لاہور میں موجود میکلوڈ روڈ پر لکشمی چوک کے پاس علامہ محمد اقبال کی ایک رہائش گاہ۔ لاہور میں سب سے زیادہ اقبال کا قیام اسی گھر میں ہوا۔ آپ یہاں ۱۹۲۲ سے ۱۹۳۵ تک مقیم رہے۔ یہ گھر ایک ہندو بیوہ کی ملکیت تھا جس میں علامہ اقبال بحیثیت کرایہ دار سکونت پذیر تھے۔ دوستوں نے اکثر مشورہ دیا کہ یہ بوسیدہ گھر چھوڑ کر کہیں اور رہائش اختیار کریں لیکن علامہ اس گھر میں رہنے پر بضد تھے اور جواب میں کہا کرتے تھے کہ یہ گھر ایک ہندو بیوہ کی ملکیت ہے اور اس کا میرے کرایہ کے علاوہ کوئی اور معاشی انتظام نہیں ہے اور جتنا کرایہ میں ادا کرتا ہوں اتنا اُسے کسی اور نے ادا نہیں کرنا اور مجھے اُس کے بچوں کی فکر ہے اس لیے میں فی الحال یہ گھر نہیں چھوڑنا چاہتا۔
بعد ازاں سردار بیگم نے اپنی جمع پونجی سے جاوید منزل کی زمین خریدی اور گھر کی تعمیر کے بعد ۲۰ مئی ۱۹۳۵ کو یہ خانوادہ جاوید منزل چلا گیا۔ اب یہ گھر اقبال اکادمی پاکستان کا سیلز آفس ہے۔