"رحمان" کا تعلق مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) سے تھا۔ وہ اُس زمانے کے مشہور فلمی اداکار تھے۔ 60 کی دہائی میں جب آپ اداکار و ہدایتکار کی حیثیت سے شہرت اور کامیابیوں کی بلندیوں پر فائز تھے تو فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک ایسے حادثے سے دوچار ہوئے جس کی وجہ سے آپ کو اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہونا پڑا تھا۔ یہ حادثہ فلم ’’پریت نہ جانے ریت‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا تھا۔
رحمٰن کی زندگی کا یہ ایک دردناک لمحہ تھا، اس حادثے کے فوراً بعد انہوں نے لندن جا کر مصنوعی ٹانگ لگوائی اور پھر سے فلموں میں کام کا آغاز کر دیا۔
فلمی دنیا میں"رحمان" کی شناخت صرف پاکستانی اداکار ہی کے طور پر نہیں تھی بلکہ وہ بیک وقت پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں ملکوں کے اداکار تھے۔
رحمٰن کا پورا نام عبدالرحمان تھا۔ آپ 27 فروری 1937 کو مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) میں پنچ گڑھ کے گاؤں روزیا میں پیدا ہوئے۔ آپ نے بنگالی اور اردو دونوں زبانوں کی فلموں میں کام کر کے فلمی صنعت میں اپنی ایک منفرد شناخت بنائی۔ اپنے فلمی کیریئر کے دوران رحمٰن نے مجموعی طور پر 25 فلموں میں کام کیا۔
رحمٰن نے سب سے پہلے ہدایتکار احتشام کی بنگالی فلم ’’ایہہ دیش تمارامر‘‘ میں ولن کا کردار ادا کیا تھا۔ یہ فلم 1959 میں نمائش کے لیے پیش ہوئی۔ اس کے بعد وہ کئی بنگالی اور اردو فلموں میں ہیرو کے طور پر جلوہ گر ہوئے۔
فلمی دنیا میں اداکارہ شبنم کے ساتھ رحمٰن کی جوڑی بہت پسند کی گئی۔ انہوں نے 1958 سے لے کر 1970 کے آخر تک کراچی، ڈھاکہ اور لاہور کی فلموں میں کام کیا اور کچھ فلموں کی ہدایت کاری بھی کی۔
تقسیمِ پاکستان 1971 کے بعد رحمٰن نے طویل عرصے تک یہیں پر قیام کیا اور پھر نوے کی دہائی میں آپ بنگلہ دیش چلے گئے جہاں پر انہوں نے بنگالی فلموں میں کام کرنا شروع کر دیا۔
18جولائی 2005 کو رحمٰن کا طویل علالت کے بعد ڈھاکہ میں انتقال ہوا۔
اس تحریر میں شامل تصویر ستمبر 1963 کے روزنامہ جنگ کراچی سے لی گئی ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب رحمٰن حادثے کے بعد علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو رہے تھے۔
"