۔ انہوں نے معاملہ رفع دفع کرادیا ورنہ مجھ پر ریڈیو کے دروازے بند ہوجاتے۔۔میرے پاس اب تک سارے کنٹریکٹ رکھے ہیں لیکن ان کا کاغز زرد براون ہوگیا ہے اورہاتھ لگانے سےٹوٹ جاتا ہے کوشش کروں گا کہ ایک کی فوتو اپ کو دکھا سکوں
ریڈیو کی اپنی ایک دنیا ہے۔۔اک جہاں سب سے الگ۔۔ مرحوم ذوالفقار علی بخاری نے اپنی کتاب"سرگزشت" میں ریڈیو کی تاریخ ابتدا سے قیام پاکستان کے بعد تک بڑے دلچسپ انداز میں لکھی ہے۔ اس سے میرا پہلا رابطہ تب ہوا جب میں میٹرک میں پڑھتا تھا چنانچہ یہاں مجھے وقت میں 4 سال پیچھے جانا پڑے گا۔ میری آواز اچھی تھی، شوق پیدا ہوا کہ ریڈیو سے گانا چاہےؑ۔اس کے لےؑ آڈیشن ٹسٹ دیا۔ عظیم سرور کمپوزر تھے۔ ایک دھن دی جو گاکے سنایؑ تو پاس ہوگیا"شوقیہ" گانے والوں کے پروگرام میں ایک گانے کیلےؑ بلایا گیا تو خاندان اور پاس پڑوس میں سنسنی پھیل گیؑ کہ میں "سنگر" بن گیا ہوں اس سے پہلے میری گلوکاری محلے کی مسجد میں عید میلادالنبی پر نعت خوانی تک محدود تھی ۔ہمارے اپنے گھر مین ریڈیو کیا بجلی تک نہ تھی لیکن تین میل دورڈھیری حسن آباد میں میرے بچپن کے دوست کے گھر میں تھا۔ عین اس وقت جب میرا گانا شروع ہونے والا تھا ان کی لایؑٹ چلی گیؑ۔۔ سارا خاندان اٹھ کے دوسرے گھر تک دوڑا اور گانا سنا گیا۔بڑی واہ واہ ہویؑ۔ ابھی دس سال پہلے میرے اس دوست ظارق رفیع نے جومیرا ہم عمرہے بریگیڈیر اور ڈی جی اے ایس ایف ریٹایؑر ہوا یہ سوال کر لیا کہ وہ کیا گانا تھا؟ میرے فرشتوں کو یاد نہ تھا۔ اس نے بتایا کہ بول تھے" سندر سا سپنا دیکھا تھا" تو میں دم بخود رہ گیا، یہ جگ موہن کا گایا ہوا ریکارڈ تھا۔ پنڈی ریڈیو پر بھی ایک تاریخ ساز واقعہ پیش آیا تھا۔۔ جس دن میں نے گایا اسی دن ثریا ملتانیکر کا گانا میرے بعد نشر ہوا۔۔ ظاہر ہے آج اس کا نام پاکستان کی شان ہے اور اس کی پروفیسر بیٹی شوقیہ گاتی ہے۔ ثریا ملتانیکر کو شوق بہت آگے لے گیا ۔میں کبھی سنگر نہیں بن سکتا یہ اس وقت بھی مجھے معلوم تھا۔ گانے کے دس روپے ملتے تھے اور ایک دن پہلے ریہرسل کیلۓ تین میل ساییکل چلا کے جانا پڑتا تھا۔
پنڈی ریڈیو سے میرا تعلق مختلف اور مختصر تھااور یقینا" وہ بچپن کا دور تھا۔۔ پشاور ریڈیو اسٹیشن پر دوسال رہ کے میں نے بھی اندر سے وہ دیکھا جو باہر سے نظر نہیں اتا۔ ٹی وی آیا تو ریڈیو کا بس نام رہ گیا ہے ورنہ اس کی اہمیت اج کے ٹی وی سے کہیں زیادہ تھی۔ پنڈی سے پوٹو ہاری کی سب سے مقبول سنگر انیقہ بانو تھیں تو پشاور سے بادشاہ زریں جان تھیں۔ ایک بار میں گیٹ سے اندر گیا توباہر کے ہال میں بہت سے شلوار پگڑی اور مونچھوں والے خطرناک محافظ تھری ناٹ تھری کی رایفلوں کے ساتھ بیٹھے دکھای دےؑ۔مجھے کچھ سمجھ نہ آیا۔ کسی فوجی انقلاب یا ڈکیتی کا فیشن شروع بھی نہ ہوا تھا۔ اندر جا کے پوچھا تو پتا چلا کہ بادشاہ زرین جان گانے ایؑ ہیں۔پہلے سنا کہ وہ کسی قبیلے کے سردار کی بیوی تھی بعد میں پتا چلا کہ اس کی تو شادی ہی نہیں ہویؑ۔۔۔ اس کی بہن کسی تھانیدار کی بیوی تھی۔ ۔ اس کے تانگے پر پردے کیلےؑ کپڑا باندھا جاتا تھا اور آگے پیچھےمسلح محافط یا باڈی گارڈ چلتے تھے لیکن وہ اس ہال کے دروازے تک ہی باڈی کو گارڈ کر سکتے تھے۔ یہ بھی خصوسی اجازت تھی ورنہ عمارت کے بیرونی گیٹ پر ہی اسلحہ رکھوا لیا جاتا تھا۔ اندر کے قصے اندر ہی رہتے تھے جو میں نے بھی سنے ۔ کیؑ بار دیکھا کہ کسی استوڈیو کے دروازے اندر سے بند ہیں۔ پوچھا تو ایک معنی خیز مسکراہٹ کے ساتھ جواب ملا کہ بادشاہ زرین جان کی "ریکارڈنگ" ہورہی ہے۔ عمر میری بھی 20 سال تھی جب ہر مونث حسین لگتی تھی اور دن میں پنج وقتہ عشق بھی ہو جاتا تھا لیکن بادشاہ زرین جان جو زرق برق لباس اورشوخ میک اپ کے بغیربھی دلکش تھی مجھ سے شاید پانچ سال بڑی تو تھی اور ہر ایرے غیرے کو نظر اٹھا کے دیکھنا بھی اس کی شان محبوبی کے خلاف تھا لیکن ایک دن اتفاق سے وہ مجھے احمد فراز کے کمرے میں اکیلی بیٹھی نظر آگیؑ اور میں ہمت کر کے ساتھ جا بیٹھا۔ جب چاےؑ تو اس نے مجھے بھی بنا کے دی اور مجھ سے پوچھا کہ میں کیا کرتا ہوں۔ میرے بتانے پر کہ ڈرامے لکھتا ہوں وہ کچھ حیران یا متاثر ہویؑ اور اس نے مجھ سے ملانے کیلےؑ ہاتھ بڑھادیا "بڑی خوشی ہویؑ تم سے مل کر" وہ مسکرا کے بولی مگر میرے تو ہاتھوں کے طوطے اڑ گےؑ کیونکہ ان ہاتھوں میں ایک نرم گرم و ملایم کبوتر سا آگیا تھا۔ بس اسی وقت احمد فراز اگیا۔ اس نے یہ سین دیکھا تو مسکرایا اور شرارت سے بولا"سوری۔۔میں نے ڈسٹرب تو نہیں کیا؟'۔ ۔۔ اس سے یہ پہلا رابطہ تھا ۔بعد میں وہ جب نظر آیؑ خلاف روایت اس نے ہمیشہ مسکرا کے ہاتھ ملایا اور پوچھا" کیسے ہیں راییؑٹر صاحب ؟" ایک بار مذاق میں کہا "کبھ ہم پر ایک ڈراما بنادو" ۔دو چار مرتبہ اس کے ساتھ ریکارڈنگ روم میں رک کر اس کو سنا جہان کمپوزر پروڈیوسر سازندے سب اس کو ندیدے پن سے دیکھتے تھے اور کیؑ بار اس کے ساتھ چاےؑ بھی پی لیکن ایک غایؑبانہ قسم کے عشق کے سوا یہ ڈراموں کے رومانی مکالمے لکھنے والا کچھ کہہ بھی نہ سکا تو کرتا کیا ۔اس بزدلی نہ مجھے عمر بھر خود سے بھی شرمندہ ہی رکھا شاید ابھی دو سال قبل ہی بادشاہ زرین جان کا انتقال ہوا ہے۔ وہ جوان اور خوبصورت تھی۔ معلوم نہیں اس کی شادی نہ ہونے کے اسباب کیا تھے0
حق مغفرت کرے۔۔ صدر میں کتابوں کی ایک چھوٹی سی دکان " دارالادب" کا خوش ذوق خوش مزاج اور خوش شکل نوجوان مالک ارشاد میرا دوست بن گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ دوستی پروان چڑھی۔ ایک جوشیلا نوجوان ماجد اس تکون کا حصہ بنا۔ چوتھا مجھ سے صرف ڈھایؑ سال چھوتا مگر قد میں بڑا بھایؑ تھا جو زندگی بھر میرا بہترین دوست بھی رہا ہے۔ ہم سب ارباب روڈ پرکیپیٹل سینیما کے عین سامنے واقع "کیفے علیگ" کی مہکتی چاےؑ سے زیادہ اس کی انتہایؑ معیاری کنفکشنری کا لطف اٹھانے ایک ساتھ جاتے تھے اور وہاں بطور خاص "لیمن ٹارٹ" پیسٹری منگواتے تھے ۔ اب اس جگہ کا نام بھی کون جانتا ہے۔ دوسری پسندیدہ جگہ چوک یادگار کا ایک گمنام سا ہوٹل تھا جہاں ہم پیالہ بھر شوربے والی بکرے کی سری میں روٹی کےٹکڑے بھگو کرمرحوم کیلےؑ دعاےؑ مغفرت کرتے تھے۔۔ چوک یادگار پر یہ زردرنگ کی سالم سریاں ڈھیر کی صورت میں سڑک پر رکھ کے بیچنے والے بھی عام تھے جہان عوام نیم دایؑرے میں بیٹھتے جاتے تھے۔ سری فروش کھلی آنکھوں اور دانتوں میں دبی زبان والی سری کے ایک بہت بڑی تیغ ابدار جیسی چھری سے چار حصے کرتا تھا اور مگ بھر شوربے کے ساتھ پیالے میں ڈال کے ایک روٹی کے ساتھ سامنے رکھ دیتا تھا۔ مجھے ہمیشہ وہ شعر یاد آیا
افسوس کہ دنیا سے سفر کر گیا بکرا
انکھیں تو کھلی رہ گییؑں پر مر گیا بکرا
ایسے ہی نمک منڈی میں کبابوں کی ایک دکان تھی۔نیچے کباب بنتے تھے۔ لکڑی کا زینہ چڑھ کے ہم اوپر جاتے تھے تو ایک ہال سا تھا جس میں خشک گھاس بچھی ہویؑ تھی اور لوگ دیوار کے ساتھ ٹیک لگا کے بیٹھتے جاتے تھے۔ جب کباب سامنے آتے تھے تو ایک سیاہ رنگ کی کڑھایؑ میں پگھلی ہویؑ گرم چربی کا شوربہ ہوتا تھا جس میں تلے گےؑ سیخ کباب ڈوبے ہوتے تھے۔ ہم گرما گرم روٹی اس میں ڈبو ڈبو کر کھاتے تھے مگر ؔ یہ قصہ ہے جب کا کہ آتش جواں تھا ۔ آج کتنے لوگ یہ ہمت کرسکتے ہیں کہ اس خالص کولسٹرول کو اتنی رغبت سے کھالیں؟ کوسٹرول کےبارے میں جو میڈیکل انفارمیشن عام ہویؑ ہے اس کے بعد نامکمل معلومات کے ساتھ عام آدمی کولسٹرول کی دھشت میں مبتلا ہے اور زندگی میں خدا کی عطا کردہ بہت سی نعمتوں کو از خود اپنے آپ پر حرام کرنا ایک فیشن ہو گیا ۔اب وہ دکان بھی نہیں اور وہ سوغات بھی کہیں نہیں ملتی۔ایک اور خاص جگہ لینسڈاون سینیما کے سامنے ملنے والے پنیر کے پکوڑے تھے۔ ہم چہار درویش تھے جو پشاور میں سرگرداں نظر آتے تھے اور اپنے دوستانہ رویے سے ان مخصوص مقامات پرویلکم کےؑ جاتے تھے
یہ تحریر فیس بُک کے اس پیج سے لی گئی ہے۔